جناب عالی! گذارش ہےکہ ، میرا نام میم ہے، میں اپنی جائیداد کا اکیلا وارث ہوں، میں اپنی حیات میں جائدادتقسیم کرنا چاہتاہوں، میری پانچ بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، اور میں اور میری بیوی ہے، اس موجودہ وقت میں ہمارے جائدادکی قیمت 1690000 لاکھ روپے ہے۔ براہ مہربانی اسے شریعت کے مطابق تقسیم فرمادیں۔
صورت مسئولہ میں اگر سائل اپنی صحت والی زندگی میں بلاکسی جبر و اکراہ کے محض اپنی مرضی و خوشی سے اپنا مال و جائیداد وغیرہ اپنی اولاد میں تقسیم کرنا چاہے تو شرعاً یہ جائز ہے، لیکن یہ تقسیمِِ ترکہ نہیں، بلکہ ہِبہ اور گفٹ کہلائیگا ، جس کا بہتر اور مستحب طریقہ یہ ہے کہ وہ ایک محتاط اندازہ کے مطابق اپنی بقیہ زندگی کے اخراجات کےبقدر رکھے اور بیوی کو جو کچھ دینا چاہے، وہ دے کر بقیہ مال و جائیداد اپنی اولاد کے درمیان برابر حصوں میں تقسیم کرکے ہر فرد کو اس کے حصے پر باضابطہ مالکانہ قبضہ بھی دیدے، تاکہ یہ ہِبہ شرعاً بھی درست اور تام ہوجائے ، محض کاغذوں میں نام کردینا کافی نہیں ، پھر بہتر یہ ہے کہ اس ہِبہ اور اعطاء میں سب کو برابر اور یکساں رکھے کہ سب ہی اس کی اولاد ہیں، کسی کو زیادہ ، کسی کو کم نہ دے ، البتہ کسی کی خدمت گزاری ، محتاجی یا دین داری وغیرہ کی بناء پر اسے دوسروں کے مقابلہ میں کچھ زیادہ دینا چاہے تو اس کا اسے اختیار ہے ، مگر بلا وجۂ شرعی کسی کو اپنی جائیداد سے بالکل محروم نہ کرے ، کیونکہ یہ گناہ کی بات ہے ۔