فرض نماز کے بعد اجتماعی دعا:
میں نے حنفی علماء سے سنا ہے کہ اجتماعی دعا جائز نہیں ہے، لیکن کبھی کبھی کی جا سکتی ہے۔ چونکہ میری مسجد کے امام باقاعدگی سے کرتے ہیں تو میرے لئے کیا حکم ہے؟
فرض نمازوں کے بعد امام و مقتدی یا منفرد کا دعا مانگنا احادیثِ طیبہ سے ثابت ہے، جو کہ سنتِ مستحبہ ہے ، پس امام و مقتدی اگر ایک ہی وقت میں اس سنت پر عمل کریں تو یہ اجتماعی دعا کی صورت بن جائیگی، جو شرعاً بھی جائز ہے، مگر افضل یہ ہے کہ
دعا آہستہ ہونی چاہیئے ، کیونکہ قرآن وسنت میں اس کی ترغیب دی گئی ہے ، اور اگر امام بآوازِ بلند دعا کرے اور مقتدی اس پر آمین کہے تو تعلیماً یہ بھی جائز ہے ، اور شرعاً اس میں کوئی قباحت نہیں ، کیونکہ فرائض کے بعد نفس دعا اور ہاتھ کا اٹھانا، آمین کہنا اور دعا کے ختم پر دونوں ہاتھوں کا چہرے پر پھیرنا احادیثِ مبارکہ سے ثابت ہے، البتہ مروّجہ اجتماعی دعا کہ امام و مقتدی سب مل کر ہی دعا کرتے ہیں ، ابتداء بھی ایک ساتھ ہوتی ہے اس طور پر کہ امام افتتاحیہ چند کلمات الحمد لله ”الی آخره“ وغیرہ اونچی آواز سے ادا کرتا ہے اور انتہاء بھی ایک ساتھ ہوتی ہے، جس کی بناء پر مقتدی امام کی دعا کا انتظار کرتے رہتے ہیں اور امام سے پہلے اپنی دعا ختم نہیں کر سکتے ، اگر پہلے ختم کریں تو لوگوں میں یہ عمل معیوب سمجھا جاتا ہے، جبکہ بعض مقامات پر تو امام کی جہری دعا کے جواب میں بآوازِ بلند ” آمین “ یا دوسرے جوابی کلمات نہ بولنے والے کو حقارت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے، اور بعض مقامات پر مقتدی کو اپنی نماز سے فارغ ہو کر امام کی دعا کے انتظار میں بیٹھنا پڑتا ہے، یہ سب ایسی باتیں ہیں جن کا شریعت سے کوئی تعلق نہیں ہے ، اور ” قرونِ ثلاثہ مشہو دلہا بالخیر“ میں اس کا کوئی ثبوت نہیں ملتا۔ اس لئے یہ طریقہ من گھڑت اور بدعت ہے، اس سے احتر از لازم ہے۔خلاصہ یہ ہے کہ امام اور مقتدی کا اجتماع ایک ضمنی چیز ہے، مقصود نہیں، لہٰذا اس کو اصل دعا سے بھی مزید بڑھانے کی کوشش کرنا اور ضروری سمجھنا درست نہیں، بلکہ امام کو بھی اختیار ہے کہ جتنی دیر چاہے دعا مانگے اور مقتدی کو بھی اختیار ہے، اس دعا میں کوئی ایک دوسرے کا تابع نہیں لہٰذا اگر مقتدی چاہے تو مختصر دعا مانگ کر چلا جائے، اور چاہے تو امام کے ساتھ دعا ختم کرے، اگر چاہے تو امام کی دعا سے زیادہ دیر تک دعا مانگتا رہے، ہر طرح جائز ہے، اور ان میں سے کسی طرح بھی کرلے تو فرائض کے بعد کی یہ سنتِ مستحبہ ادا ہو جائے گی ۔تاہم جن فرائض کے بعد سنت یا نوافل پڑھنا نبی کریم ﷺ سے منقول ہے ، ان میں فرائض سے فراغ ہو کر طویل دعا کرنے کے بجائے سنن اور نوافل میں مشغول ہوجانا بہتر ہے، البتہ جن فرائض کے بعد سنن اور نوافل پڑھنے کا ثبوت احادیثِ طیبہ سے نہیں ملتا ان فرائض کے بعد طویل دعا مانگنے اور دیگر ذکر و اذکار میں مصروف ہوجانے میں کوئی مضائقہ نہیں ۔
کما في الفتاوى الھندية: إذا دعا بالدعاء المأثور جھراً و معه القوم أيضا ليتعلموا الدعاء لا بأس به، وإذا تعلموا حينئذ يكون جھر القوم بدعة، كذا فی الوجيز للكردری. اھ ( ج: 5، ص: 318، ط: ماجدیۃ)۔
و فی بدائع الصنائع: اذا فرغ من الصلاۃ فلا تخلوا اما ان کانت صلاۃ لاتصلی بعدھا سنۃ او کانت صلاہ تصلی بعدھا سنۃ فان کانت صلاۃ لاتصلی بعدھا سنۃ کالفجر و العصر فان شاء الامام قام و ان شاء قعد فی مکانہ لیشتغل بالدعاء لانہ لا تطوع بعدھا (الی قولہ) (و ان) کانت صلاۃ بعدھا سنۃ یکرہ لہ المکث قاعداً و کراھۃ القعود مرویّۃ عن الصحابۃ رضی اللہ عنھم الخ۔(فصل فی بیان الاستحباب عقب الصلاۃ، ج: 1، ص: 160، ط: ایچ ایم سعید)۔