کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس بارے میں کہ ہماری فیکٹری سائٹ ایریا کراچی میں واقع ہے، اس میں ایک مسجد ہے وہاں پانچ نمازیں ادا کی جاتی ہیں مگر ان کی ادائیگی کیلئے مستقل امام کا انتظام نہیں کیا گیا، البتہ نمازِ جمعہ کیلئے امام صاحب جو خطیب ہیں آتے ہیں، اور نماز کیلئے فیکٹری سے باہر کے لوگوں کو اندر آنے کی اجازت نہیں ہے یعنی اذن عام نہیں پایا جاتا، کیا اس صورت میں ہماری نمازِ جمعہ اس مسجد میں شرعاً جائز ہوجائے گی یا نہیں؟
صورتِ مسئولہ میں مذکور فیکٹری کی مسجد میں نمازِ جمعہ کا ادا کرنا شرعاً جائز اور درست ہے، بعض مجبوریوں کی بناء پر فیکٹری کی طرف سے اذنِ عام کا نہ ہونا نمازِ جمعہ کی ادائیگی سے مانع نہیں، کیونکہ باہر سے آنے والے قریب کی دوسری مساجد میں جاکر نمازِ جمعہ کی ادائیگی کرسکتے ہیں اور اگر باہر کے لوگوں کو بھی نمازِ جمعہ کی ادائیگی کیلئے مسجد میں آنے کی اجازت دے دی جائے تاکہ مجمع زیادہ ہوجائے تو یہ زیادہ بہتر ہے اور اس صورت میں نماز جمعہ کا مقصد (یعنی بڑے مجمع کے ساتھ نماز کی ادائیگی) بھی بخوبی پورا ہوگا۔
وفی رد المحتار: قلت وینبغی ان یکون محل النزاع ما اذا کانت لاتقام إلا فی محل واحد اما لو تعددت فلا لانہ لا یتحقق التفویت کما افادہ التعلیل تامل۔ اھـ (ج:۲، ص:۱۵۲) وﷲ اعلم!