گزارش یہ ہے کہ میرے والد فالج کے مریض ہیں، بستر پر ہیں، امی بھی بیمار ہیں، ہم چار بھائی، دو بہنیں ہیں۔ امی ابو نیچے رہتے ہیں ایک بھائی کے ساتھ جو کہ وکیل ہے، وہ روزانہ امی کے ساتھ بدتمیزی کرتا ہے اور اب تو مارنے بھی لگا ہے اور کل گھر سے نکال دیا ، کہ آپ کا تو کوئی حصہ ہی نہیں بنتا اور بڑی بہن جو اوپر ابو نے گھر بنا کر دیا ہوا ہے، وہاں رہتی ہے، وہ بیوہ ہے، اس کو بھی نکالنے کے چکر میں ہے۔ ابو ، امّی ، بھائیوں اور ماموں وغیرہ نے فیصلہ کیا ہے کہ گھر بیچ دو، روز روز کی لڑائی سے بہتر ہے۔ تو ہمیں اس گھر کی تقسیم کرنی ہے، ہمیں فتویٰ چاہیے کہ ابو، امی کا کیا حصہ ہے اور بہن بھائیوں کا؟ تاکہ ہم سب سکون کی زندگی گزار سکیں۔ ابو اشاروں سے بات کرتے ہیں، ہم بہت پریشان ہیں، امی اور بڑی بہن کے ساتھ بہت برا ہو رہا ہے، اب سب کی رضامندی سے گھر کا سودا کر رہے ہیں، بس تقسیم کے مسائل بتادیں۔ ہم بنوریہ گئے تھے،مفتی آثار احمد صاحب سے ملے تھے، انہوں نے کہا جب تک ابو زندہ ہے کچھ نہیں ہو سکتا اور اگر کرو گے تو سب کا حصہ برابر ہوگا اور ابو امی جو چاہیں گے رکھ سکتے ہیں۔ یہ سب کچھ آپ ہمیں تحریری جواب میں فتویٰ دے دیں۔
واضح ہوکہ ہرشخص مرض الوفات میں مبتلاہونے سے قبل اپنے تمام مال و جائیداد کا تنہامالک ہوتاہے، وہ جس طرح چاہے ،اس میں جائزتصرف کرسکتاہے، اس پر زندگی میں اپنی جائیداد اولاد کے درمیان تقسیم کرنا شرعاً لازم نہیں، اور نہ ہی اولاد، بیوی یا دیگر ورثاء میں سے کسی کو یہ حق حاصل ہےکہ وہ اس کو مال وجائیداد کےتقسیم پر مجبورکرے، تاہم اگرکوئی شخص اپنی زندگی میں ہی اپنا مال وجائیداد اولاد میں تقسیم کرناچاہتاہوتو شرعاً ایسا کرنے کی بھی گنجائش ہے،مگر یہ تقسیمِ ترکہ نہیں، بلکہ ہبہ اور گفٹ کہلائیگا اور ہبہ میں بہتر یہ ہے کہ تمام اولاد میں برابری کی جائے،جبکہ بلاوجہ اولاد میں سے کسی کو محروم کرنا شرعاً درست نہیں جس سے احتراز لازم ہے ، البتہ کسی بیٹے یا بیٹی کواس کی محتاجگی یاخدمت گزاری کی بنا پر دوسروں کی بنسبت کچھ زیادہ دینا چاہے تو دےسکتا ہے، لہٰذا صورت مسئولہ میں مذکور پورا مکان اگر والد کا ذاتی ہو، اس میں کسی بیٹے /بیٹی کی شراکت نہ ہو اور والد صاحب مذکور مکان سمیت دیگرمال وجائیداد بیچ کراپنی اولادکے درمیان تقسیم کرناچاہتے ہوں تو اولادکے درمیان جائیدادکی تقسیم کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ وہ اپنی اوربیوی کی بنیادی ضروریات اورعلاج معالجہ کے لیے ایک محتاط اندازے کے موافق جو کچھ رکھنا چاہے،وہ رکھ کر بقیہ مال و جائیداد اپنی اولاد (بیٹے،بیٹیوں)کے درمیان برابر حصوں میں تقسیم کرکے ہر فرد کو اس کے حصے پر باضابطہ مالکانہ قبضہ بھی دیدے،تاکہ یہ ہبہ شرعاً بھی تام اور درست ہوسکے ، پھر بہتر یہ ہے کہ اس ہبہ اور اعطاءمیں سب کو برابر اور یکساں رکھے کہ سب ہی اس کی اولاد ہے،کسی کو کم کسی کو زیادہ نہ دے، تاہم اگر سائل کے والد بعض اولادکودیگرکی بنسبت ان کی شرافت ودِین داری یا غریب ہونے کی بنا پر یا زیادہ خدمت گزار ہونے کی بنا ء پر کچھ زیادہ دینا چاہتے ہوں تو اس کا بھی انہیں اختیار ہے، مگر بلا وجہ شرعی کسی وارث کو اپنی جائیداد سے بالکلیہ محروم کر دینا شرعاً درست نہیں،جس سے اجتناب لازم ہے۔
کمافی الصحیح للامام مسلم رحمہ اللہ: عن النعمان بن بشير رضی اللہ عنہماقال:تصدق علي أبي ببعض ماله، فقالت أمي عمرة بنت رواحة: لا أرضى حتى تشهد رسول الله صلى الله عليه وسلم. فانطلق أبي إلى النبي صلى الله عليه وسلم ليشهده على صدقتي، فقال له رسول الله صلى الله عليه وسلم: (أفعلت هذابولدك كلهم؟) قال: لا. قال :(اتقوا الله واعدلوا في أولادكم). فرجع أبي، فرد تلك الصدقة.(باب كراهة تفضيل بعض الأولاد في الهبة، ج:2، ص:874،رقم الحدیث: 4180، مکتبۃ البشریٰ)۔
وفی شرح المجلۃللأتاسی: "كل يتصرف في ملكه كيف شاء۔۔" ۔(ج:4، ص: 132، رقم المادۃ: 1192،مکتبۃاسلامیۃ کوئٹۃ)۔
وفیہ ایضاً: "لایمنع أحدمن التصرف في ملكه ابداً الااذاکان ضررہ لغیرہ فاحشاً" ۔۔(ج:4، ص: 140، رقم المادۃ: 1197،مکتبۃاسلامیۃ کوئٹۃ)۔
وفی بدائع الصنائع: لأن الإرث إنما يجري في المتروك من ملك أو حق للمورث على ما قال «عليه الصلاة والسلام من ترك مالا أو حقا فهو لورثته» الخ (فصل في بيان صفات الحدود، ج: 7، ص: 57، مط: سعید کراچی)
وفی الدرالمختار:( وتتم)الهبة( بالقبض)الكامل(ولو الموهوب شاغلا لملك الواهب لا مشغولا به)والأصل أن الموهوب إن مشغولا بملك الواهب منع تمامها۔الخ(كتاب الهبة، ج:5، ص:690،مط:سعید)
وفی الفتاوى الهندية: ولو وهب رجل شيئا لأولاده في الصحة وأراد تفضيل البعض على البعض في ذلك لا رواية لهذا في الأصل عن أصحابنا، وروي عن أبي حنيفة - رحمه الله تعالى - أنه لا بأس به إذا كان التفضيل لزيادة فضل له في الدين، وإن كانا سواء يكره وروى المعلى عن أبي يوسف - رحمه الله تعالى - أنه لا بأس به إذا لم يقصد به الإضرار،الخ(الباب السادس فى الهبة للصغير، ج:4، ص: 391، مط: ماجدیۃ)۔
باپ سے الگ رہنے اور گھر کے اخراجات میں شریک نہ ہونے والے بیٹے کا ترکہ میں سے مطالبہ کرنا
یونیکوڈ احکام وراثت 1ترکہ کی تقسیم(مرحومہ کے بالواسطہ و بلا واسطہ ورثاء =1 حقیقی بیٹا 1 سوتیلا بیٹا 2 حقیقی بیٹیاں 2 دو سوتیلی بیٹیاں)
یونیکوڈ احکام وراثت 0کسی نے حصۂ میراث اپنی زندگی میں طلب نہ کیا ہو تو اس کے ورثاء کا اس کے حصے کا مطالبہ کرنا
یونیکوڈ احکام وراثت 2