السلام علیکم! میری شادی کو تیرہ سال ہو گئے ہیں اور ماشاء اللہ سے میری چار بیٹیاں ہیں، میرے شوہر پرائیویٹ کمپنی میں جاب کرتے ہیں، ان کی عمر بیالیس سال ہے۔ پچھلے دو تین سالوں سے میں نے نوٹ کیا ہے کہ میرے شوہر غیر عورتوں میں دلچسپی لے رہے ہیں، ایک بار میں نے ان کے موبائل پر واٹس اپ میسیج بھی پکڑے اور انہوں نے مجھ سے وعدہ کیا کہ وہ اب یہ کام نہیں کریں گے، لیکن پچھلے دنوں میں نے ان کے موبائل سے ان کی قابلِ اعتراض تصویریں پکڑیں جو انہوں نے کچھ غیر ملکی خواتین کو بھیجی ہوئیں تھیں، میں سخت پریشان ہوں مجھے بتائیں ایسے بندے کے ساتھ کیا ہونا چاہیے، قرآن اور حدیث کی روشنی میں مجھے کیا ر ہنمائی مل سکتی ہے ؟ جزاک اللہ!
سائلہ کا مذکور بیان اگر واقعۃً درست اور مبنی بر حقیقت ہو تو سائلہ کے شوہر کا مذکور طرز عمل انتہائی نامناسب اور حرام ہے ، جس سے اس کو اللہ کے حضور اپنے کئے پر توبہ واستغفار اور آئندہ کے لئے اس سے مکمل احتراز لازم ہے، اور سائلہ کو چاہیے کہ اس کو سمجھا کر اس عمل سے باز رکھنے کی کوشش کرے اور اس کے لئے دعا بھی کرتی رہے اور زیب و زینت وغیرہ کر کے ان کی جائز خواہش پوری کرنے اور اسے اپنی طرف راغب کرنے کی بھی کوشش کرے، امید ہے کہ اس سے ان شاء اللہ وہ اپنے عمل سے باز آجائے گا۔