خلع

عدالتی خلع کے ذریعے لڑکی کا نکاح کے بندھن سے نکلنے حکم

فتوی نمبر :
71415
| تاریخ :
2024-03-02
معاملات / احکام طلاق / خلع

عدالتی خلع کے ذریعے لڑکی کا نکاح کے بندھن سے نکلنے حکم

السلام علیکم !
کیا فرماتے ہیں علماءِ کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ فروری 2023 میں ایک نکاح ہوتا ہے ، جس میں لڑکی اور لڑکا پاکستانی ہے ، لیکن لڑکی امریکہ میں مستقل مقیم ہے اور نکاح کے بعد اپنے والدین کے ساتھ واپس امریکہ چلی جاتی ہے ( رخصتی نہیں ہوتی ) 8-10 ماہ تک کے عرصے میں جوڑے کی فون پر بات چیت ہوتی رہتی ہے ، اسی دوران مختلف مواقع پر ان دونوں میں اکثر بحث و مباحثہ ہوجاتا ہے پھر لڑکے کے معافی مانگنے پر صلح بھی ہوجاتی ہے اور یہ معمول بن جاتا ہے کہ لڑکا بحث شروع کرتا ہے اور پھر معافی مانگ لیتا ہے ، قصّہ مختصر کہ لڑکی ان معاملات سے تنگ ہوکر ایک سال کے اندر ہی طلاق کا مطالبہ کرتی ہے دونوں خاندانوں میں تکرار شروع ہوجاتی ہے ، اول تو لڑکا طلاق دینے پر راضی نہیں ہوتا لیکن پھر بمشکل ان شرائط پر راضی ہوتا ہے،
1-لڑکی لکھ کر طلاق کا مطالبہ کرے اور اپنے اس مطالبے پر شرمندہ ہو اور لکھ کر افسوس کا اظہار بھی کرے
2-اس لکھے ہوئے طلاق نامے پر لڑکی اور لڑکی کے والدین کے دستخط کے ساتھ امریکہ میں رہائش پذیر دو گواہان کے دستخط اور ان سب کے پاسپورٹ نمبر اور رہائشی پتہ بھی لکھے ( واضح رہے کہ نکاح کے وقت گواہان پاکستانی تھے جبکہ لڑکے والوں کو امریکی گواہان کے دستخط اور پاسپورٹ نمبر بھی درکار ہیں )۔
3-اس لکھے ہوئے مطالبے کو نوٹری پبلک سے اٹیچ کرواکر بذریعہ کورئیر سروس لڑکے کے رہائشی پتے پر بھیجے، اب صورتحال یہ ہے کہ لڑکی والے ان تینوں شرائط کو ماننے سے انکاری ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ یہ شرائط نہ ماننا ان کی مجبوری ہے ، ان کا کہنا ہے کہ ہم طلاق کا مطالبہ لکھ کر دے دیں گے اور لڑکی اور اس کے والدین کے دستخط بھی کروادیں گے اور وہ گواہان جو نکاح میں موجود تھے ان کے دستخط بھی کروادیں گے، لیکن پاسپورٹ نمبر کسی کو نہیں دے سکتے اور نوٹری پبلک سے بھی اٹیچ نہیں کرواسکتے بلکہ اس مطالبے کو بذریعہ واٹس ایپ ( پی ڈی ایف) فائل بناکر پاکستان بھیج دیں گے ، واضح رہے کہ لڑکی والے تو ویسے امریکہ میں رہائش پذیر ہیں لیکن دیندار لوگ ہیں اور کسی بھی غیر شرعی عمل کے حق میں نہیں ہیں ، لیکن ان کا کہنا ہے کہ لڑکا ہر وقت ذہنی ٹارچر کرتا ہے ، جس کے نتیجے میں لڑکی ذہنی دباؤ کا شکار رہتی ہے ، لہٰذا لڑکی اور اس کے والدین کا مشترکہ فیصلہ ہے کہ اس رشتے کو ختم کردیا جائے ، اب سوال یہ ہے کہ اس صورت میں لڑکی بذریعہ کورٹ خلع لے سکتی ہے ؟ کیا خلع کی صورت میں حق مہر لڑکی واپس کرے گی ؟ کیا قانونی خلع کے بعد لڑکی دوسرا نکاح کرنے کے لئے آزاد ہے ؟ خلع کے معاملے میں معاونت کرنے والوں کے لئے شریعت میں کیا حکم ہے ؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ میاں بیوی کے درمیان ہونے والی معمولی ناچاقیوں اور پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کی بنا پر ان کے درمیان رشتۂ ازدواج کو ختم کرنا تو درست نہیں ، بلکہ خاندان کے معززین کو چاہیئے کہ لڑکا و لڑکی کی غلط فہمیوں کو دور کرتے ہوئے انہیں سمجھا کر ان کا گھر بسانے کی پوری کوشش کریں ، تاہم اگر اس کے باوجود اس رشتے کو برقرار رکھنا ممکن نہ ہو اور لڑکی کے والدین بھی اس نتیجہ پر پہنچ چکے ہوں کہ اب اس رشتہ کو ختم کرنا ہی مناسب ہے ، تو ایسی صورت میں کوئی بھی مناسب طریقہ کار اختیار کرکے اور دونوں طرف کے معزز لوگوں کو شامل کرکے لڑکے سے باقاعدہ خلع یا طلاق لے کر اس معاملہ کو حل کرنا چاہیئے اور حق مہر کے بدلے خلع دینے کی صورت میں لڑکی حق مہر کی حقدار نہ ہوگی ، البتہ شوہر کی رضامندی کے بغیر عدالتی یکطرفہ خلع لینا درست نہیں اور نہ ہی اس یکطرفہ عدالتی خلع سے شرعاً میاں و بیوی کا نکاح ختم ہوتا ہے ، بلکہ بدستور برقرار رہتا ہے ، نیز اس کی بنیاد پر لڑکی کا دوسری جگہ نکاح کرنا بھی درست نہ ہوگا ، جبکہ طلاق و خلع کے لئے لڑکے کی ذکر کردہ شرائط کو پورا کرنے کی صورت میں لڑکی کے خاندان والوں کو کسی قسم کی مالی یا قانونی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑتا ہو تو انہیں ان شرائط کو پورا کرتے ہوئے لڑکی کو اس نکاح کے بندھن سے باضابطہ الگ کرنے کی کوشش کرنی چاہیئے ، بصورتِ دیگر اگر انہیں ان شرائط کو پورا کرنے میں مالی و قانونی مشکلات کا سامنا ہو ، اور لڑکا جان بوجھ کر ایسی شرائط لگاتا ہو ، جسے لڑکی والوں کے لئے پورا کرنا ممکن نہ ہو ، اور اس سے مقصود اس کا لڑکی سے انتقام لیتے ہوئے ، محض اسے لٹکانا ہو ، تو لڑکے کا یہ مذکور طرزِ عمل بھی درست نہیں ، جس کی وجہ سے وہ گنہگار بھی ہورہا ہے ، لہٰذا اسے اپنے اس نامناسب طرزِ عمل سے اجتناب کرتے ہوئے لڑکی کو اپنے نکاح کے بندھن میں رکھ کر یوں لٹکائے رکھنے کے بجائے آزاد کرنا چاہیئے تاکہ وہ مستقبل کا فیصلہ کرسکے اور کڑکا بھی اخروی مواخذہ سے سبکدوش ہوسکے ۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی سنن ابی داود ؛ عن ابن عمر ، عن النبي صلى الله عليه و سلم قال : أبغض الحلال إلى الله تعالى الطلاق اھ۔ ( کتاب الطلاق ، باب فی کراھیۃ الطلاق ، ج۲ ، ص۲۵۵ ، ط۔ المکتبۃ العصریۃ )۔
و فی رد المحتار: تحت ( قولہ و شرطہ کالطلاق ) و ھو اھلیۃ الزوج و کون المرأۃ محلا للطلاق منجزا او معلقا علی ملک ، و أما رکنہ فھو کما فی البدائع إذا کان بعوض الإیجاب و القبول لأنہ عقد علی الطلاق بعوض فلا تقع الفرقۃ و لا یستحق العوض بدون القبول الخ۔ ( کتاب الطلاق ، باب الخلع ، ج۔۳ ص۔۴۴۱ ، ط۔ ایم سعید )۔
و فی المبسوط للسرخسی : ( قال ): و الخلع جائز عند السلطان و غيره؛ لأنه عقد يعتمد التراضي كسائر العقود ، و هو بمنزلة الطلاق بعوض، و للزوج ولاية إيقاع الطلاق ، و لها ولاية التزام العوض ،الخ۔( کتاب الطلاق ، باب الخلع ، ج۔۶ ، ص۔۱۷۳ ، ط۔ ادارۃ القرآن )۔
و فی البحر الرائق : الخلع معاوضۃ فلا یتم برکن واحد الخ۔( ج۔۴ ، ص۔۷۲ ط۔ ماجدیہ )۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد صدیق سردار عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 71415کی تصدیق کریں
0     659
Related Fatawa متعلقه فتاوی
  • خلع لینے کا شرعی طریقہ کار

    یونیکوڈ   اسکین   خلع 3
  • خلع کے بدلے پوراحق مہرمعاف ہوگا یا آدھا؟

    یونیکوڈ   اسکین   انگلش   خلع 2
  • کورٹ کی یکطرفہ خلع کی ڈگری کے بعد میاں بیوی کا ساتھ رہنے کے لئے رجوع کرنا

    یونیکوڈ   خلع 0
  • عدالتی یکطرفہ خلع کی بنیاد پر عدت میں بیٹھنا

    یونیکوڈ   خلع 1
  • کورٹ سے تنسیخ نکاح کی ڈگری لینے کے بعد دوبارہ نکاح کرنے کا حکم

    یونیکوڈ   خلع 1
  • کیا شوہر کے مارپیٹ کی وجہ سے بیوی خلع لے سکتی ہے؟

    یونیکوڈ   خلع 0
  • مروجہ یکطرفہ عدالتی خلع کی شرعی حیثیت

    یونیکوڈ   خلع 0
  • عدالتی یکطرفہ خلع کا حکم

    یونیکوڈ   خلع 0
  • عدالتی یکطرفہ خلع کی ڈگری کا حکم

    یونیکوڈ   خلع 0
  • کیا خلع کے بعد عورت اپنے زیور اور حق مہر کا مطالبہ کرسکتی ہے؟

    یونیکوڈ   خلع 0
  • عدالتی یکطرفہ خلع کی ڈگری کا حکم

    یونیکوڈ   خلع 0
  • خلع کی صورت میں بیوی سے حق مہر اور دیگر گفٹ کردہ اشیاء واپس لینے کا حکم

    یونیکوڈ   خلع 1
  • عدالتی یکطرفہ خلع کی ڈگری کے بعد رجوع کا حکم

    یونیکوڈ   انگلش   خلع 0
  • باہمی رضامندی سے ہونے والے" خلع"کی حیثیت

    یونیکوڈ   خلع 0
  • عدالتی یکطرفہ خلع کی ڈگری کے بعد دوبارہ شوہر کے پاس جانا

    یونیکوڈ   خلع 0
  • عدالتی یکطرفہ خلع کی ڈگری کا حکم

    یونیکوڈ   خلع 0
  • بیوی کا غلط الزامات لگا کر کورٹ سے یکطرفہ خلع کی ڈگری حاصل کرنے کی شرعی حیثیت

    یونیکوڈ   خلع 1
  • اگر شوہر نہ طلاق دے اور نہ گھر بسائے تو یکطرفہ خلع سے نکاح ختم ہوجائے گا ؟

    یونیکوڈ   خلع 0
  • یکطرفہ عدالتی خلع کی ڈگری کا حکم

    یونیکوڈ   خلع 0
  • عدالتی یکطرفہ خلع کی ڈگری کے بعدکیے گئے نکاح کا حکم

    یونیکوڈ   خلع 0
  • حقوق ادا نہ کرنے والے شوہر سے چھٹکارے کا طریقہ

    یونیکوڈ   خلع 0
  • عدالتی خلع کی ڈگری کا حکم

    یونیکوڈ   خلع 1
  • خلع کے متعلق حکم

    یونیکوڈ   خلع 0
  • شوہر کی رضامندی کے بغیر عدالتی خلع حاصل کرنا

    یونیکوڈ   خلع 1
  • عدالتی یکطرفہ خلع کی ڈگری کا حکم

    یونیکوڈ   خلع 0
Related Topics متعلقه موضوعات