کیا فرماتے ہیں علماء کرام مندرجہ ذیل مسئلے میں کہ مسمی " عین " نے اپنی ساس سے اپنی بیوی کی کوئی شکایت کی، تو میری ساس نے جواب میں کہا کہ جب تمہارے ساتھ گزارا نہیں چل رہا تو اس کو طلاق دے دو ، تو میں غصے میں تھا اور میں نے تین مرتبہ یہ الفاظ "ده لام لور تہ پہ ما طلاقہ یے،پہ ما طلاقہ یے،پہ ما طلاقہ یے" (لام کی بیٹی تم مجھ پر طلاق ہو، تم مجھ پر طلاق ہو، تم مجھ پر طلاق ہو) کہ دىے ۔اب معلوم یہ کرنا ہے کہ اس صورت میں کتنی طلاقیں واقع ہو گئی ہىں اور اب ہمارے لیے کیا حکم ہے؟
سائل کا اپنی بیوی کو مذکور الفاظ "ده لام لور تہ پہ ما طلاقہ یے،پہ ما طلاقہ یے،پہ ما طلاقہ یے" (لام کی بیٹی تم مجھ پر طلاق ہو، تم مجھ پر طلاق ہو، تم مجھ پر طلاق ہو)کہہ دینے سے اس کی بیوی پر تینوں طلاقیں واقع ہو کر حرمتِ مغلظہ ثابت ہو چکی ہے، اب رجوع نہیں ہو سکتا اور حلالۂ شرعیہ کے بغیر باہم عقد ِنکاح بھی نہیں ہو سکتا ، لہذا دونوں پر لازم ہے کہ فوراً ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کریں اور میاں بیوی والے تعلقات ہرگز قائم نہ کریں ، ورنہ دونوں سخت گنا ہ گار ہوں گے ، جبکہ عورت ایامِ عدت گزارنے کے بعد دوسری جگہ نکاح کرنے میں بھی آزاد ہوگی۔