میرا کچھ مہینہ پہلے نکاح ہوا ہے ۔ جب میرے نکاح کی بات چل رہی تھی تو میں نے لڑکی والوں کو سب کچھ سچ سچ بتایا، کوئی بات اپنے اور گھر والوں سے ان سے متعلق جھوٹ نہیں بولا ۔ لڑکی والوں نے بھی جو لڑکی اور لڑکی کے گھر والوں کے متعلق بتایا ہم نے اس میں ان کی زبان پر یقین کیا ۔ شادی سے پہلے میر ے گھر والوں نے کافی دفعہ لڑکی کی عمر کا پوچھا ،انہوں نے ہر دفعہ لڑکی کی عمر 28 برس بتائی ۔ نکاح کے بعد کوئی دو مہینے بعد جب مجھے نکاح نامہ ملا تو پتہ چلا کہ لڑکی کی عمر 38 برس ہے جوکہ میرے سے چھ برس زیادہ ہے ،اس کے گھر والوں نے جھوٹ بول کر اس کا نکاح کروایا میرے ساتھ اور یہ ساری بات کا نکاح خواں کو بھی علم تھا اس نے بھی دورانِ نکاح مجھ سے یہ بات چھپائی ، دورانِ نکاح، نکاح نامہ پر عمر بھی غلط لکھی گئی جس کو بعد میں ربڑ سے مٹا دیا گیا، اور تو اور، لڑکی موقع پر موجود ہونے کے باوجود لڑکی کے بھائی کو لڑکی کا وکیل بنا کر اس سے نکاح قبول کروایا گیا ، میں نے لڑکی والوں سے اس دھوکہ اور جھوٹ پر کوئی ایکشن نہین لیا، لڑکی کو بطورِ بیوی قبول کیا ہوا ہے۔ لیکن لڑکی اور اس کے گھر والے اس دھوکہ اور جھوٹ پر ذرہ بھی شرمندہ نہیں اور نکاح خواں بھی ان کے اس عمل کو جھوٹ نہیں مانتا ۔میں اس دھوکہ اور جھوٹ پر لڑکی کے گھر والوں کو کبھی معاف نہیں کرونگا ، کیونکہ انہوں نے میرے اور میرے گھر والوں کے یقین کو توڑا ہے ۔ اب میرے لئے اس نکاح سے متعلق اسلامی حکم کیا ہے ؟
واضح ہوکہ نکاح جیسے مقدس رشتے کی بنیاد جھوٹ اور غلط بیانی پر رکھنا قطعاً غلط اور غیر اخلاقی طرزِ عمل ہے۔ لہذا سائل کے سسرال والوں نے اگر واقعۃً نکاح کے وقت لڑکی کی عمر کے بارے میں غلط بیانی سے کام لیا ہو تو ان کا یہ طرز ِ عمل غیر شرعی اور دھوکہ دہی پر مبنی ہے جس کی وجہ سے میاں بیوی کے درمیان تعلق مضبوط ہونے کے بجا ئے کمزور پڑجا تا ہے۔ لہذا وہ لوگ اس غلط بیانی ااور دھوکہ دہی کی وجہ گناہ گار ہو چکے ہیں ، جس پر انہیں اللہ رب العزت کے دربار میں توبہ و استغفار کے ساتھ ساتھ سائل اور اسکے اہل ِ خانہ معذر ت بھی کرنی چاہیئے۔ تاہم سائل کو بھی چاہیئے کہ اب جب نکاح کے بعد اس لڑکی کو بطور ِ بیوی قبول کرچکا ہے تو محض عمر کی زیادتی کو بنیاد بنا کر اپنی ازدواجی زندگی کو خراب نہ کرے ، بلکہ مودَّت اور محبت کے ساتھ اپنی زندگی کو خوش گوار بنانے کی کوشش کرے اورا ن سابقہ غلطیوں کی بنا پر گھر کا سکون برباد نہ کرے ۔
کما فی صحیح البخاری : قال النبی ﷺ : (( الخدیعۃ فی النار و من عمل عملاً لیس علیہ أمرنا فھو رد )) ( باب النجش و من قال لا یجوز ذلک البیع ، ج 2، ص 1036، ط بشریٰ )-
و فی الھندیۃ : ( ینعقد النکاح بالإیجاب و القبول وضعاً للمضی أو وضع أحدھما و الآخر لغیرہ مستقبلاً کان کالأمر أو حالاً کالمضارع کذا فی النھر الفائق إلخ ( کتاب النکاح ، ج 1، ص 270، ماجدیۃ )-