السلام علیکم!حضرت میں کامرس کا اسٹوڈنٹ ہوں اور میں" ACCA" کر کے "CFA" کرنا چاہتا ہوں، لیکن میری مالی حالت مجھے اسکی اجازت نہیں دیتی، میں استخارہ کروانا چاہتا ہوں کہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکوں گا کہ نہیں؟ اگر نہیں تو کوئی وظیفہ بتائیں اس کو حاصل کرنے کیلئے ،اور اگر حاصل کر سکوں گا تو کب تک میرے حالات بہتر ہوں گے؟ مہربانی کر کے جواب ضرور دیں۔
واضح ہو کہ استخارہ کے ذریعہ کسی کام کا فیصلہ اس وقت کیا جاتا ہے، جب اس کام کے کرنے یا نہ کرنے میں تردد ہو یا اس کے مفید ہونے یا نہ ہونے میں وضاحت نہ ہو پا رہی ہو اور وہ امور اپنے ذمہ فرض یا حرام کے درجہ میں بھی نہ ہوں، تو ایسے امور میں استخارہ کے ذریعہ کسی ایک جانب کو ترجیح دیکر اپنے معاملہ کو اللہ تعالیٰ کے سپرد کیا جاتا ہے اور پھر تقدیر سمجھ کر اسے نبھانا پڑتا ہے اور اس کا بھی خود کرنا ہی بہتر اور موافقِ حکمِ شرعی ہے ۔
جبکہ وہ امور جن سے متعلق سائل استخارہ کروانا چاہتا ہے، ان کا تعلق محنت و جانفشانی سے ہے، اس لئے سائل کو اعلیٰ تعلیم اور ڈگری حاصل کرنے کیلئے دن رات کی محنت کو ایک کرنا چاہیے اور اس کے ساتھ ساتھ اپنے متعلق امورِ شرعیہ کو بھی پورا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، ان شاء اللہ وہ اپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہوگا۔