السلام علیکم، میں سپین میں رہتا ہوں، میرا سوال ہے کہ کیا میں یہاں قسطوں پر گاڑی لے سکتا ہوں ٹیکسی چلانے کے لیے ؟گاڑی ٹیسلا کے شو روم سے لینی ہے اُن کا معاہدہ بنک کے ساتھ ہے، گاڑی کی قیمت 33000 یورو ہے میں نے سود سمیت 37000 یور و واپس کرنے ہیں، کیا یہ میرے لیے جائز ہے؟ براہ کرم شریعت کی روشنی میں رہنمائ فرمائیں،جزاک اللہ
سائل اگرچہ اسپین میں رہائش پذیر ہے، لیکن بینک سے گاڑی کی خریداری کے لیے 33,000 یورو قرض لینے کے بعد اگر اس کے بدلے 37,000 یورو وصول کیے جاتے ہوں تو یہ سودی معاملہ ہے، جو شرعاً ناجائز و حرام ہے۔ لہٰذا سائل کا ٹیکسی چلانے کی غرض سے گاڑی خریدنے کے لیے سودی معاملہ کرنا شرعاً جائز نہیں، البتہ اگر کوئی ادارہ یا فرد پہلے گاڑی خرید کر اس کی ملکیت اور قبضہ حاصل کرے، پھر متعین منافع کے ساتھ قسطوں کی شرعی شرائط کی رعایت رکھتے ہوئے سائل کو فروخت کرے تو شرعاً ایسا کرنا جائز ہوگا۔
کما فی مشکاۃ المصابیح: عن جابر رضي الله عنه قال: لعن رسول الله صلى الله عليه وسلم آكل الربا وموكله وكاتبه وشاهديه، وقال: هم سواء. (2/855)
وفی رد المحتار:كل قرض جر نفعا حرام. (5/166)
وفی بحوث في قضايا فقهية معاصرة: أما الأئمة الأربعة وجمهور الفقهاء والمحدثين فقد أجازوا البيع المؤجل بأكثر من سعر النقد بشرط أن يبت العاقدان بأنه بيع مؤجل بأجل معلوم بثمن متفق عليه عند العقد. (1/12)
رکشہ کمپنی والے کو ایڈوانس پیمنٹ دے کر ڈسکاؤنٹ حاصل کرنا- پلاٹوں کی تعیین اور فائلوں سے قبل ایڈوانس پیمنٹ دینے کی صورت میں قیمت میں رعایت کرنا
یونیکوڈ خرید و فروخت 1