السلام علیکم ورحمۃ الله و برکاتہ! میری شادی کو 21 سال ہوگئے،میرے شوہر نے 18 سال پہلے طلاق دی، پھر سات سال پہلے طلاق دی ، پھر نکاح ثانی کیا، اب اپریل 2026 سے کہ رہے ہیں کہ : "میں تو طلاق دے چکا، تم آزاد ہو ،تمہارا میرا کوئی رشتہ نہیں" یہ بات بارہا 7- 20 سال کے بچوں کے سامنے کر چکے ہیں، مگر لکھا ہوا کہیں نہیں دکھاتے ،جانے کا بھی کہتے ہیں،لکھ کر بھی نہیں دیتے، بس زبانی کلامی ۔ رہنمائی فرمائیں اس صورت حال میں کیا حکم ہے ؟ کیا ایسے طلاق واقع ہوتی ہے۔
واضح ہو کہ وقوعِ طلاق کےلیےشرعی طورپر تحریری دستاویز (طلاق نامہ) شرط نہیں، بلکہ شوہرکی جانب سے زبانی طورپرصریح الفاظ میں الفاظ ِطلاق اداکردینے سےبھی شرعاً طلاق واقع ہوجاتی ہے،صورتِ مسئولہ میں سائلہ نے شوہرکی جانب سے اٹھارہ (18)اورسات (7)سال قبل دی جانے والی طلاق سے متعلق یہ وضاحت نہیں کی کہ وہ طلاقیں کتنی اورکن الفاظ سے دی گئی تھیں، تاکہ اس کے مطابق حتمی حکم شرعی سے آگاہ کیاجاتا،تاہم اگرسائلہ کے شوہر نے اٹھارہ (18)سال قبل ایک طلاق اورپھرسات (7) سال قبل ایک طلاق صریح الفاظ میں دےکر دونوں مرتبہ عدت (تین ماہواری)کے دوران رجوع کر لیا ہو ،یا عدت گزرنے اورطلاق بائن کی صورت میں تجدیدنکاح کرلیاہو ،توایسی صورت میں دونوں کا ایک دوسرےکے ساتھ میاں بیوی کی حیثیت سے ساتھ رہناجائزتھا، تاہم اس کے بعدسائلہ کے شوہر کے پاس فقط ایک طلاق کا اختیار باقی تھا، چنانچہ اب حالیہ واقعہ میں اگرواقعۃ سائلہ کا شوہر سائلہ کومذکور الفاظ"میں تو طلاق دے چکا، تم آزاد ہو ،تمہارا میرا کوئی رشتہ نہیں" بارہاکہہ چکاہو،اگرچہ وہ ان الفاظ کولکھ کردینے کوتیارنہ بھی ہوتو شوہر کے ان الفاظ سے سائلہ پر تیسری طلاق بھی واقع ہوچکی ہے جوسابقہ دوطلاقوں کے ساتھ مل کر مجموعی طور پر تین طلاقیں ہوگئی جن کی وجہ سے سائلہ پرحرمت مغلظہ ثابت ہو چکی ہے، اب رجوع نہیں ہو سکتا ، اور حلالہ شرعیہ کے بغیر باہم عقد نکاح بھی نہیں ہو سکتا، لہذا دونوں پر لازم ہے کہ ایک دوسرے سےعلیحدگی اختیارکریں اور میاں بیوی والے تعلقات ہر گز قائم نہ کریں ، ورنہ دونوں سخت گناہ گار ہوں گے، جبکہ عورت ایام عدت گزارنے کے بعد دوسری جگہ نکاح کرنے میں بھی آزاد ہو گی ۔
کما فی تنویر الابصار مع الدر المختار: (صريحه ما لم يستعمل إلا فيه) ولو بالفارسية (كطلقتك وأنت طالق ومطلقة) (الی قولہ): (ويقع بها واحدة رجعية، وإن نوى خلافها) من البائن أو أكثر خلافا للشافعي (أو لم ينو شيئا)،الخ (باب الصريح ، ج: 3، ص: 250۔247، مط: سعید کراچی)
وفی الفتاویٰ الھندیۃ: (الفصل الأول في الطلاق الصريح) . وهو كأنت طالق ومطلقة وطلقتك وتقع واحدة رجعية وإن نوى الأكثر أو الإبانة أو لم ينو شيئا كذا في الكنز.( الباب الثاني في إيقاع الطلاق وفيه سبعة فصول، ج: 1، ص: 154، مط: ماجدیۃ)
وفیھا ایضاً: ولو قال لها لا نكاح بيني وبينك أو قال لم يبق بيني وبينك نكاح يقع الطلاق إذا نوى، الخ( الفصل الأول في الطلاق الصريح ج:1، ص: 357، مط: ماجدیۃ)
وفي البحر الرائق شرح كنز الدقائق: قوله: (ويقع طلاق كل زوج عاقل بالغ) لصدوره من أهله في محله،الخ (كتاب الطلاق، ج: 3، ص: 244، مط: رشیدیۃکوئٹۃ)
وفی الھدایۃ: وإذا طلق الرجل امرأته تطليقة رجعية أو تطليقتين فله أن يراجعها في عدتها ( باب الرجعة، ج: 2، ص: 254، مط: دار احياء التراث العربي، بيروت - لبنان)
و فی بدائع الصنائع : وأما الطلقات الثلاث فحكمها الأصلي هو زوال الملك، وزوال حل المحلية أيضا حتى لا يجوز له نكاحها قبل التزوج بزوج آخر؛ لقوله عز وجل {فإن طلقها فلا تحل له من بعد حتى تنكح زوجا غيره} [البقرة: 230] ، وسواء طلقها ثلاثا متفرقا أو جملة واحدة، الخ (فصل فی حکم الطلاق البائن ، ج :3 ، ص : 187 ، مط : سعید کراچی)