کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ کنسلٹنٹ(مشیر) گورنمنٹ سے رجسٹرڈ ایک کمپنی ہوتی ہے۔ جو مختلف شعبہ جات کو مفید مشورے فراہم کرتی ہےجس کے عوض ان کو معاوضہ ملتا ہے اس کی ضرورت تمام شعبہ میں ہوتی ہے، بندہ نے بھی ایک اسی طرح کی کمپنی بنائی ہے جوکہ کنسٹرکشن کی مشاورت و مفید مشورے کی کمپنی ہے۔ جس میں ہم مختلف اداروں سے کنسٹرکشن کے ٹھیکہ جات کے حصول کے لئے رابطہ کرتے ہیں۔ کچھ ادارے بغیر کچھ لئے ٹھیکہ جات فراہم کرتے ہیں۔ اور عموماً گورنمنٹ کے اداروں میں ایک طے شدہ فیصد کا رواج ہے وہ ٹھیکہ اسی وقت دیتے ہیں جب اپنی فیصد لیتے ہیں۔ اس کے بغیر کسی کو نہیں ملتا اگر کوئی فیصد کے حساب سے رقم دیتا ہےتو اس کو مل جاتا ہے۔ اور اگر ہم جیسا کوئی نہ دے تو نہیں ملتا،اپنے کلائنٹس کے اصرار پر ہمیں بھی فیصدمجبوراً آگے دیناپڑتی ہے۔ اور کلائنٹ انکی فیصد کو ملاکر ہمیں بھی اپنی فیس ادا کر دیتا ہے۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ یہ ٹھیکہ جات پر دی جانے والی رقم چونکہ گورنمنٹ کی طرف سے نہیں ہوتی بلکہ افسرانِ بالا ملی بھگت سے لے رہے ہوتے ہیں تو یہ نا جائز ہے۔ اگر نہ دیں تو کام نہیں ملتا اگر دیں تو گنہگار۔ ایسے میں کیا کوئی گنجائش کی صورت بنتی ہے؟کیونکہ اداروں کیساتھ ہم بطور مشیر رجسٹرڈ بھی ہوتے ہیں جسکی وجہ سے وہ ہم سے کم فیصد لیتے ہیں اور ہمیں زیادہ فیس مل جاتی ہے ہمارا کام ادارے کو فیصد ادا کرکے اپنے کلائنٹس کے کاغذات تیار کروا کر اسکے حوالے کرنا ہوتا ہے۔ اس ضمن میں ذرا تفصیل سے رہنمائی فرما دیجیئے ۔جزاکم اللہ فی الدنیا و الآخرۃ۔
صورتِ مسؤلہ میں سائل کا رابطہ کرنے والوں کو کنسٹرکشن کے حوالہ سے قانونی ودیگر پیچیدگیوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا اور ان کے لئے دستاویزات وغیرہ بنوانے کی سروس فراہم کرنا اور ان سروسز فراہمی کی طے شدہ فیس وصول کرنا بلاشبہ جائز ودرست ہے، البتہ کلائنٹس کو ٹھیکہ دلانے کے لئے افسران کو رشوت دینا یا ان کے درمیان واسطہ بن کر کردار ادا کرنا شرعاً جائز نہیں،جس سے احتراز لازم ہے۔
کما فی إعلاءا لسنن : عن أبی ھریرۃ رضی اللہ عنہ قال: قال رسول اللہﷺ لعنۃ اللہ علی الراشی والمرتشی (أقول) إعطاء الرشوۃ إن کان للظلم فھو متفق علی حرمتہ، و إن کان لدفع المظلم فھو مخلتف فیہ فقیل جائز و قیل لا و أما لأخذ فحرام مطلقا لأنہ لا یتصور فیہ الأخذ لدفع الظلم الخ (باب الرشوۃ ، ج 15 ، ص 57 ، ط: إدارۃ اقران و العلوم الإسلامیۃ)۔
و فی الھندیۃ : نوع منھا أن یھدی الرجل إلی الرجل مالاً بسبب أن ذالک الرجل قد خوّفہ لیھدی إلیہ مالاً لیدفع الخوف عن نفسہ أو یھدی إلی السلطان مالاً لیدفع ظلمہ عن نفسہ أو عن مالہ و ھذا نوع لا یحل الأخذ لأحد و إذا أخذ یدخل تحت الوعید المذکور فی ھذا الباب و حل یحل للمعطی الإعطاء عامۃ المشایخ علی أنہ یحل لأنہ یجعل مالہ وقایۃ لنفسہ أو یجعل بعض مالہ وقایۃ للباقی الخ ( فصل فی الرشوۃ ، 3 ، ص 331 ، ط: ماجدیۃ)۔
آفیسر کے ذمہ کاموں کے کرنے پر اس کی جانب سے دی گئی رشوت سے حاصل کردہ رقم لینا جائز ہے؟
یونیکوڈ رشوت 0