السلام علیکم!
مفتی صاحب قطر میں مقیم ہوں، کام نہیں ہے، پولیس وغیرہ میں اپلائی کیا ہے، لیکن کوئی جواب نہیں مل رہا ہے، کوئی دعا بتائیں کہ میرےبند راستے کھل جائیں اور اللہ آسان راستوں سے رزق دیدیں۔
مفتی صاحب جلد شادی ہونے کے لئے کوئی وظیفہ بتائیں اور استخارے کا طریقہ بھی بتائیں۔
سائل کو چاہیئے کہ پنج وقتہ نمازوں کے اہتمام کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے اپنی حاجات کے لئے دعا مانگے اور آیت”قُلْ اِنَّ الْفَضْلَ بِيَدِ اللّٰهِ يُؤْتِيْهِ مَنْ يَّشَاءُ، وَاللهُ وَاسِعٌ عَلِيْمٌ، يَخْتَصُّ بِرَحْمَتِهِ مَنْ یشَاءُ، وَاللهُ ذُو الْفَضْلِ الْعَظَیْم“لکھ کر چمڑے میں سلوا کر اپنے بازو پر باندھ لے اور گناہوں کے اجتناب کے ساتھ کثرت سے استغفار کیا کرے، ان شاء الله رزق کے دروازے کھل جائیں گے اور شادی کے لئے بھی اسباب مہیا ہوں گے۔
جبکہ مسنون استخارے کا طریقہ یہ ہے کہ پہلے دو رکعت نفل نماز پڑھے، اس کے بعد اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناء کرے اور نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجے، پھر خوب دل لگا کر یہ دعا پڑھے:-
”أللّٰهُمَّ إنِّي أَسْتَخِيْرُكَ بعِلْمِكَ، وأسْتَقْدِرُكَ بِقُدْرَتِكَ، وَأَسْألُكَ مِنْ فَضْلِكَ الْعَظِيْمِ، فَإِنَّكَ تَقْدِرُ وَلَا أَقْدِرُ، وَتَعْلَمُ وَلَا أَعْلَمُ، وَأَنْتَ عَلَّامُ الْغُيُوْبِ، أللّٰهُمَّ إنْ كُنْتَ تَعْلَمُ أنَّ هٰذَا الْأَمْرَ .......خَيْرٌ لَيْ فی دِيْنِيْ، وَمَعَاشِيْ، وَعَاقِبَةِ أَمْرِيْ، فَاقْدِرْهُ لِيْ، وَيَسِّرْهُ لِيْ، ثُمَّ بَارِكْ لِي فیه، وَإنْ كُنْتَ تَعْلَمُ أنَّ هٰذَا الْأَمْرَ ........شَرٌّ لِي فی دِيْنِيْ وَمَعَاشِيْ، وَعَاقِبَةِ أَمْرِيْ، فَاصْرِفْهُ عَنِّی، وَاصْرِفْنِي عَنْهُ، وَاقْدِرْ لِيَ الْخَيْرَ حَيْثُ كَانَ، ثُمَّ أَرْضِنِي بِه.“
اور جب ”هٰذَا الْأَمْرَ “ پر پہنچے( جس لفظ پر لکیر بنی ہے) تو اس کے پڑھتے وقت اسی کام کا دھیان اور خیال کرے جس کے لئے استخارہ کرنا چاہتا ہے، اس کے بعد پاک و صاف بچھونے پر قبلہ کی طرف منہ کر کے با وضو سو جائے،جب سو کر اٹھے اس وقت جو بات دل میں مضبوطی سے آوے، وہی بہتر ہے، اسی کو کرنا چاہیئے ، اگر ایک دن میں کچھ معلوم نہ ہو اور دل کا خلجان اور تردد نہ جاوے، دوسرے دن پھر ایسا ہی کرے، اسی طرح سات دن تک کرے ۔