السلام علیکم اگر مال وراثت تقسیم نہ ہوئے ڈیرھ سال گزر جائے تو تقسیم سے پہلے 1 سال کی زکوٰۃ نکالیں گے یا 2 سال کی؟ ؟ اسی طرح کچھ مال وراثت میں سونا زیورات کی شکل میں ہو جو کہ 21 کیرٹ ہوتا ہے اور کچھ 24 کیرٹ تو برابر کیسے تقسیم کریں گے یعنی 3 لوگ ہوں اور 3 تولے سونا ہو تو کسی کو 21 کیرٹ اور کسی کو 24 کیرٹ چلا جائے تو ٹھیک ہے جبکہ 21 کیرٹ کا ریٹ 12.5 % کم ہوتا ہے ؟ اسی طرح زکوٰۃ ادا کرتے وقت بھی 21 کیرٹ اور 24 کیرٹ کے حساب سے ہی ادا کریں گے یعنی 21 کیرٹ کی زکوٰۃ کم بنے گی۔
واضح ہوکہ وجوبِ زکوٰۃ کے لیے مال پر ملکیت کے ساتھ قبضہ بھی ضروری ہوتا ہے، جبکہ مالِ وراثت تقسیم سے پہلے اگرچہ ترکہ ورثاء کی ملکیت تو بن جاتا ہے، لیکن تقسیمِ ترکہ سے قبل وہ ورثاءکے حق میں دینِ ضعیف کے حکم میں ہوتا ہے، اور دینِ ضعیف پر قبضہ سے پہلے زکوٰۃ واجب نہیں ہوتی، اس لیے صورتِ مسئولہ میں تقسیمِ ترکہ سے قبل مالِ وراثت پر زکوٰۃ لازم نہیں ہوگی،نیز اگر مرحوم کے انتقال کے وقت صرف مذکورسونا موجود ہو، تو اس کی تقسیم کا طریقہ یہ ہے کہ یاتو پہلے سونے کی مارکیٹ ویلیو معلوم کرکے اسے مارکیٹ میں فروخت کردیا جائے، اور اس سے ملنے والی رقم بقدر حصص شرعیہ آپس میں تقسیم کر لیں، لیکن اگر ورثاء کے درمیان بعینہ سونا ہی تقسیم کرنا مقصودہو، تو جس وارث کے تقسیم کے وقت جتنا فیصدی حق بنتاہے، اس تناسب کو سامنے رکھتے ہوئے سونے کےوزن کے اعتبار سے آپس میں اسے تقسیم کرلیں، البتہ مختلف کیرٹ پر مشتمل سونے کا فرق برابر کرنے کے لئے یاتو ہر کیرٹ کو تمام ورثاء کے درمیان تقسیم کردیا جائے، یا قیمت کے اعتبار سے اس فرق کو ختم کردیا جائے، تاکہ کسی وارث کا حق تلفی نہ ہو، اور زکوۃ ادا کرتے وقت چونکہ قیمت فرخت کا اعتبار ہوتا ہے، اس لئے قیمت فروخت کی تعیین سے یہ فرق خود بخود ختم ہوجاتا ہے۔
كما في بدائع الصنائع: وأما الدين الضعيف فهو الذي وجب له بدلا عن شيء سواء وجب له بغير صنعه كالميراث، أو بصنعه كما لوصية، أو وجب بدلا عما ليس بمال كالمهر، وبدل الخلع، والصلح عن القصاص، وبدل الكتابة ولا زكاة فيه ما لم يقبض كله ويحول عليه الحول بعد القبض اھ (فصل الشرائط التي ترجع إلى المال، ج: ٢، ص: ١٠، ط: سعيد)
وفي درر الحكام: تقسيم حاصلات الأموال المشتركة في شركة الملك بين أصحابهم بنسبة حصصهم. فلذلك إذا شرط لأحد الشركاء حصة أكثر من حصته من لبن الحيوان المشترك أو نتاجه لا يصح) تقسم حاصلات الأموال المشتركة في شركة الملك بين أصحابها بنسبة حصصهم، يعني إذا كانت حصص الشريكين متساوية أي مشتركة مناصفة فتقسم بالتساوي وإذا لم تكن متساوية بأن يكون لأحدهما الثلث وللآخر الثلثان فتقسم الحاصلات على هذه النسبة؛ لأن نفقات هذه الأموال هي بنسبة حصصهما، انظر المادة (1308) وحاصلاتها أيضا يجب أن تكون على هذه النسبة؛ لأن الغنم بالغرم بموجب المادة اھ ((المادة 1073) تقسيم حاصلات الأموال المشتركة في شركة الملك، ج: ٣، ج: ٢٦، ط: دار الجيل)
وفی الهدایۃ: قال: "ويقسم العروض إذا كانت من صنف واحد" لأن عند اتحاد الجنس يتحد المقصود فيحصل التعديل في القسمة والتكميل في المنفعة (الى قوله) ويقسم كل مكيل وموزون كثير أو قليل والمعدود المتقارب وتبر الذهب والفضة والحديد والنحاس الخ (كتاب القسمة، ج: ٤، ص: ٣٢٨، ط: التراث)
باپ سے الگ رہنے اور گھر کے اخراجات میں شریک نہ ہونے والے بیٹے کا ترکہ میں سے مطالبہ کرنا
یونیکوڈ احکام وراثت 1ترکہ کی تقسیم(مرحومہ کے بالواسطہ و بلا واسطہ ورثاء =1 حقیقی بیٹا 1 سوتیلا بیٹا 2 حقیقی بیٹیاں 2 دو سوتیلی بیٹیاں)
یونیکوڈ احکام وراثت 0کسی نے حصۂ میراث اپنی زندگی میں طلب نہ کیا ہو تو اس کے ورثاء کا اس کے حصے کا مطالبہ کرنا
یونیکوڈ احکام وراثت 2