طلاق

تین طلاق کی ایک صورت کا حکم

فتوی نمبر :
86002
| تاریخ :
2025-09-10
معاملات / احکام طلاق / طلاق

تین طلاق کی ایک صورت کا حکم

میری شادی 2021 میں ہوئی تھی ہندہ کے ساتھ، ہمارے درمیان لانگ ڈسٹنس ریلیشن شپ تھا ،میں پاکستان میں تھا اور ہندہ یو ایس اے میں، اس وجہ سے ہمارے بیچ بہت زیادہ لڑائیاں ہوتی تھیں،2021 میں ایک دفعہ غصے میں میں نے اس کو کہا:”میں تمہیں طلاق دیتا ہوں“یہ ایک کلئیر اور پراپر طلاق تھی ،میرا ارادہ اور الفاظ دونوں واضح تھے، جسے میں نے قبول کیا، لیکن بعد میں رجوع کر لیا،2022میں ہماری لڑائیاں پھر بڑھ گئیں، ایک دفعہ غصے میں میں نے میسجز میں اس کو دھمکی دی”میں تمہیں طلاق دے رہا“اس وقت مجھے یاد نہیں تھا کہ میں نے یہ لفظ لکھے ہیں، مجھے لگا کہ بس دھمکی دی تھی، لیکن 2022 کے اینڈ میں جب میں نے وہ میسجز دوبارہ پڑھے تو ایک جگہ لکھا تھا”میں تمہیں طلاق دے رہا ہوں“یا کچھ ایسے ہی لفظ، مگر الفاظ واضح نہیں تھے، اس کے بعد میں نے کئی فتوے لیے اکثر مفتیان کا کہنا تھا کہ یہ طلاق غصے میں تھی، میسجز کلئیرنہیں تھے،نیت اور کونٹیکسٹ مکمل طور پر واضح نہیں تھا،اس وجہ سے انہوں نے کہا کہ یہ طلاق نہیں ہوئی، لیکن کچھ مفتیوں نے کہا کہ ایک طلاق ہو گئی،(تو ٹوٹل دو طلاقیں ہوئیں) کچھ مفتیان کا کہنا تھا کہ طلاق ہو گئی، چاہے غصے میں دی گئی ہو یا نہیں ،کچھ نے کہا کہ اگر حیض کے حالت میں دی گئی تھی تو وہ کاؤنٹ نہیں ہوتی اور پہلی دونوں طلاقیں حیض کے حالت میں تھیں،اس وجہ سے کنفیوژن تھا، مجھے بھی اور ہندہ کو بھی ،ایک مفتی نے مشورہ دیا کہ اگر کنفیوژن ہے تو آپ لوگ دوبارہ نکاح کر لیں،جو کہ ہم نے کر لیا،پھر میں یو ایس اے آ گیا، یہاں آ کر ہمارے درمیان معاملات اور خراب ہو گئے، جب ہندہ عمرہ کے لیے گئی تو اس نے مجھ سے اجازت لے لی تھی، لیکن مجھے بتایا نہیں کہ کب جا رہی ہے،اس وجہ سے میں ناراض ہو گیا،میں نے کہا”اب تمہیں گھر آنے کی ضرورت نہیں ہے“کیونکہ وہ مجھ سے ملے بغیر اپنے والدین کے ساتھ عمرہ پر چلی گئی، جسے میں نے اجازت نہ لینا سمجھا کیونکہ عمرہ پر جانے سے پہلے اس کا کچھ پتہ نہیں تھا، چاردن کے لیے غائب ہو گئی تھی اپنے والدین کے گھر،ہندہ نے غصہ کر لیا، فیملی بھی شامل ہوگئی اور رشتہ اور خراب ہوتا گیا،ہم ڈیڑھ سال تک الگ رہے،لیکن آخری 7 مہینے میں مجھے اپنی غلطیوں کا احساس ہوا اور میں نے رشتہ بچانے کی کوشش کی،یہ سوچ کر کہ ہندہ کو بھی اپنی غلطیوں کا احساس ہو گیا ہوگا،لیکن ہندہ نے مانا نہیں اور کورٹ میں خلع کا کیس فائل کر دیا،کورٹ میں میں نے جج کو کہا کہ میں سائن نہیں کرنا چاہتا، میں اس کے ساتھ رہنا چاہتا ہوں،میں نے جج کو کہا کہ میں ہندہ سے پانچ منٹ بات کرنا چاہتا ہوں مگر ہندہ نے مانا نہیں،پھر جج نے کہا:اب تم پیپر پر دستخط کروگے،کیونکہ وہ تمہارے ساتھ نہیں رہنا چاہتی،اور اگر تم سائن نہیں کرو گے تو تمہیں وکیل لانا ہوگا، طلاق پھر بھی ہو جائے گی،میں نے کہا:میں طلاق نہیں دینا چاہتا، مگر اس کی خوشی اور مرضی کے لیے سائن کر رہا ہوں،جج نے پوچھا:کیا تمہیں کوئی فورس کر رہا ہے سائن کرنے پر؟میں نے کہا:ہاں! اس نے مجھے فورس کیا ہے کہ میں سائن کروں، اس لیے میں سائن کر رہا ہوں،سائن کرنے کے دودن بعد ہندہ کو احساس ہوا کہ اس نے غلطی کی ،اب ہندہ چاہتی ہے کہ کوئی راستہ نکالیں تاکہ ہم دوبارہ ایک ساتھ رہ سکیں،لیکن میرے گھر والے کافی سخت ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کورٹ میں طلاق ہو گئی تو سب کچھ ختم ہو گیا اور اگر کورٹ نے ایک مہینے کا ٹائم دیا ہے اور منسوخی ہو سکتی ہے تو ہم مانیں گے ورنہ نہیں،مگر ہم دونوں اب بھی کوشش کر رہے ہیں کہ اگر کوئی شرعی راستہ ہو جس کے ذریعے ہم دوبارہ ساتھ رہ سکیں،مسئلہ یہ ہے کہ کیا ان طلاقوں کے بعد ہم دونوں کا دوبارہ ساتھ رہنا یا نکاح ممکن ہے؟
نوٹ : سائل سے یہ تنقیحات پوچھے گئے تھے ۔
جی 2021 میں تو منہ سے زبانی ایک دفعہ دی تھی ”میں تمہیں طلاق دیتا ہوں “انتہائی غصے کی حالت میں۔
2022 میں جو میسجز تھے وہ تو مجھے پتہ بھی نہیں تھا۔ لانگ ڈسٹنس ریلیشن شپ تھا اور کب بول دیا، اُس میں بھی دھمکی ہی تھی "میں تمہیں طلاق دے را...”پورے الفاظ بھی نہیں بولے تھے کہ ”یں تمہیں طلاق دے رہا ہوں“، صرف ”طلاق دے را“بولا تھا رہا نہیں بولا ۔ اور ایک جگہ لکھ دیا تھا ”میں تمہیں طلاق دے دوں گا“۔ ایک ہی دفعہ بولا تھا، مگر 6 ماہ بعد اس کا پتہ چلا کہ میں نے ایسے بھی کوئی میسجز لکھے تھے۔ نہ بیوی کو پتہ تھا نہ مجھے، وہ تو جب چیٹ ہسٹری دیکھ رہے تھے تب ملا۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ حیض کی حالت میں طلاق دینے سے بھی شرعاً طلاق واقع ہوجاتی ہے، لہذا صورتِ مسئولہ میں سائل نے اپنی بیوی کو پہلی مرتبہ حالت حیض میں جو صریح طلاق دی تھی، اس سے سائل کی بیوی پر ایک طلاق رجعی واقع ہو چکی تھی، جس کے بعد اگر سائل نے دورانِ عدت رجوع کیا ہو تو یہ رجوع بھی درست ہوچکا تھا، اور دونوں کا نکاح حسب سابق برقرار تھا، تاہم آئندہ کیلئے سائل کو فقط دو طلاقوں کا اختیار تھا، جبکہ اس کے بعد دوسری دفعہ اگر سائل نے بیوی کو یہ الفاظ کہے تھے”کہ میں تمہیں طلاق دے رہا ہوں “ تو اگر چہ سائل کو ان الفاظ کا کہنا یاد نہ رہا تھا، بلکہ بعد میں چیٹ ہسٹری چیک کرنے سے یاد آیا تب بھی ان الفاظ سے سائل کی بیوی پر دوسری طلاق واقع ہوئی اور آئندہ کیلئے سائل کو فقط ایک طلاق کا اختیار تھا، لیکن اس کے بعد سائل کی بیوی کا عدالت میں خلع کا کیس کرنے کی وجہ سے سائل نے جو خلع کی ڈگری پر دستخط کر دیے اس سے سائل کی بیوی پر تیسری طلاق بھی واقع ہو کر مجموعی طور پر تینوں طلاقیں واقع ہو کر حر متِ مغلظہ ثابت ہوچکی ہے، چنانچہ اب رجوع نہیں ہو سکتا، اور حلالۂ شرعیہ کے بغیر دونوں باہم عقدِ نکاح بھی نہیں ہو سکتے،اور عورت عدت گزارنے کے بعد دوسری جگہ نکاح کرنے میں آزاد ہے۔
اور حلالۂ شرعیہ یہ ہیکہ کہ عورت اپنی عدت گزار کر بغیر کسی شرط کےکسی دوسرے مسلمان شخص سے عقدِ نکاح کرے، پھر اگر وہ دوسرا شخص بھی اس سےایک مرتبہ ہمبستری (جو کہ حلالۂ شرعیہ کے تحقق کے لئے ضروری ہے) کے فوراً بعد یا ازدواجی زندگی کے کچھ عرصہ بعد اسے طلاق دیدے یا طلاق تو نہ دے، مگر اس سے پہلے انتقال ہوجائے، تو بہر صورت اس کی عدت گزارنے کے بعد اگر وہ پہلے شوہر کے عقدِ نکاح میں آنا چاہے اور پہلا شوہر بھی اسے رکھنے پر رضامند ہو، تو نئے مہر پر گواہوں کی موجودگی میں دوبارہ عقدِ نکاح کر کے باہم میاں بیوی کی حیثیت سے زندگی بسر کر سکتے ہیں، تاہم حلالۂ اس شرط پر کرنا کہ زوج ِثانی عقد نکاح کے بعد عورت کو طلاق دیدیگا، تاکہ زوجِ اول کے لئے عورت حلال ہو جائے مکروہ تحریمی ہے، اور اس پر احادیث مبارکہ میں وعید وارد ہوئی ہے لہذا اس سے احتراز لازم ہے، البتہ بلا شرط ایسا کرنا بلا شبہ جائز ودرست ہے۔
لیکن اگر سائل نے دوسری دفعہ اگر مکمل پورا جملہ استعمال نہ کیا ”کہ میں تمہیں طلاق دے رہا ہوں“ بلکہ فقط اتنا کہا ہو”میں تمہیں طلاق دے“ تو ایسی صورت میں اس ادھورے جملے سے سائل کی بیوی پر طلاق واقع نہیں ہوئی، چنانچہ اس دوسری صورت میں میاں بیوی کیلئے بغیر حلالۂ شرعیہ کے باہمی رضامندی سے باقاعدہ گواہوں کی موجودگی میں نکاح کر کے ساتھ رہنا جائز ہوگا۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی تنقیح الفتاوی للحامدیۃ: صیغۃ المضارع لا یقع بھا الطلاق إلا إذا غلب فی الحال کما صرح بہ الکمال بن الھمام الخ (کتاب الطلاق ج: 1، ص: 38، ط: دار المعرفۃ )۔
وفی رد المحتار : (قولہ وما بمعناھا من الصریح) أی مثل ما سیذکرہ من ںحو: کونی طالقا واطلقی ویامطلقۃ بالتشدید، وکذا المضارع اذا غلب فی الحال مثل أطلقک کما فی البحر (باب الصریح، ج3، ص248، ط: سعید)۔
وفی الھندیۃ : و إن کان الطلاق ثلاثا فی الحرۃ و ثنتین فی الأمۃ لم تحل لہ حتی تنکح زوجاً غیرہ نکاحاً صحیحاً أو یدخل بھا ثم یطلقھا أو یموت عنھا الخ (فصل فیما تحل بہ المطلقۃ ، ج 1 ، ص 473 ، ط : ماجدیۃ)۔
و فی بدائع الصنائع : و أما الطلقات الثلاث فحکمھا الأصلی ھو زوال الملک و زوال حل المحلیۃ ایضا حتی لا یجوز لہ نکاحھا قبل التزوج بزوج آخر الخ ( فصل و أما حکم البائن الخ ، ج 3 ، ص 187 ، ط : سعید)۔
وفی المبسوط: والخلع جائز عند السلطان وغیرہ لأنہ عقد یعتمد التراضی کسائر العقود وھو بمنزلۃ الطلاق الخ ( باب الخلع، ج 6، ص 173، ط: دارلکتب العلمیۃ)۔
وفی الدر المختار: ( و ) شرطہ کالطلاق الخ
وفی الشامیۃ: و أما رکنہ فھو کما فی البدائع: إذا کان بعوض الإیجاب و القبول لأنہ عقد علی الطلاق بعوض فلا یقع الفرقۃ و لا یستحق العوض بدون القبول بخلاف ما إذا قال خالعتک و لم یذکر العوض و نوی الطلاق فإنہ یقع و إن لم تقبل لأنہ طلاق بلا عوض فلا یفتقر إلی القبول الخ (باب الخلع، ج 3 ، ص 441 ،ط: سعید)۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
انعام اللہ حمد عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 86002کی تصدیق کریں
0     11
Related Fatawa متعلقه فتاوی
  • تحریر کردہ طلاق نامہ کے ذریعہ طلاق کا حکم

    یونیکوڈ   اسکین   طلاق 6
  • مذاق میں بیوی کو طلاق کاغذ پر لکھ کر دیدی

    یونیکوڈ   اسکین   طلاق 1
  • بیوی کو حرام زادی کہنے سے نکاح متاثرہوگا؟

    یونیکوڈ   اسکین   انگلش   طلاق 2
  • دل دل میں طلاق دینا

    یونیکوڈ   اسکین   طلاق 1
  • ایک کاغذپر تین طلاق لکھ کر دینے سے کتنی طلاقیں واقع ہوں گی؟

    یونیکوڈ   اسکین   طلاق 1
  • تم میری بہن کی طرح ہو کہنے سے بیوی پر طلاق واقع ہوگی؟

    یونیکوڈ   اسکین   طلاق 1
  • بیرون ملک شادی کے لئے پہلی بیوی کے نام عارضی طلاق نام بنوانا

    یونیکوڈ   اسکین   طلاق 2
  • پچپن میں نکاح کے بعد بالغ ہونے پر لڑکا پاگل ہوگیا طلاق کیسے ہوگی؟

    یونیکوڈ   اسکین   طلاق 1
  • اسلام قبول کرنے کے بعد عیسائی شوہرسے نکاح خودبخودختم ہوجاتاہے؟

    یونیکوڈ   اسکین   انگلش   طلاق 0
  • طلاق نامہ پر دستخط کرنے سے طلاق واقع ہوجاتی ہے؟

    یونیکوڈ   طلاق 0
  • حمل کی حالت میں طلاق دینے کا حکم

    یونیکوڈ   طلاق 2
  • طلاق کا واقعہ سنانے سے مزید طلاق واقع ہونے سے متعلق سوال

    یونیکوڈ   طلاق 1
  • "میں تم کو طلاق دیتا ہوں "بیوی کو غصہ میں تین دفعہ بول دینا

    یونیکوڈ   طلاق 2
  • بیوی کی غیر موجودگی میں, سسر کو تین بار کہہ دینا کہ" میں نے تیری بیٹی کو طلاق دیدی "

    یونیکوڈ   طلاق 1
  • بیوی کو ڈرانے کے لیے الفاظ طلاق بولنا

    یونیکوڈ   طلاق 1
  • واٹس اپ کی ریکارڈنگ کے ذریعے طلاق

    یونیکوڈ   انگلش   طلاق 2
  • بیوی کی غیر موجودگی میں اس کی طرف نسبت کئے بغیر طلاق کا حکم

    یونیکوڈ   طلاق 0
  • وقوع طلاق کے لیے گواہ شرط ہے؟

    یونیکوڈ   طلاق 0
  • یونین کونسل کی جانب سے پہلی طلاق کا نوٹس بھیجے جانے سے مزید وقوعِ طلاق کا حکم

    یونیکوڈ   طلاق 0
  • بیوی کو طلاق کا مسئلہ سمجھاتے ہوئے الفاظ طلاق کہنے کا حکم

    یونیکوڈ   طلاق 1
  • موبائل پر طلاق دینے کا حکم

    یونیکوڈ   طلاق 2
  • لفظِ " فارغ "سے طلاق واقع ہونے کا حکم

    یونیکوڈ   طلاق 4
  • بیوی نے کہا کہ "مہر دو اور جانے دو" جواب میں شوہر کا "ٹھیک ہے " کہنے کا حکم

    یونیکوڈ   طلاق 0
  • "طلاق لو اور جاؤ" کہنے سے طلاق ہوگی یا نہیں؟

    یونیکوڈ   طلاق 0
  • گھر والوں کی دباؤ میں آکر طلاق نامہ پر دستخط کرنے سے طلاق کا حکم

    یونیکوڈ   طلاق 2
Related Topics متعلقه موضوعات