السلام علیکم ور حمۃ اللہ و برکاتہ! والدہ حیات ہیں ۔ انہوں نے جو گولڈ اور رقم ان کے پاس ہے ، وہ بھی 2008 میں کچھ تقسیم کردی، جس میں سے ایک میری وائف کو اور ایک بھائی کی بیٹی کو ادا ہو چکا ہے ۔ باقی ایک بھائی کی بیٹی کا حصہ الگ موجود ہے کہ جب اس کی شادی ہوگی، تب اس کو دے دیا جائے گا ، ابھی فی الحال والدہ کے پاس موجود ہے۔ اور رقم جو ان کے پاس ہے، وہ انہوں نے مجھے دے دی ہے کہ میرے بعد یہ تمہاری ہے ، کیونکہ تم میری دیکھ بال کرتے ہو ، وہ میں نے قومی بچت میں رکھ دی تھی اور اس سے ان کے اخراجات میں دیکھ رہا تھا ، لیکن ان کی بیماری میں والدہ کے علم میں لاتے ہوئے کچھ رقم انہی پر خرچ کی ، جس میں سے ابھی بھی بڑا حصہ موجود ہے۔ لیکن بڑے دو بھائیوں کے اعتراض پر یہ رقم امی کے نام پر قومی بچت میں رکھوائی ہے ۔ معلوم یہ کرنا ہے کہ ان کے اخراجات اس رقم سے کرنے چاہیئے یا یہ رقم ایسی ہی رکھی جائے جو لگتا ہے کہ بعد میں جھگڑے کا باعث بنے گی ، اور والدہ اسے خرچ کرنے کے لئے خود مختا ر ہے یا اپنے بچوں سے پوچھیں ۔ ؟
واضح ہو کہ ہر شخص اپنی صحت والی زندگی میں مرض الوفات میں مبتلاء ہونے سے قبل اپنے ذاتی تمام مال وجائیداد کا تنہا مالک ہوتا ہے، وہ جس طرح چاہے اس میں جائز تصرف کرسکتا ہے ،اس پر اس کی تقسیم لازم اور ضروری نہیں اور نہ ہی اولاد میں سے کسی کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اس کو تقسیم پر مجبور کرے، البتہ اگر کوئی شخص اپنی صحت والی زندگی میں بلا جبر و اکراہ ،محض اپنی مرضی و خوشی سے اپنا مال و جائیداد اپنی اولاد میں تقسیم کرنا چاہے تو اسے اس کا اختیار ہے اور یہ شرعاً تقسیم ِ ترکہ نہیں، بلکہ ہبہ ( گفٹ ) کہلائے گا ۔لہذا صورتِ مسئولہ میں سائل کا والدہ کی اپنی رقم ان کے علاج کے لئے خرچ کرنا جائز ہے ، اپنے بچوں سے اس میں پوچھنے کی ضرورت نہیں ۔ البتہ سائل کی والدہ کا اپنے بیٹے سے یہ کہنا کہ میرے بعد یہ رقم تمہاری ہے وارث کے حق میں وصیت ہونے کی وجہ سے شرعاً معتبر نہیں ۔ بلکہ وہ رقم بدستور سائل کی والدہ کی ملکیت شمار ہوگی ، اور سائل کی والدہ کی وفات کے بعد اس کو تمام ورثاء کے درمیان حسبِ حصص ِ شرعی تقسیم کرنا ضروری ہوگا ۔ تا ہم قومی بچت ( نیشنل سیونگ ) کے معاملات چونکہ سود پر مبنی ہوتے ہیں، اس لئے اس سے حاصل ہونے والا منافع خالص سود پر مشتمل ہونے کی وجہ سے ناجائز اور حرام ہے جس سے احتراز لازم ہے ۔
کما قال اللہ تعالٰی: الَّذِينَ يَأْكُلُونَ الرِّبَا لَا يَقُومُونَ إِلَّا كَمَا يَقُومُ الَّذِي يَتَخَبَّطُهُ الشَّيْطَانُ مِنَ الْمَسِّ ذَلِكَ بِأَنَّهُمْ قَالُوا إِنَّمَا الْبَيْعُ مِثْلُ الرِّبَا وَأَحَلَّ اللَّهُ الْبَيْعَ وَحَرَّمَ الرِّبَا فَمَنْ جَاءَهُ مَوْعِظَةٌ مِنْ رَبِّهِ فَانْتَهَى فَلَهُ مَا سَلَفَ وَأَمْرُهُ إِلَى اللَّهِ وَمَنْ عَادَ فَأُولَئِكَ أَصْحَابُ النَّارِ هُمْ فِيهَا خَالِدُونَ (275)سورۃ البقرۃ)۔
وفی صحیح البخاری: باب آكل الربا وشاهده وكاتبه وقوله تعالى: {الذين يأكلون الربا لا يقومون إلا كما يقوم الذي يتخبطه الشيطان من المس ذلك بأنهم قالوا: إنما البيع مثل الربا، وأحل الله البيع وحرم الربا، فمن جاءه موعظة من ربه فانتهى فله ما سلف وأمره إلى الله، ومن عاد فأولئك أصحاب النار هم فيها خالدون} [البقرة: 275](ج3 صـ59 ط: دار طوق النجاۃ)۔
و فی الدر المختار : ( و لا لوارثہ و قاتلہ مباشرۃ ) لا تسبیباً کما مر ( إلا بإجازۃ ورثتہ ) لقولہ علیہ الصلوۃ و السلام (( لا وصیۃ لوارث إلا أن یجیزھا الورثۃ )) یعنی عند وجود وارث آخر کما یفیدہ آخر الحدیث و سنحققہ إلخ
و فی رد المحتار تحت ( قولہ و لا لوارثہ ) أی الوارث وقت الموت کما مر بیانہ إلخ ( کتاب الوصایا، ج 6، ص 655، ط سعید )-
و فی رد المحتار أیضاً تحت: (قوله كل قرض جر نفعا حرام) أي إذا كان مشروطا كما علم مما نقله عن البحر اھ (ج5، صـــ166، ط:سعید)۔
وفیہ ایضاً تحت: (قوله وكل أنواع الكسب فی الإباحۃ سواء) أي أنواعه المباحة، بخلاف الكسب بالربا والعقود الفاسدة ونحو ذلك اھ (ج6، صـــ462، ط:سعید)۔