اگر شوہر بیوی کو وائس میسج کے ذریعے دو طلاقیں دے کر کہے"کہ میں تمہیں طلاق دیتا ہوں ،میں تمہیں طلاق دیتا ہوں"
تو کیا اس سے طلاق واقع ہوجاتی ہے ؟
جی ہاں! وائس میسج کے ذریعے طلاق دینے سے بھی شرعاً طلاق واقع ہوجاتی ہے،لہذا صورت مسئولہ میں اگر شوہر نےبیوی کو بذریعہ وائس میسج دو بار طلاق کا مذکور جملہ "میں تمہیں طلاق دیتا ہوں"کہدیا ہو تو اس سے اس کی بیوی پر دو طلاق رجعی واقع ہوچکی ہیں ،چنانچہ اگر شوہر نے اس واقعہ سے قبل زبانی یا تحریری کوئی طلاق نہ دی ہو تو ایسی صورت میں اسے عدت کے اندر رجوع کرنے کا اختیار حاصل ہے،البتہ اگر شوہر نے عدت میں رجوع نہ کیا تو عدت گزرنے سے یہ طلاقیں بائن بن جائیں گی اور اس کی وجہ سے دونوں کا نکاح بالکلیہ ختم ہو جائے گا چنانچہ اس کے بعد بیوی دوسری جگہ نکاح کرنے میں آزاد ہوگی ،البتہ اگر میاں بیوی دوبارہ ایک ساتھ رہنے پر آمادہ ہوں تو اس کے لیے باقاعدہ گواہوں کی موجودگی میں نئے حق مہر کے تقرر کے ساتھ دوبارہ نکاح کرنا لازم ہوگاتاہم رجوع یا تجدید نکاح کے بعد آئیندہ کے لئے شوہر کو فقط ایک طلاق کا اختیار باقی ہوگا جب کبھی وہ ایک طلاق بھی دیدے گا تو اس سے اس کی بیوی پر تینوں طلاقیں واقع ہوکر حرمت مغلظہ ثابت ہوجائے گی،لہذا آئندہ طلاق کے معاملہ احتیاط سے کام لینا چاہیے۔