جہیز

طلاق کے بعد جہیز کے سامان کے متعلق تفصیلی حکم

فتوی نمبر :
71465
| تاریخ :
2024-03-05
معاملات / احکام نکاح / جہیز

طلاق کے بعد جہیز کے سامان کے متعلق تفصیلی حکم

کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک خاتون کو طلاق ہوگئی ہے، اور جدائی بھی ہوگئی ہے،لیکن یہ مسائل درپیش ہیں،
(1)ایک بچہ نو سال کا ہے،اس کا کیا حکم ہےکہ وہ ماں کے پاس رہےگا یا باپ کے پاس؟
(2) جو سامان وہ جہیز میں لائی ہے،اس میں سے کچھ چیزیں اس کے شوہر نے بیچ دی ہیں،اور کچھ سامان دونوں کے استعمال میں خراب ہوا ہے،لیکن لڑکی والوں کا مطالبہ ہے کہ سارا سامان واپس دیا جائے اس کا کیا حکم ہے؟
(3) نکاح نامہ میں شرط مکان لکھا اہوا ہے تو کیا یہ مکان بھی ان کو ملےگا؟
(4) لڑکی کو اس کے سسرال نے دو تولے زیور پہنایا تھا جو کہ حقِ مہر میں شامل نہیں تھا اور نہ ہی نکاح نامہ میں اس کا ذکر تھا،لڑکی نے وہ زیور اپنے شوہر کے علم میں لائے بغیر بیچ دیا ہے،تو کیا لڑکا اس زیور کی واپسی کا مطالبہ کرسکتا ہے؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

(1)مذکور بچے کی عمر چونکہ نو سال تک پہنچ چکی ہے،اس لیے والدہ کا حقِ پرورش ساقط ہوچکا ہے،چنانچہ اب مذکور بچہ بالغ اور سمجھدار ہونے تک والد کی پرورش اور نگرانی میں رہےگا۔
(2)جہیز کا سامان چونکہ لڑکی کی ملکیت ہوتا ہے،اس لیے اس میں سے شوہر نے جو سامان فروخت کیا ہے،یہ اگر لڑکی کی اجازت ورضامندی کے بغیر اس نے فروخت کیا ہوتو ایسی صورت میں اب اس کے ذمہ فروخت شدہ سامان کی قیمت اپنی مطلقہ بیوی کو دینا لازم ہوگا،البتہ اگر اس نے بیوی کی اجازت ورضامندی سے جہیز کا سامان فروخت کرکے حاصل شدہ رقم اپنے استعمال میں لائی ہو،اور اس کے متعلق بیوی نے قرض یا واپسی کی کوئی صراحت بھی نہ کی ہو،تو ایسی صورت میں اب بیوی کو فروخت شدہ سامان کی قیمت کے مطالبے کا حق حاصل نہ ہوگا۔
جبکہ جہیز کا سامان اگر بیوی کی اجازت ورضامندی سے گھر میں استعمال کی وجہ سے خراب ہوا ہوتو ایسی صورت میں بیوی کے اولیاء کے لیے شوہر سے نئے سامانِ جہیز یا اس کی قیمت کے مطالبے کا حق حاصل نہ ہوگا،بلکہ شوہر کے ذمہ اسی حالت اور کنڈیشن میں جہیز کا سامان مطلقہ بیوی کو واپس کرنا لازم ہوگا۔
(3)مذکور مکان اگر حقِ مہر کا حصہ نہ ہو اور ابھی تک شوہر نے مکان بیوی کے حوالے نہ کیا ہو تو ایسی صورت میں اب علیحدگی کی صورت میں شرعاً بیوی کو شوہر سے مکان کے مطالبے کا حق حاصل نہ ہوگا،البتہ اگر شوہر نے حسبِ وعدہ باقاعدہ مالکانہ طورپر مکان بیوی کے حوالے کیا ہو تو ایسی صورت میں یہ مکان بیوی کی ملکیت شمار ہوگا،اور اب علیحدگی کی صورت میں شوہر کو بیوی سے مکان واپسی کا مطالبہ کرنا درست نہ ہوگا۔
(4)لڑکی کے سسرال نے اگر دو تولہ سونا باقاعدہ مالکانہ قبضے کے ساتھ اپنی بہو کو دیدیا تھا،تو شرعاً وہ اس کی ملکیت بن چکا تھا،چنانچہ اس کے بعد لڑکی کے لیے اسے فروخت کردینا بھی جائز اور درست تھا،لہذا اب لڑکے یا اس کے والد کے لیے لڑکی سے دو تولہ سونے کی واپسی کا مطالبہ کرنا درست نہ ہوگا۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی مرقاۃ المفاتیح: (لایحل مال امرئ) ای مسلم أو ذمی (الا بطیب نفس) أی بأمر أو رضا (منہ) رواہ البیھقی فی شعب الایمان(ج6 ص135 کتاب البیوع ط: دار الکتب العلمیۃ)۔
وفیھا أیضاً: (حتی تؤدی) بصیغۃ الفاعل المؤنث والضمیر الی الید،أی حتی تؤدیہ الی مالکہ فیجب ردہ فی الغصب وان لم یطلبہ،وفی العاریۃ ان عین مدۃ ردہ اذا انقضت ولو لم یطلب مالکہ،وفی الودیعۃ لایلزم الا اذا طلب المالک ذکرہ ابن الملک وھو تفصیل حسن یوضح کلام المظھر یعنی من أخذ مال أحد بغصب أو عاریۃ أو ودیعۃ لزمہ ردہ الخ (ج6 ص137 کتاب البیوع باب الغصب والعاریۃ ط: دار الکتب العلمیۃ)۔
وفی الدر المختار: (والحاضنة) أما، أو غيرها (أحق به) أي بالغلام حتى يستغني عن النساء وقدر بسبع وبه يفتى لأنه الغالب. ولو اختلفا في سنه، فإن أكل وشرب ولبس واستنجى وحده دفع إليه ولو جبرا وإلا لا (والأم والجدة) لأم، أو لأب (أحق بها) بالصغيرة (حتى تحيض) أي تبلغ في ظاهر الرواية. ولو اختلفا في حيضها فالقول للأم بحر بحثا.
وأقول: ينبغي أن يحكم سنها ويعمل بالغالب. وعند مالك، حتى يحتلم الغلام، وتتزوج الصغيرة ويدخل بها الزوج عيني (وغيرهما أحق بها حتى تشتهى) وقدر بتسع وبه يفتى.(ج3 ص566 کتاب الطلاق باب الحضانۃ ط: سعید)۔
وفی رد المحتارتحت (قولہ فی النھرالخ) كل أحد يعلم الجهاز للمرأة إذا طلقها تأخذه كله، وإذا ماتت يورث عنها الخ (ج3 ص158 کتاب النکاح باب المھر ط: سعید)۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد ابراہیم اسماعیل عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 71465کی تصدیق کریں
0     1662
Related Fatawa متعلقه فتاوی
  • شادی کے موقع پر لڑکی کو دئیے گئے جہیز اور سونے کا حکم

    یونیکوڈ   جہیز 0
  • جہیز کا سامان اگر بیوی شوہر کو دیدے تو بعد میں اسے مطالبے کا حق حاصل ہوگا ؟

    یونیکوڈ   جہیز 0
  • لڑکی کوشادی پردی جانے والی ’’بری‘‘ کاحکم

    یونیکوڈ   جہیز 0
  • بیٹی کی فوتگی پر والدین کا جہیز واپس مانگنا

    یونیکوڈ   جہیز 0
  • طلاق کی صورت میں سامان جہیز کا حکم

    یونیکوڈ   جہیز 0
  • شادی کےموقع پر بیوی کو دیئے ہوئے زیورات واپس لئے جا سکتے ہیں ؟

    یونیکوڈ   جہیز 0
  • طلاق کے بعد جہیز کے سامان کے متعلق تفصیلی حکم

    یونیکوڈ   جہیز 0
  • ؑعلیحدگی کے بعد لڑکی کو والد کی طرف سے ملنےوالا جہیز کس کی ملکیت شمار ہوگا؟

    یونیکوڈ   انگلش   جہیز 0
  • جہیز کا سامان لڑکے والوں نے خرید کر دیا ہو تو اس کی ملکیت کا حکم

    یونیکوڈ   جہیز 1
  • شادی کے موقع پر لڑکی کو ملنے والا سونا کس کی ملکیت کہلائے گا؟

    یونیکوڈ   انگلش   جہیز 0
Related Topics متعلقه موضوعات