کیا فرماتے ہیں علماءِ کرام و مفتیانِ عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ جنوبی ہندوستان کے علاقہ میں آج سے کوئی ساٹھ سال قبل ’’صدیق حسین المعروف بہ 'صدیق دیندار' الملقب بہ ' چن بس ویشور' ‘‘ نامی شخص گذرا ہے، یہ شخص علومِ دینیہ سے کچھ زیادہ واقف نہ تھا، کل معلومات بقولِ خود مرزا بشیر الدین قادیانی کی صحبت اور مرزا غلام احمد کے لٹریچر سے اخذ کردہ ہیں، اس نے اپنے کو ابتداءً ہندو قوم لنگایت کے کسی موعود اوتار کی حیثیت سے، پھر مثیلِ انبیاء یوسفِ ثانی کے نام سے ،پھر بروزِ محمد کے عنوان سے ،اور بلآخر مظہر اللہ، بلکہ 'اللہ بہ لباس دیگر' کے دعوے کے ساتھ متعارف کروایا تھا ، جب جہلاءِ مشرکین و ضعفاءِ مسلمین کا ایک گروہ اس کے ساتھ ہوگیا تو اس نے خاص معتمدین و معتقدین کو مختلف انبیاء کے ظہورِ ثانی کی بشارت دے کر انہیں تبلیغ ِاسلام کے کام پر مامور کیا، انجمن کی بناء ڈالی، جس کا نام ’’دیندار انجمن‘‘ رکھا اور صدر مرکز بمقام محلہ آصف نگر حیدر آباد کا نام ’’خانقا ہ سرورعالم جگت گرو شرم‘‘ قرار دیا، اور دعویٰ کیا کہ اس انجمن میں تین سو اٹھارہ انبیاء بہ شکلِ مبلغین جمع ہیں اور یہ ’’یوم یجمع اللہ الرسل ‘‘کے وعدہ کی تکمیل ہے۔
یہ شخص تو ۱۹۵۲ ء میں آنجہانی ہوگیا، لیکن اس کی تحریک آج بھی قائم ہے ، ہندوستان کے صوبہ جات آندھرا پردیش ، کرناٹک، مہارا شٹرا اور پاکستان کے بلاد کراچی و لاہور میں ان کی انجمنوں اور مبلغوں کی سرگرمیوں کا ہمیں علم ہے اور نہ جانے کہاں کہاں موجود ہیں، چونکہ یہ صوفیانہ وضع قطع اور بزرگانہ شکل و مشابہت میں ہوتے ہیں، اس لیے جہلاءِ مسلمین کوئی فقیر بابا سمجھ کر ان کے دام میں پھنس جاتے ہیں، جب کہ فی الحقیقت یہ قادیانیت سے بدتر عقیدوں کے حامل ہیں ،وہاں دل میں صرف نبوت کی ہوس ہوئی تھی یہاں تو الوہیت کا سودا سمایا ہوا ہے۔
میں نےاس گروہ کے بیس رسائل کا بغور مطالعہ کر کے ان کے کفریات کو جمع کیا ہے جس کا یہ لوگ ابتداءً اظہار نہیں کرتے ہیں، مگر انہوں نے اپنے لیٹریچر میں پورے وثوق سے ان باتوں کو حق تسلیم کیا ہے ، اس استثناء کے ساتھ صرف ان کفریات کی فہرست چودہ مرکزی عنوانات کے تحت پیشِ خدمت کر کے ان خیالات کے مدّعی اور اس کے مصدّقین و متبعین کے بارے میں شرعی حکم معلوم کرنا چاہتا ہوں ، تاکہ امتِ محمدیہ کو اس فتنہ سے خبردار کرنے میں مدد ملے ، امید ہے کہ جواب سے سرفراز فرما کر ممنون فرمائینگے۔
نوٹ: ان لوگوں کی کتابوں سے اخذ کردہ مکمل اقتباسات اور حوالہ جات ہماری ویب سائٹ www.idara.info پرپہنچ کر http://www.mohammedabduiqavi.com پر کلک کر کے ملاحظہ کیے جاسکتے ہیں۔
صورتِ مسئولہ کے ساتھ منسلکہ عقائد و ملفوظات پر مشتمل تحریر میں سے اکثر کفریہ عقائد و نظریات ہیں، اس لیے جو شخص ان عقائد کا حامل ہو بشمول صدیق حسین المعروف صدیق دیندار الملقب بہ چن بسویشور، وہ کافر اور دائرہ اسلام سے خارج ہے اور حقیقتِ حال معلوم ہونے کے بعد جو اُس کو مسلمان سمجھے ان کا بھی یہی حکم ہے۔
مسلمانوں کو چاہیے کہ ان کے عقائد کا سدِّ باب کریں اور سادہ لوح مسلمانوں کو ان کی پیروی سے بچانے کی فکر کریں۔ اور اس قسم کے خبیث العقیدہ لوگوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کریں تاکہ یہ اپنے آپ کو مظلوم بنا کر پیش نہ کریں۔