احکام حج

ڈائپرمیں ارکانِ حج و نماز ادا کرنا

فتوی نمبر :
62430
| تاریخ :
2023-02-20
عبادات / حج و عمرہ / احکام حج

ڈائپرمیں ارکانِ حج و نماز ادا کرنا

میں اپنے شوہر کے ساتھ ایمبولینس میں جو حج کرتے ہیں وہ کرنا چاہتی ہوں، میرے شوہر معذور ہیں، انکو کھانا بھی کھلانا ہوتا ہے ، واش روم بھی نہیں جا سکتے ان کو ڈائپر لگایا جاتا ہے ، پوچھنا یہ ہے کہ کیا ڈا ئپر لگا کے حج کے ارکان ادا کر سکتے ہیں اور کیا وہ نماز پڑھ سکتے ہیں؟ کیونکہ ہو سکتا ہے ڈائپر میں تھوڑا پیشاب وغیرہ پاس ہوجائے کیونکہ انکو بار بار واش روم لے کر جایا نہیں جاسکتا، بہت مشکل سے انکو نہلایا بھی جاتا ہے ، وہ فتویٰ لینا چاہتے ہیں،اس بارے میں آپ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب بتائیں۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ افعال حج میں طواف کے علاوہ دیگر ارکان کی ادائیگی کے لیے وضو شرط نہیں، بلکہ بغیروضو کے بھی وہ ارکان ادا کیے جاسکتے ہیں،جبکہ نماز اور طواف کے لیے وضو لازم اور ضروری ہے، لہذا سائلہ کا شوہر اگر شرعی معذور نہ ہو (یعنی اس کو پیشاب کے قطرے اس قدر تسلسل کے ساتھ نہ آتے ہوں کہ جسکی وجہ سے نماز کے پورے وقت میں اسے پاکی کےساتھ فقط فرض نماز پڑھنے کا وقت بھی میسر نہ ہو) بلکہ ہ قضاء حاجت کے بعد کچھ وقت کے لیےیا کبھی کبھار قطرے آتے ہوں ، تو ایسی صورت میں سائلہ کا شوہر شر عاً معذور شمار نہ ہو گا، بلکہ اس کو چاہیئے کہ نماز سے کچھ وقت پہلے قضاء حاجت سے فارغ ہو کر انتظار کرے اور جب قطر ے آنا بند ہو جائیں، تو اس کے بعد وضو کر کے نماز پڑھے اور اس صورت میں ناپاک ڈائپرکے ساتھ نماز پڑھنا درست نہ ہو گا، البتہ اگر اسے پیشاب کے قطرے اس قدر تسلسل کیسا تھ آتے ہوں کہ اس بیماری کے دوران کسی بھی نماز کے پورے وقت میں عذر کے تسلسل کیوجہ سے اسے اتنا وقت بھی نہ ملے ، جسمیں وہ کامل طہارت کے ساتھ وقتہ فرض نماز ادا کر سکے ، تو اس صورت میں وہ شرعاً معذور کے حکم میں داخل ہو جائےگا، اور تفصیل اس حکم کی یہ ہے کہ مثلا ادائیگی ظہر کے لیے وہ ظہر کے شروع وقت سے اخیر وقت تک انتظار کرے، اگر اسے اس دوران اتنا وقت نہ ملے کہ وہ کامل طہارت کے ساتھ نمازِ ظہر ادا کرسکے تو عصر کا وقت داخل ہونے سے قبل ظہر کے اخیر وقت میں وضو کر کے فقط فرض نمازِ ظہر ادا کرے، اس کے بعد نماز عصر کی ادائیگی کے لیے پور اوقت انتظار کرنے کی ضرورت نہیں، بلکہ جماعت سے پہلے وضو کر کے نماز عصر با جماعت ادا کرلے اس دوران اگر پیشاب کے قطرے نکلتے بھی رہیں ، تو اس سے وضو نہیں ٹوٹے گا، اسی طرح مغرب و عشار میں بھی وہ ایساہی کرے، کہ ہر نماز کے لیے الگ الگ وضو کر لیا کرے ، اس پورے وقت میں اگر اس کے علاوہ کوئی دوسرا ناقض وضورنہ پایا گیا، تو مذ کور عذر کے بار بار صادر ہونے سے اس کا وضو نہیں ٹوٹے گا۔ البتہ اس دوران اگر پورا وقت نماز کوئی ایسا گزر جائے کہ اس پورے وقت میں یہ عذر اسے ایک مرتبہ بھی لاحق نہ ہوا ہو تو شر عاًدہ معذور نہیں رہے گا، اس مسئلہ کو اچھی طرح سمجھ کر اس کے موافق عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ جبکہ پہلی صورت میں(یعنی اگر سائلہ کا شوہر شرعی معذور نہ ہو) تو سائلہ کے شوہر کے ذمہ طواف سے قبل بھی وضو کر کے پاکی کی حالت میں طواف کرنا لازم اور ضروری ہو گا اور اس صورت میں بہتر ہے کہ نا پاک ڈائیپر میں طواف نہ کیا جائے ، جبکہ دوسری (یعنی شرعی معذوری ) کیصورت میں ایک وضو سے نماز کی طرح طواف کی ادائیگی بھی کی جاسکتی ہے۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی غنیة الناسک : الخامس المشی فیه للقادر فلو طاف للزیارۃ (الی قوله) او العمرۃ راکبا او محمولا او زحفا بلا عذر فعلیہ الاعادۃ او الدم و ان کان بعذر لا شیئ علیہ اھ (178)۔
و فیه أیضاً: و صاحب العذر الدائم اذا طاف اربعۃ اشواط ثم خرج الوقت توضا و بنی ولا شیئ علیہ و کذا اذا طاف اقل منھا الا ان الاعادۃ حینئذ افضل اھ (127)۔
و فی بدائع الصنائع : ومن واجبات الطواف أن يطوف ماشيا لا راكبا إلا من عذر حتى لو طاف راكبا من غير عذر فعليه الإعادة ما دام بمكة، وإن عاد إلى أهله يلزمه الدم، وهذا عندنا وعند الشافعي: ليس بواجب فإذا طاف راكبا من غير عذر لا شيء عليه، واحتج بما روي «عن رسول الله - صلى الله عليه وسلم - أنه طاف راكبا» اھ (2 /130)۔
وفی الہندیة :و من به سلس البول أو استطلاق البطن أو انفلات الريح أو رعاف دائم أو جرح لا يرقأ يتوضئون لوقت كل صلاة ويصلون بذلك الوضو في الوقت ما شاءوا من الفرائض والنوافل هكذا في البحر الرائق. وإن توضأ على السيلان وصلى على الانقطاع وتم الانقطاع باستيعاب الوقت الثاني أعاد. كذا في شرح منية المصلي لإبراهيم الحلبي وكذا إذا انقطع في خلال الصلاة وتم الانقطاع. هكذا في المضمرات.ويبطل الوضو عند خروج وقت المفروضة بالحدث السابق. هكذا في الهداية وهو الصحيح اھ (1/41)۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه

فتوی نمبر 62430کی تصدیق کریں
0     584
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات