وہ نشہ کرتا ہے کام وغیرہ کوئی نہیں کرتا لڑائی جگڑا کرتا ہے، پیسے مانگتا ہے، "500" پانچ سو سے بھی زیادہ بار بار طلاق دے چکا ہے۔ اور پھر بولتا ہے کہ میں نے نہیں دی، اور اس کے الفاظ یہی ہوتے ہیں "جا تو آزاد ہے ،تجھے میں نے فیصلہ دیا ،ایک طلاق تجھے میں نے دےدی ہے، ایک میں تجھے کل دے دوں گا "وغیرہ وغیرہ۔
بیوی کا بیانِ حلفی : من مسماۃ "ثومیہ" درج ِبالا بیان پر حلف اٹھاتی ہوں کہ میرا شوہر نشہ کرتا ہے اور وہ مختلف اوقات میں تین بار سے زائد طلاق کے الفاظ بول چکا ہے، جبکہ وہ ایک مجلس میں دس بار سے زائد بھی طلاق دے دیتا ہے، اور عموماً طلاق کے الفاظ یہی ہوتے ہیں کہ”میں تمہیں ابھی ایک طلاق دے رہا ہوں، جا تو آزاد ہے ،میں نے تمہیں فیصلہ دے دیا ہے“، اور ہمارے درمیان کھبی ایسا نہیں ہوا کہ طلاق کے بعد تین ماہواریوں تک علیحدہ رہی ہوں۔
سوال میں ذکر کردہ وضاحت اگر واقعۃً درست اور مبنی بر حقیقت ہو، اس میں کسی بھی قسم کی غلط بیانی اور دروغ گوئی سے کام نہ لیا گیا ہو، اور واقعۃً سائلہ کے شوہر نے ایک ہی مجلس میں دس بار سے بھی زائد طلاقیں دی ہوں، تو اس سے اس کی بیوی پر تین طلاقیں واقع ہو کر حرمتِ مغلظہ ثابت ہو چکی ہے، جبکہ بقیہ طلاقیں محل باقی نہ رہنے کی وجہ سے لغو ہوگئی ہیں، اب رجوع نہیں ہو سکتا اور حلالۂ شرعیہ کے بغیر دوبارہ باہم عقدِنکاح بھی نہیں ہو سکتا۔لہذا دونوں پر لازم ہے کہ فوراً ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کریں اور میاں بیوی والے تعلقات ہر گز قائم نہ کریں، ورنہ دونوں سخت گنہگار ہوں گے، جبکہ عورت عدت مکمل کرنے کے بعد کسی دوسری جگہ نکاح کرنے میں بھی آزاد ہے۔
قال اللہ تعالیٰ: فإن طلّقھا فلا تحلّ لہ من بعد حتی تنکح زوجاً غیرہ الخ (سورہ بقرۃ، پارہ 2 ، آیۃ 230)۔
و فی الھندیۃ: و إن کان الطلاق ثلاثاً فی الحرۃ و ثنتین فی الأمۃ لم تحل لہ حتی تنکح زوجاً غیرہ نکاحاً صحیحاً و یدخل بھا ثم یطلقھا أو یموت عنھا الخ (فصل فیما تحل بہ المطلقۃ، ج 1، ص 473،ط: ماجدیۃ)۔
و فی بدائع الصنائع: و أما الطلقات الثلاث فحکمھا الأصلی ھو زوال الملک و زوال حل المحلیۃ أیضاً حتی لا یجوز لہ نکاحھا قبل التزوج بزوج آخر الخ (ٖفصل و أما حکم البائن الخ، ج 3، ص 187،ط: سعید)