کیا فرماتے ہیں علماء کرام درج ذیل مسئلہ میں کہ میری والدہ کو ان کے مرحوم والد نے اپنی زندگی میں ایک زمین باقاعدہ مالکانہ قبضہ کے ساتھ دی تھی، اور گزشتہ پچپن سال سے والدہ اسی مکان میں رہ رہی ہیں۔ جب ان کے والد نے زمین دی تھی تو اس پر میرے والد نے اپنی رقم سے مکان تعمیر کیا تھا، اور یہ سب کچھ والد کی زندگی میں ہوا تھا،اب معلوم یہ کرنا ہے کہ اس جائیداد پر کس کا حق ہے؟ کیا والدہ اپنی زندگی میں اس جائیداد کو اپنی اولاد میں تقسیم کر سکتی ہیں یا نہیں؟
صورتِ مسئولہ میں سائل کی والدہ کو ان کے والد نے جو زمین مالکانہ قبضہ کے ساتھ دی تھی،وہ زمین تو والدہ کی ملکیت ہو گئی ہے،البتہ اس زمین پر سائل کے والد نے جو تعمیر کی ہے، اس کے متعلق تفصیل یہ ہے:
اگر والد نےیہ تعمیر والدہ کے کہنے پر کی ہو ، تو ایسی صورت میں تعمیر شدہ مکان کی ملکیت بھی والدہ ہی کی ہوگی، تاہم والد نے تعمیرات پر جتنی رقم خرچ کی ہے اسے والدہ سے خرچ کی گئی رقم واپس لینے کا حق حاصل ہو گا۔لیکن اگر والد نے والدہ کے کہے بغیر والدہ ہی کے لیے تعمیر کی ہو، تواس صورت میں بھی تعمیر شدہ مکان کی ملکیت والدہ ہی کی ہوگی، البتہ یہ تعمیر چونکہ والد نے والدہ کے امر کے بغیر اس کے لئے کیا ہے اس لئے شرعاً یہ والد کی طرف سے تبرع اور احسان شمار ہو گا، اور اب اسے والدہ سے خرچ کردہ رقم کے مطالبے کا حق حاصل نہ ہو گا، اگر والد نے یہ تعمیر اپنے لیے کی ہو، تو تعمیر شدہ مکان والد کی ملکیت ہوگی، لہذا مذکور بالا تفصیل کے مطابق جن صورتوں میں مکان کی ملکیت والد کی شمار ہو گی ان صورتوں میں زمین پر والدہ اور تعمیر شدہ مکان پروالد کاحق ہو گا،چنانچہ اس صورت میں والدہ کو فقط زمین اپنی مرضی سے تقسیم کرنے کا اختیار حاصل ہو گا البتہ جن صورتوں میں تعمیر بھی والدہ کی ملکیت شمار ہو ، ان صورتوں میں سائل کی والدہ کا زمین سمیت تعمیر شدہ مکان پر بھی حق ہو گا ،ا س صورت میں اب وہ زمین سمیت پورےمکان میں اپنی مرضی سے ہر قسم کے تصرف کا اختیا رکھتی ہے، چنانچہ اگر وہ اپنی مرضی سے بغیر کسی جبر و اکرہ کے مذکورمکان اپنی اولاد میں تقسیم کرنا چاہتی ہو تو ایساکرنا شرعاًجائز اور درست ہو گا ، مگر یہ ترکہ کی تقسیم نہیں، بلکہ ہبہ (گفٹ ) شمار ہو گا ، جس کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ سائل کی والدہ اپنی بقیہ زندگی کے لئے جو کچھ حصہ رکھنا چاہے وہ رکھ کر بقیہ مال و جائیداد اپنی اولادکے درمیان برابر حصوں میں تقسیم کرکے ہر فرد کو اس کے حصے پر باضابطہ مالکانہ قبضہ بھی دیدے،تاکہ یہ ہبہ شرعاً بھی تام اور درست ہوسکے،محض کاغذات میں نام کردینا کافی نہیں ہے ،پھر بہتر یہ ہے کہ اس ہبہ اور اعطاءمیں سب کو برابر اور یکساں رکھے کہ سب ہی اس کی اولاد ہے،کسی کو کم کسی کو زیادہ نہ دے،تاہم اگر وہ اولاد میں سے کسی کی خدمت گزاری،محتاجگی یا دینداری وغیرہ کی بنا ء پر اسے دوسرے ورثاء کے مقابلے میں کچھ زیادہ دینا چاہے تو اس کا بھی اسے اختیار ہے مگر بلا وجہِ شرعی کسی وارث کو اپنی جائیداد سے بالکل محروم نہ کرے کیونکہ یہ گناہ کی بات ہے۔
و فی الدر المختار : ( و تتم ) الھبۃ ( بالقبض ) الکامل ( و لو الموھوب شاغلا لملک الواھب لا مشغولا بہ ) ( کتاب الھبۃ ، ج 5 ، ص 690 ، ط : سعید)
وکمافی الہندیۃ: (عمر) دار زوجته بماله بإذنها فالعمارة لها والنفقة دين عليها، وإذا عمرها لنفسه من غير إذن المرأة كانت العمارة له وإذا عمرها لها بغير إذنها كان البناء لها وهو متطوع في البناء، فلا يكون له الرجوع عليها به،الخ (مسائل الشتی، ج:6 ص: 445 ناشر : ماجیدیہ)
وفيہا ایضاً: و لو وھب رجل شیئاً لاولادہ فی الصحۃ و اراد تفضیل البعض علی البعض ( الی قولہ ) لاباس بہ اذا لم یقصد بہ الاضرار سوی بینھم یعطی الابنۃ مثل ما یعطی للابن و علیہ الفتوٰی الخ (الباب السادس في الهبة للصغير،ج:4 ص: 391 ناشر ماجیدیہ)
وفی عقود الدریۃ : كل من بنى في دار غيره بأمره يكون البناء للآمر، وإن بنى بغير أمره يكون له وله أن يرفعه إلا أن يضر بالبناء فحينئذ يمنع يعني إذا بنى لنفسه بدون أمر، أما إذا بنى لرب الأرض بدون الأمر ينبغي أن يكون متطوعا عمادية من أحكام العمارة في ملك الغير. وقوله: كما مر هو قوله: وإن عمرها لها بغير إذنها قال الشيخ الإمام نجم الدين النسفي: العمارة لها ولا شيء عليها من النفقة وأنه متطوع في ذلك. اهـ. ومثله في الأشباه من الوقف وكذا في التنوير وشرحه من شتى الفرائض.اھ(كتاب الحيطان ومایحدث الرجل فی الطریق،ج:2 ص: 274 ناشر:دار المعرفۃ)
وفی حشیۃ ابن العابدین : وينبغي للرجل أن يعدل بين أولاده في العطايا والعدل في ذلك التسوية بينهم في قول أبي يوسف وقد أخذ أبو يوسف حكم وجوب التسوية من الحديث،الخ(مطلب فی المصادقۃ علی النظر ج:4 ص:444 ناشر : سعید )