السلام وعلیکم ۔
میرے شوہر نے مجھے 2021ء میں پہلی بار تین الفاظ کے ساتھ (میں تمہیں طلاق دیتا ہوں تین بار) اپنی والدہ او بہن کے سامنے دی۔ اس کے بعد ان کے والد مرحوم نے مجھ سے کہا کہ اس طرح طلاق نہیں ہوتی، قرآن کو اور اپنے 4 بیٹوں کو گواہ بنا کر مجھے دوبارہ اسی شوہر کے ساتھ منسلک کر دیا گیا لیکن یہ بات یہاں ختم نہیں ہوئی۔
اس کے بعد ہر مہینے جب بھی جھگڑا ہوتا اور جب کوئی چھوٹی سے چھوٹی بات ہوتی تو مجھے طلاق دیتے، بالکل واضح الفاظ میں۔ یہ سلسلہ آج تک 6 سال سے چلتا آ رہا ہے۔ کبھی فون پر جھگڑا ہو تو وہاں بھی طلاق دیتے ہیں اور لکھ کر بھی دیتے ہیں۔ ہر بار الفاظ ان کے ہوتے ہیں: (میں اللہ کو حاضر جان کر تمہیں طلاق دیتا ہوں)۔ ایسے الفاظ بھی بہت بار استعمال کیے۔ میرے شوہر اور سسرال والے کہتے ہیں کہ اس طرح طلاق نہیں ہوتی لیکن اب میرے دل پر بوجھ ہے اس گناہ کا، میرا ضمیر اس چیز کو لے کر پریشان ہے"وہ مجھے کہتے ہیں کہ مجھ پر جادو ہے، تعویز ہے، جب کہ ایسا کچھ نہیں۔ جب طلاق دی تھی، تو ہوش و حواس میں دی تھی۔ میں آپ سے فتویٰ چاہتی ہوں، مجھے بتائیں کیا واقعی ہی ہماری طلاق ہو چکی ہے کہ نہیں؟
مفتی غیب نہیں جانتا وہ سوال کے مطابق جواب دینے کا پابند ہوتا ہے سوال کے سچ یا جھوٹ پر مبنی ہونے کی ذمہ داری اصل سوال کرنے والے پر عائد ہوتی ہے لہٰذا سائلہ کا بیان اگر واقعۃً درست اور مبنی بر حقیقت ہو اس میں جھوٹ اور غلط بیانی کا سہارا نہ لیا گیا ہو اس طور پر کہ اس کے شوہر نے سنہ 2021ء میں مذکورہ الفاظ ’’میں تمہیں طلاق دیتا ہوں‘‘ تین مرتبہ کہہ دیے ہوں تو اس سے سائلہ پر تین طلاقیں واقع ہو کر حرمت مغلظہ ثابت ہو چکی ہے ۔ جس کے بعد ان دونوں کا بغیر حلالۂ شرعیہ کے ساتھ رہنا جائز نہیں ،اس لئے اب تک سائلہ اور اس کے سابقہ شوہر میاں بیوی کی حیثیت سے ساتھ رہنے کی وجہ سے بھی دونوں گناہ گار ہوئے جس پر تو بہ و استغفار اور ایک دوسرے سے فی الفور علیحدگی اختیار کرنا لازم ہے جبکہ سائلہ عدت گزارنے کے بعد کسی دوسرے شخص سے نکاح کرنے میں بھی آزاد ہے ۔
كما فى القران المجيد:«{فإن طلقها فلا تحل له من بعد حتى تنكح زوجا غيره} [البقرة: 230)
وفی الھندیۃ: وإن كان الطلاق ثلاثا في الحرة وثنتين في الأمة لم تحل له حتى تنكح زوجا غيره نكاحا صحيحا ويدخل بها ثم يطلقها أو يموت عنها كذا في الهداية ولا فرق في ذلك بين كون المطلقة مدخولا بها أو غير مدخول بها كذا في فتح القدير ۔اھ (كتاب الطلاق ،فصل فيما تحل به المطلقة وما يتصل به، ج: ١، ص: ٤٧٣، مط: ماجدية )