السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ مفتی صاحب ۔۔۔
ایک مسئلے کے بارے میں رہنمائی مطلوب ہے۔
مسئلہ یہ ہے کہ میں نے ایک آدمی سے کچھ چیزیں خریدی تھیں جن کی مجموعی قیمت تقریباً 60,000 روپے بنتی تھی۔ اس ساٹھ ہزار میں مختلف چیزیں مختلف قیمتوں پر تھیں اور تمام چیزیں باقاعدہ لکھ لی گئی تھیں۔ میں نے ان سے درخواست کی کہ اس وقت میرے پاس مکمل رقم موجود نہیں، لہٰذا میں پیسے بعد میں ادا کر دوں گا۔ اس پر وہ مجھ سے راضی ہوگئے اور میں نے 10,000 روپے ایڈوانس بھی انہیں دے دیے۔
اس معاہدے کے بعد تقریباً ایک سے ڈیڑھ مہینے کے اندر اندر میں نے باقی تمام رقم ادا کرنے کی تیاری کر لی اور سامان اٹھانے کے لیے مکمل تیار تھا۔ ایک خاص چیز، جس کی قیمت ہمارے درمیان 31,500 روپے طے پائی تھی، جب سامان لینے کا وقت آیا اور اسی دن مکمل ادائیگی بھی طے تھی، تو مجھے بتایا گیا کہ وہ چیز اس وقت ان کے پاس موجود نہیں تھی،اور اب کس دوسرے دوکاندار سے خریدی ہےمارکیٹ میں قیمت زیادہ ہوچکی ہے اور یہ کہ اس کی قیمت غلطی سے کم لگ گئی تھی۔ اب وہی چیز 41,500 روپے کی ہو چکی ہے۔
میں نے ان سے کافی گفتگو اور اصرار کیا کہ جو قیمت ہمارے درمیان طے ہو چکی تھی، ایک یا ڈیڑھ مہینے بعد اس میں تبدیلی کرنا درست نہیں، خاص طور پر جبکہ میں ادائیگی کے لیے تیار تھااورسامان اٹھانا تیار تھا۔ لیکن بار بار کہنے کے باوجود وہ معذرت کر رہے ہیں اور وہ چیز مجھے پہلے طے شدہ قیمت پر دینے کے لیے تیار نہیں۔ حالانکہ میں ان کو ادائیگی بھی کر چکا ہوں۔ اب وہ مجھ سے تقریباً 10,000 روپے اضافی مانگ رہے ہیں۔
میں نے ان کو یہ پیشکش بھی کی کہ آدھا نقصان آپ برداشت کر لیں اور آدھا میں برداشت کر لیتا ہوں، یعنی 5,000 روپے میں اضافی دے دیتا ہوں اور 5,000 روپے آپ چھوڑ دیں، مگر انہوں نے اس تجویز کو بھی قبول نہیں کیا۔
اب اس معاملے میں شرعی رہنمائی مطلوب ہے کہ:
کیا دکاندار یا فروخت کنندہ کا اس طرح پہلے سے طے شدہ قیمت تبدیل کرنا درست ہے؟
کیا وہ مجھ سے اضافی رقم کا مطالبہ کر سکتا ہے؟
اس صورت میں شریعت کی روشنی میں درست حل کیا ہوگا؟
صورتِ مسئولہ میں جب فریقین کے درمیان سامان کی قیمتیں متعین کرکے معاملہ طے ہوگیا، تو فروخت کنندہ کے لیے محض قیمت بڑھ جانے یا پہلےکم قیمت مقرر كرنے کی وجہ سے طے شدہ قیمت میں یک طرفہ اضافہ کرنا اور خریدار سے مزید رقم کا مطالبہ کرنا جائز نہیں، بلکہ اس پر لازم ہے کہ طے شدہ قیمت کے عوض فروخت شدہ سامان خریدار کے حوالے کرے۔ البتہ اگر باہمی رضامندی سے قیمت میں تبدیلی کی جائے تو اس کی گنجائش ہے۔
[الفتاوى العالمكيرية: وإذا زاد في الثمن لا بد أن يقبل الآخر في المجلس حتى ولو لم يقبل وتفرقا بطلت، كذا في الخلاصة. [كتاب البيوع، الباب السادس عشر في زيادة الثمن (3/ 171) ط: دار الفكر]
رکشہ کمپنی والے کو ایڈوانس پیمنٹ دے کر ڈسکاؤنٹ حاصل کرنا- پلاٹوں کی تعیین اور فائلوں سے قبل ایڈوانس پیمنٹ دینے کی صورت میں قیمت میں رعایت کرنا
یونیکوڈ خرید و فروخت 1