طلاق

الگ الگ مجلسوں میں دی ہوئی تین طلاق کا حکم

فتوی نمبر :
99184
| تاریخ :
2026-09-08
معاملات / احکام طلاق / طلاق

الگ الگ مجلسوں میں دی ہوئی تین طلاق کا حکم

میرے شوہر نے مجھے ڈیڑھ سال پہلے ایک طلاق دی تھی کہ " میں آپ کو طلاق دیتا ہوں " اور ہم نے فوراً رجوع بھی کرلیا تھا اسی دن ، اس کے بعد میرے شوہر نے ایک شرط رکھی تھی کہ اگر فلاں کام کیا تو" میری طرف سے طلاق ہے " وہ کام بھی ہو گیا تھا مجھ سےاور اس کے بعد بھی ہم ساتھ رہتے رہے ہیں، پھر 16 اگست کو پھر سے مجھے میرے گھر آکر میرا نام لیکر کہا کہ " میں حافظہ مریم نذیر احمد کو طلاق دیتا ہوں " جب کہ دوسری اور تیسری بار میرا نام نہیں لیا تھا بلکہ یوں کہا کہ میں آپ کو طلاق دیتا ہوں ،نیز 16 اگست کی صبح کو ہمارے درمیان ازدواجی تعلق بھی قائم ہوا ہے ،پھر اس کے بعد رات کے وقت جب اس نے طلاق دی اس ٹائم میں حیض کی حالت میں تھی اور میرے شوہر کو اس کا معلوم نہیں تھا کہ میں حیض کی حالت میں ہوں تو اب معلوم یہ کرنا ہے کہ اس حالت میں طلاق ہوتی ہے یا نہیں ؟ اور اب رجوع ہوسکتا ہے یا نہیں ؟ قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں ۔

شوہر کا بیان : میں حسن ندیم ولد مرزا ندیم بیگ یہ حلف دیتا ہوں کہ میں جو کچھ بولوں گا سچ بولوں گا ، میرا نکاح 2024 میں مسماۃ حافظہ مریم نذیر احمد سے ہوا تھا ، اس کے ایک سال بعد ہمارے درمیان کچھ تنازع ہوا ، جس میں میری بیوی کے مطالبہ پر میں نے ایک طلاق دی تھی ،پھر اسی ٹائم کچھ دیر بعد ہم نے رجوع بھی کرلیا تھا ،اس کے بعد ہم چونکہ دبئی میں رہتے ہیں تو میری بیوی جب پاکستان آنے لگی تو میں نے شرط رکھی کہ" اگر تم نے فلاں کام کیا تو میری طرف سے طلاق ہے " اور میری بیوی نے وہ کام کیا ہے ، پھر اس کے بعد 16 اگست کی رات میری بیوی اپنے والدین کے گھر چلی گئی اور میرا موبائل ساتھ لے گئی ،اور مجھے بلیک میل کرنے لگی کہ تم طلاق دو پھر موبائل ملے گا ورنہ نہیں ملے گا اور میں نے سفر پر جانا تھا ،تو میری بیوی کی والدہ نے مجھے اور میرے خاندان والوں کو بہت برا بھلا کہا ،مجھے پریشرائز کیا کہ طلاق دو ،تو میں ان کے گھر چلا گیا حالانکہ میرا ارادہ صلح کرنے تھا لیکن میری بیوی کی والدہ نے مجھے گھر نے اندر داخل ہی نہیں ہونے دیا اور ان کا بس ایک ہی مطالبہ تھا کہ طلاق دو ، تو میں نے غصہ میں آکر اپنی بیوی کا نام لیکر کہا کہ" میں حافظہ مریم نذیر احمد کو طلاق دیتا ہوں " دوسری اور تیسری بار میں نے بیوی کا نام نہیں لیا اور کہا کہ " میں دیتا ہوں ، میں دیتا ہوں " اور اس وقت میری بیوی حیض کی حالت میں تھی ۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ حیض کی حالت میں طلاق دینا اگرچہ خلا ف سنت ہے، تاہم اس حالت میں بھی طلاق دینے سے شرعاً طلاق واقع ہوجاتی ہے۔ لہٰذا صورت مسئولہ میں جب سائلہ کے شوہر نے ڈیڑھ سال قبل اپنی بیوی کو مذکورہ الفاظ "میں آپ کو طلاق دیتا ہوں" کہہ کر ایک طلاق دی تو اس سے سائلہ پر ایک طلاق رجعی واقع ہوگئی تھی ، جس کے بعد رجوع کرنے سے رجوع بھی ہو گیا تھا ،اس کے بعد جب سائلہ کے شوہر نے یہ کہا کہ "اگر تم نے فلاں کام کیا تو میری طرف سے طلاق ہے" تو اس سے ایک طلاق معلق ہوگئی تھی ، چنانچہ اس کے بعد جب سائلہ نے مذکورہ کام کرلیا تو اس سے مزید ایک اور طلاق واقع ہوکر مجموعی طور پر دو طلاقیں واقع ہوچکی تھیں اور اس کے بعد دوران عدت رجوع کرنے سے رجوع بھی درست ہو کر نکاح بحال ہوچکا تھا لیکن اس کے بعد سائلہ کے شوہر کے پاس فقط ایک طلاق کا اختیار باقی رہ گیا تھا چنانچہ حالیہ واقعہ میں 16 اگست کی رات سائلہ کے شوہر نے اپنی ساس اور دیگر اہل خانہ کے دباؤ اور غصے کی حالت میں سائلہ کا نام لے کر یہ الفاظ کہے "میں حافظہ مریم نذیر احمد کو طلاق دیتا ہوں" اگرچہ اس وقت سائلہ حالت حیض میں تھی، تب بھی ان الفاظ سے سائلہ پر مزید ایک طلاق واقع ہوگئی تھی ، اور اس طرح مجموعی طور پر تینوں طلاقیں واقع ہوکر حرمت مغلظہ ثابت ہو چکی ہے ۔ اب رجوع نہیں ہوسکتا اور نہ ہی حلالہ شرعیہ کے بغیر دوبارہ باہم عقد نکاح ہوسکتا ہے ،جبکہ سائلہ ایام عدت گزارنے کے بعد کسی دوسری جگہ نکاح کرنے میں بھی آزاد ہے ۔
اور حلالہ شرعیہ یہ ہے کہ سائلہ اپنے شوہر سے علیحدگی اور عدت کے بعد بغیرکسی شرط کے کسی دوسرے مسلمان شخص سے اپناعقد نکاح کرے ،ایساکرنے سے وہ اس دوسرے شخص کی بیوی بن جائے گی، اب اگروہ دوسراشخص بھی ایک مرتبہ ہمبستری (جوکہ حلالہ شرعیہ کے تحقق کے لئے ضروری ہے)کے فوراً بعد یا ازدواجی زندگی کے کچھ عرصہ بعد طلاق دیدے یا طلاق تو نہ دے مگر بیوی سے پہلے اس کا انتقال ہوجائے۔بہرصورت اس کی عدت گزرنے کے بعد وہ پہلے شوہر کے عقدنکاح میں آناچاہے اور پہلاشوہربھی اسے رکھنے پر رضامندہوتو نئے مہرکیساتھ گواہوں کی موجودگی دوبارہ عقدنکاح کرکے باہم میاں بیوی کی حیثیت سے زندگی بسرکرسکتے ہیں۔تاہم حلالہ اس شرط کے ساتھ کرناکہ زوج ثانی ہمبستری کے بعدبیوی کو طلاق دےگاتاکہ زوج اول دوبارہ اس کے ساتھ عقدنکاح کرےیہ مکروہ تحریمی ہے،اور اس پر حدیث شریف میں وعید بھی وارد ہوئی ہے،اس لئے اس سے احتراز لازم ہے۔جبکہ بلاشرط بلاشبہ جائز اور درست ہے۔

مأخَذُ الفَتوی

کما قال اللہ تبارک وتعالی : فَإِنْ طَلَّقَهَا فَلَا تَحِلُّ لَهُ مِنْ بَعْدُ حَتَّى تَنْكِحَ زَوْجًا غَيْرَهُ الاٰیۃ (البقرہ:230)
وفی صحیح البخاری : عن أنس بن سيرين، قال: سمعت ابن عمر، قال: طلق ابن عمر امرأته وهي حائض، فذكر عمر للنبي صلى الله عليه وسلم فقال: «ليراجعها» قلت: تحتسب؟ قال: فمه؟ وعن قتادة، عن يونس بن جبير، عن ابن عمر، قال: «مره فليراجعها» قلت: تحتسب؟ قال: أرأيت إن عجز واستحمق، (باب إذا طلقت الحائض تعتد بذلك الطلاق،ج7،ص:41،ط:دار طوق النجاة (مصورة عن السلطانية بإضافة ترقيم ترقيم محمد فؤاد عبد الباقي)
وفیہ ایضاً: وقال نافع: طلق رجل امرأته البتة إن خرجت فقال ابن عمر: "إن خرجت فقد بتت منه، وإن لم تخرج فليس بشيء" (باب الطلاق في الإغلاق والكره،ج7،ص:45،ط:دار طوق النجاة (مصورة عن السلطانية بإضافة ترقيم ترقيم محمد فؤاد عبد الباقي)
وفی الھندیۃ: (والبدعی) من حیث الوقت أن یطلق المدخول بھا وھی من ذوات الاقراء فی حالۃ الحیض أو فی طھر جامعھا فیہ وکان الطلاق واقعا و یستحب لہ أن یراجعھا والاصح أن الرجعۃ واجبۃ ھکذا فی الکافی الخ (ج: 1، ص: 349، کتاب الطلاق ط : ماجدیہ)۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد قاسم حسین عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 99184کی تصدیق کریں
0     9
Related Fatawa متعلقه فتاوی
  • تحریر کردہ طلاق نامہ کے ذریعہ طلاق کا حکم

    یونیکوڈ   اسکین   طلاق 7
  • مذاق میں بیوی کو طلاق کاغذ پر لکھ کر دیدی

    یونیکوڈ   اسکین   طلاق 1
  • بیوی کو حرام زادی کہنے سے نکاح متاثرہوگا؟

    یونیکوڈ   اسکین   انگلش   طلاق 2
  • دل دل میں طلاق دینا

    یونیکوڈ   اسکین   طلاق 1
  • ایک کاغذپر تین طلاق لکھ کر دینے سے کتنی طلاقیں واقع ہوں گی؟

    یونیکوڈ   اسکین   طلاق 2
  • تم میری بہن کی طرح ہو کہنے سے بیوی پر طلاق واقع ہوگی؟

    یونیکوڈ   اسکین   طلاق 1
  • بیرون ملک شادی کے لئے پہلی بیوی کے نام عارضی طلاق نام بنوانا

    یونیکوڈ   اسکین   طلاق 2
  • پچپن میں نکاح کے بعد بالغ ہونے پر لڑکا پاگل ہوگیا طلاق کیسے ہوگی؟

    یونیکوڈ   اسکین   طلاق 1
  • اسلام قبول کرنے کے بعد عیسائی شوہرسے نکاح خودبخودختم ہوجاتاہے؟

    یونیکوڈ   اسکین   انگلش   طلاق 0
  • طلاق نامہ پر دستخط کرنے سے طلاق واقع ہوجاتی ہے؟

    یونیکوڈ   طلاق 0
  • حمل کی حالت میں طلاق دینے کا حکم

    یونیکوڈ   طلاق 2
  • طلاق کا واقعہ سنانے سے مزید طلاق واقع ہونے سے متعلق سوال

    یونیکوڈ   طلاق 2
  • "میں تم کو طلاق دیتا ہوں "بیوی کو غصہ میں تین دفعہ بول دینا

    یونیکوڈ   طلاق 2
  • بیوی کی غیر موجودگی میں, سسر کو تین بار کہہ دینا کہ" میں نے تیری بیٹی کو طلاق دیدی "

    یونیکوڈ   طلاق 1
  • ایک مجلس میں تین طلاق دینے کا حکم

    یونیکوڈ   طلاق 0
  • بیوی کو ڈرانے کے لیے الفاظ طلاق بولنا

    یونیکوڈ   طلاق 1
  • واٹس اپ کی ریکارڈنگ کے ذریعے طلاق

    یونیکوڈ   انگلش   طلاق 3
  • وقوع طلاق کے لیے گواہ شرط ہے؟

    یونیکوڈ   طلاق 0
  • بیوی کی غیر موجودگی میں اس کی طرف نسبت کئے بغیر طلاق کا حکم

    یونیکوڈ   طلاق 0
  • بیوی کو طلاق کا مسئلہ سمجھاتے ہوئے الفاظ طلاق کہنے کا حکم

    یونیکوڈ   طلاق 1
  • یونین کونسل کی جانب سے پہلی طلاق کا نوٹس بھیجے جانے سے مزید وقوعِ طلاق کا حکم

    یونیکوڈ   طلاق 0
  • موبائل پر طلاق دینے کا حکم

    یونیکوڈ   طلاق 2
  • لفظِ " فارغ "سے طلاق واقع ہونے کا حکم

    یونیکوڈ   طلاق 4
  • بیوی نے کہا کہ "مہر دو اور جانے دو" جواب میں شوہر کا "ٹھیک ہے " کہنے کا حکم

    یونیکوڈ   طلاق 0
  • "طلاق لو اور جاؤ" کہنے سے طلاق ہوگی یا نہیں؟

    یونیکوڈ   طلاق 0
Related Topics متعلقه موضوعات