مفتی صاحب قرآن وحدیث کی روشنی میں درج ذیل امور کے بارے میں رہنمائی فرمادیجئے (1) بینک کے ذریعہ گاڑی یا مکان خریدنا (2) کسی بینک اسکیم میں انویسٹ ( پیسے لگا کر نفع حاصل کرنا ) جو بینک کی شرعیہ بورڈ کی طرف سے شرعی قرار دیا گیا ہو۔
واضح ہوکہ ہماری معلومات کے مطابق میزان بینک اور بینک اسلامی میں جو سرمایہ کاری کی جاتی ہے وہ مضاربہ ومشارکہ ٹرانزیکشن کی بنیاد پر ہوتی ہے اورگاڑی ، مکان کی خریدداری جیسے معاملات بھی اصول شرعیہ کو مدنظر رکھتے ہوئے شرعی ایڈوئیزر کی نگرانی میں ہوتے ہیں اور جائز وناجائز معاملات کا امتیاز کیا جاتا ہے، اس لئے ان دونوں بینکوں کے ذریعہ سرمایہ کاری کی جازت بھی دی جاتی ہے اور مروجہ دیگر بینکوں یا مالیاتی اداروں کے معاملات سود اور غیر شرعی امور پر مشتمل ہونے کی بناء پر ان کے ذریعہ سرمایہ کاری سے منع کیا جاتا ہے، البتہ اگر ان غیر سودی بینکوں کے کسی خاص معاملہ پر اعتراض ہو تو اس کی وضاحت کر کے اس سے متعلق حکم شرعی بھی معلوم کیا جاسکتا ہے۔