السلام علیکم !
اللہ تعالیٰ سے آپ کی قربت و ہمت چاہتے ہوئے ایک مسئلہ کے سلسلے میں آپ سے فتوی درکار ہے،میں اس موجودہ فلیٹ میں گذشتہ 18 سال سے کرائے دار کی حیثیت سے رہائش پذیر ہوں ۔ گذشتہ چند ماہ پہلے مالکِ مکان نے اس بلڈنگ میں جس میں چھ فلیٹ ہیں ،سب کو ایک سادہ سا نوٹس تحریری دیا کہ میں نے یہ بلڈنگ فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگر آپ میں سے کوئی کرائے دار یہ فلیٹ یا بلڈنگ خریدنا چاہتا ہے ،تو بتا دے ۔ میں نے کہا جس فلیٹ میں میں رہتا ہوں ،وہ میں خود خریدنا چاہتا ہوں، آپ کتنے کا بیچیں گے،تو انہوں نے فلیٹ کی قیمت دس لاکھ روپے بتائی، جبکہ چھ فلیٹ کی مکمل بلڈنگ ۳۰لاکھ روپے کی ہے، میں نے مالکِ مکان سے کہا کہ اس بلڈنگ کی قیمت کے لحاظ سے میرے فلیٹ کی قیمت جو کہ اوپر کا ہے ۵ لاکھ روپے بنتی ہے۔ آپ اس کی قیمت بلحاظ بلڈنگ ۵ لاکھ روپے مجھ سے لیں ،اور فلیٹ مجھے دے دیں۔ انہوں نے اپنی تحریری آفر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ مجھے تو پوری بلڈنگ بیچنی ہے، اور انہوں نے بلڈنگ بیچ دی۔ اور مجھ سے کہا آپ تمام کرائے داروں کی طرح فلیٹ خالی کر دیں۔ میں نے ان سے بہت اصرار کیا کہ میں سب سے پرانا کرایہ دار ہوں اور میرے فلیٹ پر سب سے پہلے حق میرا ہے، مگر انہوں نے بلڈنگ بیچ دی۔ اب اس مکان کو خالی کرنے کا اصرار ہے ۔ اب ہم جس نے یہ بلڈنگ خریدی ہے اس کو یہ فلیٹ ۵ لاکھ کا پڑتا ہے، جس میں میں رہتا ہوں، جبکہ مجھے وہ یہی فلیٹ دس لاکھ کا بیچ رہے تھے۔ اس لئے اس میں میرا نقصان ہے۔ آپ کو تو اپنی چیز فروخت کرنی تھی تو اٹھارہ سال سے رہائش پذیر ہونے کے لحاظ سے پہلے حق میرا تھا ۔ اور یہ نقصان مجھے آپ کی وجہ سے ہوا ہے ،لہٰذا اس نقصان کو آدھا آپ پورا کر دیں اور آدھا میں پورا کر لیتا ہوں ۔ کیوں کہ آپ کے اس غلط فیصلے کی وجہ سے فائدہ نئے خریدار کو ہوا اور ۱۸ سال سے کرائے دار ہونے کی وجہ سے اور پہلے حق دار ہونے کے باوجود میں نقصان میں رہا۔ اب ان سے یہ آدھا نقصان لینا جائز ہے یا ناجائز ہے؟ اگر گہرائی سے دیکھا جائے تو ۱۸ سال کرائے دینے کی مد میں میں اس فلیٹ کو تقریبا پوری قیمت ادا کر چکا ہوں اور پھر بھی انہوں نے میرا فلیٹ کو بیچ دیا۔ اب ان سے اپنا نقصان لینا جائز ہے یا ناجائز ہےْ؟
محض کرایہ داری کی وجہ سے سائل کا مالک مکان سے آدھی یا اس سے کم پیش رقم کا مطالبہ یا وصول کرنا تو جائز نہیں، البتہ سائل کے ساتھ دیرینہ تعلق کو ملحوظ رکھتے ہوئے اگر مالک مکان بغیر کسی جبر و اکراہ کے محض اپنی مرضی و خوشی سے اسے کچھ دینا چاہے تو اس کا اسے اختیار ہے ۔
رکشہ کمپنی والے کو ایڈوانس پیمنٹ دے کر ڈسکاؤنٹ حاصل کرنا- پلاٹوں کی تعیین اور فائلوں سے قبل ایڈوانس پیمنٹ دینے کی صورت میں قیمت میں رعایت کرنا
یونیکوڈ خرید و فروخت 1