السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! میرا ایک شرعی مسئلہ ہے۔ میں نے ایک شخص کو 2020 میں کچھ رقم قرض دی تھی۔ اس وقت یہ طے ہوا تھا کہ کووڈ کے بعد جب حج دوبارہ کھل جائے گا تو وہ میرا قرض واپس کر دے گا، کیونکہ میں نے ان پیسوں سے اپنے والدین کو حج پر بھیجنا تھا۔ لیکن آج 2026 آ چکا ہے اور اس شخص نے میرا قرض واپس نہیں کیا۔ میں نے کئی مرتبہ تقاضا کیا، مگر وہ مسلسل ٹال مٹول کرتا رہا۔ حالانکہ وہ اس دوران کبھی نئی گاڑی خرید لیتا ہے اور کبھی نئی موٹر سائیکل، اور بظاہر اس کے پاس مالی استطاعت بھی موجود ہے، لیکن پھر بھی میرا قرض ادا نہیں کر رہا۔ دوسری طرف، میں انہی پیسوں کو اپنا قابلِ وصول قرض سمجھ کر ان پر زکوٰۃ بھی ادا کرتا رہا ہوں، اس امید پر کہ شاید کبھی واپس مل جائیں۔ میں اس معاملے میں بہت پریشان اور ذہنی دباؤ کا شکار ہو چکا ہوں۔ میرا سوال یہ ہے کہ اگر میں اس شخص سے یہ کہہ دوں: "اب میرا اور تمہارا معاملہ اللہ تعالیٰ کے حوالے ہے، مجھے تم سے یہ قرض نہیں چاہیے، اب میں یہ حق قیامت کے دن ہی لوں گا۔ میرا اور تمہارا معاملہ اللہ تعالیٰ کے حوالے ہے" تو کیا اس سے قرض معاف شمار ہو جائے گا؟ اور اگر بعد میں وہ شخص یہ رقم واپس دینے کی کوشش کرے، یا میرے انتقال کے بعد میری اولاد کو ادا کرنا چاہے، تو کیا قیامت کے دن میں اس سے اپنے حق کا مطالبہ کر سکوں گا یا نہیں؟ براہِ کرم قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی فرما دیں۔ جزاکم اللہ خیراً۔
واضح ہو کہ صاحبِ استطاعت مقروض کا قرض کی ادائیگی میں بلاعذر ٹال مٹول کرنا شرعاً ناجائز، گناہ اور ظلم ہے، لہٰذا صورتِ مسئولہ میں مذکور مقروض شخص کا قرض ادا کرنے کی استطاعت رکھنے کے باوجود قرض ادا نہ کرنا اور اس کی ادائیگی میں ٹال مٹول کرنا شرعاً ناجائز اور گناہ ہے،البتہ سائل کا مذکور جملہ" اب میرا اور تمہارا معاملہ اللہ تعالیٰ کے حوالے ہے،الخ “کہنے کی وجہ سے اس شخص کے ذمہ سے سائل کاقرض معاف نہیں ہوگا، بلکہ اس کے ذمہ بدستور واجب الادا رہے گا، اور ایسی صورت میں اگر مقروض قرض ادا کردے تو سائل کے لیے اسے وصول کرنا شرعاً جائز ہوگا، اور سائل کے انتقال کے بعد اگر وہ مذکور قرض ادا کردے تو وہ ترکہ میں شمار ہوکر ورثاء کے درمیان تقسیم کیا جائے گا، اور ایسی صورت میں سائل قیامت کے دن اس سے اپنے حق کا مطالبہ تو نہیں کرسکے گا۔البتہ اس کے استطاعت کے باوجودمطالبہ پرادانہ کرنے اورسائل کو ذہنی اذیت میں مبتلارکھنے پراس کاآخرت میں مؤاخذہ ہوسکتاہے،لہذااس پرفی الفورسائل کےقرض کی ادائیگی کااہتمام کرنالازم ہے۔
كما في مشكاة المصابيح: وعن عن أبي هريرة أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: " «مطل الغني ظلم، فإذا أتبع أحدكم على مليء فليتبع» ". متفق عليه (باب الإفلاس والانظار: الفصل الأول، ج: ٢، ص: ٨٧٨، ط: المكتب الاسلامى)
وفي مرقاة المفاتيح: (أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: مطل الغني) : أي: تأخيره أداء الدين من وقت إلى وقت (ظلم) : فإن المطل منع أداء ما استحق أداؤه وهو حرام من المتمكن، ولو كان غنيا ولكنه ليس متمكنا جاز له التأخير إلى الإمكان ذكره النووي اھ (باب الإفلاس والإنظار، ج: ٥، ص: ١٩٥٦، ط: دار الفكر)
وفي الدر المختار: (و) الدين الصحيح (هو ما لا يسقط إلا بالأداء أو الإبراء) الخ (كتاب الكفالة،ج : ٥، ص: ٣٠٢. ط: سعيد)
وفي درر الحكام في شرح مجلة الاحكام: والتأخير ليس بإسقاط فإن الدائن إذا قال لمديونه: تركت لك دينك كان إبراء له ولو قال: أخرت عنك لا يكون إبراء كذا في المحيط اھ (كتاب الوصايا، ج: ٢، ص: ٤٣١، ط: دار الجيل)
قرض کی مدت پوری ہونے پر, قرضخواہ کا مقروض کے کاروبار میں, خود کو شریک سمجھ کر نفع کا مطالبہ کرنا
یونیکوڈ قرض 0