کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ہم میاں بیوی مسمیٰ ذاکر حسین اور مسماۃ عابدہ کے نکاح وشادی کو آٹھ سال ہوگئے ہیں ،اس نکاح سے ہمارے تین بچے بھی ہوئے ،آج سے تقریباً ایک سال قبل ہم دونوں میاں بیوی کے درمیان دو طلاقیں ہوگئیں تھیں ،اور اس کے بعد ہمارا رجوع بھی ہوگیا تھا طلاق کے الفاظ یہ تھے "دو مرتبہ کہا تھا طلاق ہے "اب ایک ماہ پہلے پھر رات کے وقت لڑائی میں طلاق کے متعلق میاں بیوی کا اختلاف ہے ۔
بیوی مسماۃ عابدہ کا حلفیہ بیان : میں اللہ کو حاضر ناظر جان کر یہ حلفیہ بیان دے رہی ہوں کہ میں جو کچھ کہوں گی سچ کہوں گی اگر میں نے اپنے بیان میں جھوٹ اور دروغ گوئی سے کام لیا تو اس کا عذاب اور وبال مجھ پر ہوگا ،میرے شوہر نے ایک مرتبہ طلاق کے الفاظ بولے " آپ کو طلاق ہے " تو میں نے اس کے منہ پر ہاتھ رکھا ،اس نے میرا ہاتھ ہٹا کر پھر ”آپ کو طلاق ہے ،آپ کو طلاق ہے ،ہمیشہ کے لئے طلاق ہے “ بولا ۔
شوہر مسمیٰ ذاکر حسین کا حلفیہ بیان : میں اللہ کو حاضر نا ظر جان یہ حلفیہ بیان دے رہا ہوں کہ میں جو کچھ کہوں گا سچ کہوں گا اگر میں نے اپنے بیان میں جھوٹ اور دروغ گوئی سے کام لیا تو اس کا عذاب مجھ پر ہوگا ،میں نے طلاق کے الفاظ نہیں بولے ہیں ،بلکہ یہ کہا تھا کہ بچے کو نہیں سنبھال سکتی تو ماں کے پاس چلی جاؤ ۔ اب معلوم یہ کرنا ہے کہ اس صورت میں کتنی طلاقیں ہوئیں اور اب آئندہ ہمارے لئے کیا حکم ہے ؟
صورت مسئولہ میں سائل اور اس کی بیوی مسماۃ عابدہ آج سے ایک سال قبل واضح الفاظ " طلاق ہے " کے ساتھ دی جانے والی دو طلاقوں کے وقوع کے بارے میں تو متفق ہیں، چنانچہ ان دو طلاقوں کے بعد اگر دوران عدت سائل نے رجوع کرلیا تھا تو شرعاً رجوع بھی ہوچکا تھا، اور اب تک دونوں کا میاں بیوی کی حیثیت سے ساتھ رہنا بھی درست تھا۔ لیکن اس کے بعد سائل کے لیے صرف ایک طلاق کا اختیار باقی رہ گیا تھا۔ اب حالیہ واقعہ میں بیوی مسماۃ عابدہ ان الفاظ " آپ کو طلاق ہے " کے ذریعہ مزید تین طلاق دینے کا دعوی کررہی ہے اور اس کے پاس اپنے اس دعوے پر شرعی گواہان موجود نہیں ہیں،جبکہ شوہر مسمیٰ ذاکر حسین مذکور الفاظ کہنے کا انکاری ہےبلکہ وہ " بچے کو نہیں سنبھال سکتی تو ماں کے پاس چلی جاؤ " کہنے کا اقرار کررہا ہے اور میاں بیوی میں سے ہر ایک اپنے اپنے بیان پر حلف اٹھانے اور قبروآخرت کی جواب دہی کے لئے تیار ہے،جب ایسی صورت درپیش ہو جائے کہ بیوی شوہر پر تین طلاق دینے کا دعوی کر رہی ہو مگر اس کے پاس شرعی شہادت موجود نہ ہو اور شوہر طلاق دینے سے انکاری ہو تو ایسی صورت میں " المرأۃ کالقاضی " کے اصول کو مدّ ِنظر رکھتے ہوئے بیوی پر لازم ہے کہ اپنے آپ کو مطلقۂ ثلاثہ سمجھے اور شوہر کو اپنے اوپر قطعاً قدرت نہ دے، تاہم یہ معاملہ اگر مسلمان قاضی ( جج ) کی عدالت میں چلا جائے اور قاضی تین طلاقوں پر گواہ نہ ہونے کی وجہ سے شوہر کی قسم پر اس کے حق میں فیصلہ دے کر بیوی کو اس کے ساتھ روانہ کردے ، تو ایسی صورت میں بیوی اگرچہ گناہ گار نہ ہوگی، مگر پھر بھی اُسے چاہئیے کہ حتی الامکان شوہر کو اپنے اوپر قدرت نہ دے، بلکہ طلاق بالمال یا خلع کے ذریعہ اپنے شوہر سے خلاصی حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے ۔
کما فی ردالمحتار: والمرأة كالقاضي إذا سمعته أو أخبرها عدل لا يحل له تمكينه. والفتوى على أنه ليس لها قتله، ولا تقتل نفسها بل تفدي نفسها بمال أو تهرب، كما أنه ليس له قتلها إذا حرمت عليه وكلما هرب ردته بالسحر. وفي البزازية عن الأوزجندي أنها ترفع الأمر للقاضي، فإنه حلف ولا بينة لها فالإثم عليه. اهـ. قلت: أي إذا لم تقدر على الفداء أو الهرب ولا على منعه عنها فلا ينافي ما قبله (ج 3، ص251، باب صریح الطلاق ، ط : سعید)۔
وفی البحرالرائق: والمرأة كالقاضي إذا سمعته أو أخبرها عدل لا يحل لها تمكينه هكذا اقتصر الشارحون وذكر في البزازية وذكر الأوزجندي أنها ترفع الأمر إلى القاضي فإن لم يكن لها بينة يحلفه فإن حلف فالإثم عليه اهـ. ولا فرق في البائن بين الواحدة، والثلاث اهـ.(ج3،ص277،ط: دار الكتاب الإسلامي)۔
و فی الهدايۃ :وإذا طلق الرجل امرأته تطليقة رجعية أو تطليقتين فله أن يراجعها في عدتها رضيت بذلك أو لم ترض (ج2،ص:3،باب طلاق المریض ط:المكتبة الإسلامية)