استغفار کا صحیح طریقہ کیا ہے ؟ میں کافی عرصہ سے کر رہا ہوں مگر اس طرح سے فائدہ نہیں مل رہا جس طرح اللہ تعالیٰ نے سورۃ نوح میں یا دوسری سورتوں میں ذکر کیا ہے , جواب کا انتظار رہے گا -جزاک اللہ
استغفار کا صحیح طریقہ یہ ہےکہ انسان اپنے سابقہ گناہوں پر بصدقِ دل نادم ہو اور آئندہ ان گناہوں کو نہ کرنےکا پکا عزم کرکے دلی طور پر توبہ و استغفار کرے ،ان شاءاللہ گناہ بھی معاف ہوں گے اور جو بھی معاملات ہیں وہ بھی درست ہوں گے،البتہ سائل کا یہ کہنا کہ میں کافی عرصہ سے استغفار کر رہاہوں کوئی فائدہ نہیں ہوا ، اس طرح کہنا درست نہیں بلکہ فائدہ ہواہے اور ضرور ہواہے،لیکن محسوس نہیں ہوا اور پھر یہ ضروری نہیں کہ جو فائدہ سائل چاہتاہے یا اس نے سوچا ہے وہی فائدہ ہو ،لہذا سائل توبہ و استغفار کے ساتھ معاصی سےبچنےکا اہتمام کرے اور نیک اعمال میں سبقت کی کوشش کرے ،ان شاء اللہ جلد یا بدیر فائدہ محسوس بھی ہوگا اور مسائل بھی حل ہوں گے،اس میں ناامید ہونے والی کوئی بات نہیں۔