کیا فرماتے ہیں علماء کرام مندرجہ ذیل مسئلہ میں کہ میں مسماۃ چاند بنتِ کمال کا نکاح مسمی نیک زادہ ولدِ وزیر زادہ کے ساتھ آج سے تقریباً چار سال قبل ہو گیا تھا ، اس نکاح سے ہماری ایک بچی بھی ہے، گھریلو لڑائی اور ناچاقی کے دوران ہم دونوں کے درمیان طلاق کے الفاظ بولے گئے ہیں، جس میں میاں بیوی کا اختلاف ہے،
بیوی مسماۃ چاند بنتِ کمال کا حلفیہ بیان یہ ہے کہ میں اللہ کو حاضر ناظر جان کر یہ حلفیہ بیان دے رہی ہوں کہ میں جو کچھ کہونگی سچ کہونگی ، اگر میں نے بیان میں جھوٹ اور دروغ گوئی سے کام لیا تو اس کا عذاب اور وبال مجھ پر ہو گا، میرے شوہر نے تین مختلف مواقع پر مجھے طلاق کے الفاظ بولے ہیں، ایک مرتبہ گھر میں سبزی کی وجہ سے کچھ بات ہوئی، تو شوہر نے مجھے کہا ”پہ ما طلاقہ ئے“ مجھ پر طلاق ہو، دوسرے موقع پر لڑائی جھگڑے کے دوران مجھے ننگے سر گلی میں نکالا اور کہا”طلاق مے درلہ درکہ زہ“ ”میں نے طلاق دیدی جاو“ پھر تیسرے موقع پر کہا”پہ ما طلاقہ ئے، پہ ما طلاقہ ئے“ مجھ پر طلاق ہو ( مطلقہ) مجھ پر طلاق ہو اور پھر بہن کو فون کیا کہ ”پخہ مےکینولہ“ کہ پکا پکا بٹھا دیا، یاد رہے کہ یہ سارے واقعات دو مہینے کے اندر اندر کے ہے، اور اس دوران میں حمل سے تھی اور اب بھی ہوں،
شوہر مسمی نیک زادہ کا حلفیہ بیان ہے ،کہ میں اللہ کو حاضر ناظر جان کر حلفیہ بیا ن دے رہاہوں کہ میں جو کچھ کہونگا سچ کہونگا ، اگر میں نے بیان میں جھوٹ اور دروغ گوئی سے کام لیا تو اس کا عذاب اور وبال مجھ پر ہوگا، میری بیگم نے جو بیان دیا ہے وہ جھوٹ پر مبنی ہے، میں نے صرف اور صرف دومرتبہ طلاق کے الفاظ بولے ہیں، تین مرتبہ ہرگز نہیں بولے: اور الفاظ یہ تھے ”تہ پہ ماطلاقہ ئے“ تم مجھ پر طلاق ہو، اب معلوم یہ کرنا ہے کہ اس صورت میں کتنی طلاقیں واقع ہوئیں اور اب ہمارے لئے کیا حکم ہے؟
مفتی غیب نہیں جانتا، وہ سوال کے مطابق جواب دینے کا پابند ہوتا ہے، اس لئے سوال کے سچ یا جھوٹ پر مبنی ہونے کی اصل ذمہ داری سوال کرنے والے پر عائد ہوتی ہے، اس مختصر تمہید کے بعد واضح ہو کہ سائلہ کا شوہر بھی چونکہ دودفعہ ”طلاق“کے الفاظ کہنے کا اقرار اور اعتراف کررہا ہے، اس لئے سائلہ پر طلاقیں تو بہرحال واقع ہوچکی ہیں، البتہ سائلہ دوطلاقوں کے علاوہ تیسری کا بھی دعویٰ کررہی ہےلیکن اس کے پاس اپنے اس دعوے پر شرعی شہادت موجود نہیں ،جبکہ شوہر تیسری طلاق دینے سے انکاری ہے، اور میاں بیوی میں سے ہر ایک اپنے اپنے بیان پر حلف اٹھانے اور قبروآخرت کی جواب دہی کے لئے تیار ہے،جب ایسی صورت درپیش ہو جائے کہ بیوی تین طلاقوں کی دعویدار ہو مگر اس کے پاس شرعی شہادت موجود نہ ہو اور شوہرتین طلاق دینے سے انکاری ہو تو ایسی صورت میں ” المراۃ کالقاضی “ کے اصول کو مدّ ِنظر رکھتے ہوئے بیوی پر لازم ہے کہ اپنے آپ کو مطلقہ ثلاثہ سمجھے اور شوہر کو اپنے اوپر قطعاً قدرت نہ دے، تاہم یہ معاملہ اگر قاضی ( جج ) کی عدالت میں چلا جائے اور قاضی تین طلاقوں پر گواہ نہ ہونے کی وجہ سے شوہر کی قسم پر اس کے حق میں فیصلہ دے کر بیوی کو اس کے ساتھ روانہ کردے ، تو ایسی صورت میں بیوی اگرچہ گناہ گار نہ ہوگی، مگر پھر بھی اُسے چاہیے کہ حتی الامکان شوہر سے طلاق بالمال یا خلع کے ذریعہ اپنے شوہر سے خلاصی حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے۔
ما فی ردالمحتار: و المرأة كالقاضی إذا سمعته أو أخبرها عدل لا يحل له تمكينه، و الفتوى على أنه ليس لها قتله، و لا تقتل نفسها بل تفدي نفسها بمال أو تهرب، كما أنه ليس له قتلها إذا حرمت عليه و كلما هرب ردته بالسحر، و فی البزازية عن الأوزجندی أنها ترفع الأمر للقاضی، فإنه حلف ولا بينة لها فالإثم عليه، اهـ. قلت: أی إذا لم تقدر على الفداء أو الهرب و لا على منعه عنها فلا ينافی ما قبله، (ج3،ص251،ط:سعید)۔
و فی البحرالرائق: و المرأة كالقاضی إذا سمعته أو أخبرها عدل لا يحل لها تمكينه هكذا اقتصر الشارحون و ذكر فی البزازية و ذكر الأوزجندی أنها ترفع الأمر إلى القاضی فإن لم يكن لها بينة يحلفه فإن حلف فالإثم عليه اهـ. و لا فرق فی البائن بين الواحدة، و الثلاث اهـ.(ج3،ص277،ط: دار الكتاب الإسلامی)-