میں اگر قرآن پاک صبح کو پڑھوں تو پھر میرے سر پہ بوجھ اور درد شروع ہو جاتا ہے، اس کے علاوہ پیسوں کا نقصان ہو جاتا ہے، اس طرح کوئی بھی وظیفہ کروں اس کے بعد پیسوں یعنی رقم کا نقصان ہوتا ہے،جو کچھ میرے پاس ہوتا ہے سب رات سے پہلے پہلے ختم ہو جاتا ہے،صرف میں 500 مرتبہ درود شریف پڑھ لیتا ہوں، اس سے زیادہ کوئی وظیفہ، نفل نماز، تسبیحِ فاطمہ استخارہ کا نفل سب سے سر میں درد اور پیسوں کا نقصان اور گھر میں لڑائی پڑ جاتی ہے، ان کو چھوڑ دوں تو پھر ٹھیک ہو جاتا ہے، آپ مجھے حکم فرمائیں میں کیا کروں؟
تلاوتِ قرآن یا دیگر اذکار سے نقصان کا ہونا، محض سائل کا وہم ہے، اس لئے سائل کو چاہیےکہ اپنے نظریہ سے توبہ کرے اور اللہ کی ذات پر یقین رکھے اور اگر واقعۃً اس قسم کے نقصانات ہوتے بھی ہوں، تب بھی اس کا وظائف اور قرآن کریم کی تلاوت وغیرہ اوراد سے جوڑنا بے ادبی پر مبنی ہے اور اس قسم کے توہمات سے احکامِ شرعیہ کا وجوب واستحباب بھی متاثر نہیں ہوتا، بلکہ ایسی صورت میں اسے چاہیئے کہ محض ایک رسم پوری کرنے کے بجائے, پوری توجہ و دھیان کے ساتھ احکامِ شرعیہ کی بجا آوری کی فکر کرے۔