محترم مفتی صاحب دامت برکاتہم،السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!امید ہے کہ آپ خیریت سے ہوں گے،میں اپنے خاندان میں وراثت کے ایک معاملے کے بارے میں شرعی رہنمائی کا طالب ہوں، تاکہ اللہ تعالیٰ کے حکم اور شریعتِ اسلامیہ کے مطابق تمام ورثاء کے حقوق ادا کیے جا سکیں، ہمارے خاندان میں دادا کاانتقال2009ء میں ہوا، اور دادی کا انتقال 2010ء میں ہوا،جن کے ورثاء میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی حیات ہیں ،نیز ایک بیٹے کا انتقال ان کی زندگی میں ہی ہوگیاتھا،اس کے بعد پھوپھی کا انتقال 2011ء میں ہوا، یعنی والدین کے انتقال کے بعد۔
جن کے پسماندگان میں 2 بیٹے اور 6 بیٹیاں ہیں،شوہر کا انتقال بھی پہلے ہی ہو چکا تھا،وراثت میں ایک رہائشی مکان موجود ہے، جس کی موجودہ مالیت تقریباً دو کروڑ روپے ہے،میری پھوپھی اپنی زندگی میں متعدد مرتبہ میرےوالدصاحب اور خاندان کے دیگر افراد کے سامنے یہ کہتی تھی کہ"مجھے اپنے والدین کی جائیداد میں سے کچھ نہیں چاہئیے"اسی وجہ سے ان کے والدین کے انتقال کے بعد وراثت کی باقاعدہ تقسیم کی طرف کوئی توجہ نہیں گئی، کیونکہ والد صاحب یہی سمجھتے رہے کہ وہ اپنا حصہ لینا نہیں چاہتی،بعد ازاں 2011ء میں میری پھوپھی کا انتقال ہو گیا،ان کے انتقال کے کچھ عرصہ بعد ان کے ایک بیٹے نے والدصاحب سے مالی ضرورت کا اظہار کیا، اور کہا کہ اسے پیسوں کی ضرورت ہے، اس لیے ان کی والدہ کے حصے کے بارے میں کچھ کیا جائے، چونکہ اس وقت تک وراثت کی باقاعدہ شرعی تقسیم نہیں ہوئی تھی، اس لیے والد صاحب نے صرف ان کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی طرف سے کچھ رقم انہیں دے دی،اس وقت نہ تو وراثت کا کوئی باقاعدہ حساب کیا گیا تھا، اور نہ ہی اس ادائیگی کو شرعی تقسیم یا حتمی تصفیہ سمجھا گیا تھا، بلکہ یہ صرف ان کی فوری مالی ضرورت پوری کرنے کے لیے دی گئی تھی،بدقسمتی سے اس کے کچھ عرصہ بعد وہ بھانجا بھی بیماری کے باعث انتقال کر گیا، جس کی وجہ سے یہ معاملہ مزید آگے نہ بڑھ سکا ،اور وراثت کی تقسیم بھی مؤخر ہوتی رہی،اب کچھ عرصہ سے والدصاحب نے وراثت کے شرعی احکام کا مطالعہ کیا ہے، جس کے بعد والد صاحب کے دل میں یہ احساس پیدا ہوا ہے کہ وراثت کی تقسیم اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق ہونی چاہئیے، اور کسی بھی وارث کا حق باقی نہیں رہنا چاہیے، اسی نیت سے میں یہ معاملہ آپ کی خدمت میں پیش کر رہا ہوں۔
براہِ کرم مذکورہ تمام صورتِ حال کا قرآن و سنت اور فقہِ حنفی کی روشنی میں جائزہ لے کر شرعی رہنمائی عطا فرمائیں کہ اس وراثت کی تقسیم کس طریقے سے کی جائے، مرحومہ پھوپھی کے بار بار اپنے حصے سے دستبردار ہونے کے زبانی اظہار کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ اور میرے بھانجے کو ضرورت کے تحت دی گئی رقم کا اس معاملے میں کیا حکم ہوگا؟ تاکہ ہم تمام ورثاء کے حقوق اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق ادا کر سکیں، اگر اس مسئلے کے صحیح جواب کے لیے مزید کسی تفصیل کی ضرورت ہو تو براہِ کرم مطلع فرما دیں، میں تمام مطلوبہ معلومات فراہم کر دوں گا۔جزاکم اللہ خیراً کثیراً!والسلام
واضح ہوکہ والدین کی زندگی میں اگر کسی بیٹے /بیٹی کا انتقال ہوجائے،تو اس کی اولاد کا اپنے والدین کے توسط سے مرحوم دادا،دادی، نانا ،نانی کے ترکہ میں شرعاً کوئی حصہ نہیں ہوتا،اور نہ ہی وہ اس کا مطالبہ کرسکتے ہیں ،چنانچہ صورتِ مسؤلہ میں سائل کے مرحوم چچا کااپنے والدین یااس کی اولاد کا دادا دادی کے ترکہ میں شرعاً کوئی حصہ نہیں،جہاں تک مرحومہ پھوپھی کا اپنا شرعی حصہ نہ لینے کا تعلق ہے ،تو اس کی وجہ سے وہ اپنے شرعی حصہ سے محروم نہیں ہوئیں ، بلکہ بدستور وہ اپنے شرعی حصہ کی حقدار ہے،اور اس کا حصہ اس کے ورثاء میں تقسیم ہوگا،البتہ سائل کے والد صاحب نے اپنے مرحوم بھانجے کو بوقتِ ضرورت جو رقم دی تھی،اگر رقم دیتے وقت قرض کی یا وراثت سے منہا کرنے کی صراحت نہیں کی گئی تھی،تو یہ سائل کے والد صاحب کی طرف سے تبرع واحسان شمار ہوگی،لہذا اب وہ تقسیم ترکہ کے وقت اس رقم کو منہا نہیں کرسکتے۔
اس کے بعد واضح ہوکہ سائل کے دادا مرحوم اور دادی مرحومہ کا ترکہ اصولِ میراث کے مطابق اس کے موجودہ ورثاء کے درمیان اس طرح تقسیم ہوگاکہ مرحومین نے بوقتِ انتقال جوکچھ منقولہ وغیر منقولہ مال وجائیداد،سونا، چاندی،زیورات،نقد رقم اورہر قسم کاچھوٹا بڑا گھریلو سازوسامان اپنی ملکیت میں چھوڑا ہے ،اس میں سے سب سے پہلےمرحومین کے کفن دفن کے متوسط مصارف ادا کریں، اس کے بعد دیکھیں کہ اگر ان کے ذمہ کچھ قرض واجب الاداہوتو وہ ادا کریں،اس کے بعد دیکھیں کہ اگر انہوں نے کوئی جائز وصیت کی ہو تو بقیہ مال کے ایک تہائی(1/3)حصےکی حد تک اس پر عمل کریں،اس کے بعد جو کچھ بچ جائے،اس کے کل تیس(30)حصے بنائے جائیں ، جن میں سے مرحومین کے بیٹے کو بیس(20)حصے،مرحومین کے ہر نواسے کودو(2) حصے، جبکہ ہر نواسی کوایک(1)حصہ دیا جائے ،جیسا کہ ذیل کے نقشہ سے بھی واضح ہو رہا ہے ،مزید سہولت کے لئے فیصدی حصے بھی لکھ دیئے گئے ہیں ،ملاحظہ ہو۔
قال اللہ تعالیٰ : لِلرِّجَالِ نَصِيبٌ مِمَّا تَرَكَ الْوَالِدَانِ وَ الْأَقْرَبُونَ وَ لِلنِّسَاءِ نَصِيبٌ مِمَّا تَرَكَ الْوَالِدَانِ وَ الْأَقْرَبُونَ مِمَّا قَلَّ مِنْهُ أَوْ كَثُرَ نَصِيبًا مَفْرُوضًا (سورۃالنساء/آیت نمبر:7)-
وفی صحیح مسلم: عن سعيد بن زيد قال سمعت النبي صلى الله عليه و سلم يقول ( من أخذ شبرا من الأرض ظلما فإنه يطوقه يوم القيامة من سبع أرضين (باب تحریم الظلم وغصب الأرض وغیرہا ج:3/ص:1230،ط، : دار إحياء التراث العربي – بيروت)
و فی جامع الفصولین: لو قال وارث ترکت حقی لا یبطل حقہ اذ الملک لا یبطل باالترک و الحق یبطل بہ حتی إن احد الغانمین لو قال قبل القسمۃ ترکت حقی بطل حقہ الخ (الفصل الثانی و العشرون فی مسائل الترکۃ ج: 2 ، ص: 40، ط: اسلامی کتب خانۃ)۔
وفی الدر المختار:فصل في القرض (هو) لغة: ما تعطيه لتتقاضاه، وشرعا: ما تعطيه من مثلي لتتقاضاه، وهو أخصر من قوله: (عقد مخصوص) أي بلفظ القرض ونحوه، (يرد على دفع مال) بمنزلة الجنس ،(مثلي) خرج القيمي ،(لآخر ليرد مثله) خرج نحو وديعة وهبة اھ (فصل في القرض،جلد5/ص:161،ط، دار الفكر-بيروت)۔
وفی رد المحتار:(قوله خرج نحو وديعة وهبة) أي خرج وديعة وهبة ونحوهما، كعارية،وصدقة؛ لأنه يجب رد عين الوديعة والعارية، ولا يجب رد شيء في الهبة و الصدقة. اھ(فصل في القرض،جلد5/ص:161،ط، دار الفكر-بيروت)۔
وفی الشامیۃ:وشروطه ثلاثة: موت مورث حقيقةً أو حكمًا كمفقود أو تقديرًا كجنين فيه غرة، ووجود وارثه عند موته حيًّا حقيقةً أو تقديرًا كالحمل،والعلم بجهل إرثه اھ( كتاب الفرائض ج:6/ص: 756 ،ط:دار الفكر-بيروت)۔
وفی العقود الدرية في تنقيح الفتاوى الحامدية: المتبرع لا يرجع بما تبرع به على غيره ،كما لو قضى دين غيره بغير أمره اهـ (کتاب المداینات:جلد 2/ص: 226،ط، الناشر: دار المعرفة)۔
باپ سے الگ رہنے اور گھر کے اخراجات میں شریک نہ ہونے والے بیٹے کا ترکہ میں سے مطالبہ کرنا
یونیکوڈ احکام وراثت 1ترکہ کی تقسیم(مرحومہ کے بالواسطہ و بلا واسطہ ورثاء =1 حقیقی بیٹا 1 سوتیلا بیٹا 2 حقیقی بیٹیاں 2 دو سوتیلی بیٹیاں)
یونیکوڈ احکام وراثت 0کسی نے حصۂ میراث اپنی زندگی میں طلب نہ کیا ہو تو اس کے ورثاء کا اس کے حصے کا مطالبہ کرنا
یونیکوڈ احکام وراثت 2