السلام علیکم! میرا سوال یہ ہے کہ میری کمپنی میں پراویڈنٹ فنڈ کٹتا ہے، پھر کمپنی سب کے پیسے اسٹاک اور روایتی (conventional) بینک میں انویسٹ کرتی ہے، اور سال کے آخر میں انویسٹمنٹ کا انٹرسٹ ہمارے پراویڈنٹ فنڈ بیلنس میں شامل کر دیا جاتا ہے۔ کیا میں ان پیسوں سے حج یا عمرہ کر سکتا ہوں؟
واضح ہو کہ پراویڈنٹ فنڈ کی دو قسمیں ہیں ۔ (۱) جبری (۲) اختیاری
جبری پراویڈنٹ فنڈ میں ملازم کی تنخواہ سے جو رقم ماہ بماہ کاٹی جاتی ہے ، اور اس پر ہر ماہ جو اضافہ محکمہ اپنی طرف سے کرتا ہے، پھر مجموعہ پر جو رقم سالانہ بنام سود جمع کرتا ہے، ان تینوں رقموں کا حکم ایک ہی ہے اور وہ یہ کہ یہ سب رقمیں در حقیقت تنخواہ ہی کا حصہ ہیں، اگر چہ وہ سود یا کسی اور نام سے دی جائیں ،لہذا ملازم کے لیے ان کو لینا اور اپنے استعمال میں لانا جائز اور درست ہے۔
جبکہ پراویڈنٹ فنڈ کی دوسری قسم اختیاری ہے، جس کو ملازم اپنی مرضی اور اختیار سے کٹواتا ہے، اس پر جور قم محکمہ بنام سود دےگا، اس کا لینا اور اپنے استعمال میں لانا جائز نہیں، اس سے اجتناب لازم ہے۔اس دوسری قسم میں چونکہ تشبہ بالربا کے ساتھ سود خوری کا ذریعہ بنا لینے کا خطرہ بھی ہے ، اس لئے اس رقم کو وصول ہی نہ کیا جائے یا وصول کر کے بغیر نیت ثواب کسی مستحق زکوۃ کو صدقہ کر دیا جائے۔
لہذاصورتِ مسؤلہ میں اگر پروویڈنٹ فنڈ لازمی طور پر تنخواہ سے کاٹا جاتا ہے، اور کمپنی اس میں اپنی طرف سے،یا بینک انٹرسٹ سے جو رقم اس میں شامل کرتی ہے، تو یہ رقم درحقیقت ملازم کی تنخواہ ہی کا حصہ شمار ہوتی ہے، اور مذکورہ رقم کو بینک میں رکھ کر اس پر انٹرسٹ حاصل کرنے کا گناہ و وبال کمپنی کے ذمے ہوگا، سائل اس سے بری الذمہ ہے، لہٰذا اس رقم کو لینا، اور اس سے حج یا عمرہ کرنا، یا اپنی دیگر ضروریات میں صرف کرنا جائز ہے۔