کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ: میرے شوہر نے میرے مطالبۂ طلاق پر تین مرتبہ طلاق کے الفاظ "نن نہ پس تہ پہ ماطلاقہ ئے" (آج کے بعد سے تم مجھ پر طلاق ہو)بولے،اب معلوم یہ کرنا ہے کہ اس صورت میں کتنی طلاقیں واقع ہوئیں ہیں؟ اور میرے لئے کیا حکم ہے؟
نوٹ: وائس میسج پر شوہر نے باقاعدہ بیوی کے مطالبۂ طلاق پر مذکور الفاظ""نن نہ پس تہ پہ ماطلاقہ ئے"تین مرتبہ ادا کیے ہیں۔
سوال میں ذکر کردہ وضاحتی نوٹ کے مطابق اگر مذکور وائس میسج شوہر کا ہی ہو اور اس نے مذکور الفاظ"نن نہ پس تہ پہ ماطلاقہ ئے" (آج کے بعد سے تم مجھ پر طلاق ہو)تین مرتبہ کہہ دیئے ہوں ، تو اس سے سائلہ پر تینوں طلاقیں واقع ہوکر حرمتِ مغلظہ ثابت ہوچکی ہے،اب رجوع نہیں ہوسکتا اور حلالۂ شرعیہ کے بغیر دوبارہ باہم عقدِ نکاح بھی نہیں ہوسکتا، لہذا دونوں پر لازم ہے کہ فوراً ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کریں اور میاں بیوی والے تعلقات ہرگز قائم نہ کریں ، ورنہ دونوں سخت گناہ گار ہونگے، جبکہ سائلہ ایامِ عدت گزارنے کے بعد اپنی مرضی سے دوسری جگہ نکاح کرنے میں بھی آزاد ہے ۔