کیا فرماتے ہیں مفتیان کرا م مندرجہ ذیل مسئلوں کے بارے میں کہ میرے آٹھ بیٹے اور دوبیٹیاں ہیں، میں چاہتا ہوں کہ میرے مرنے کے بعد میری اولا د میں جائیداد کی تقسیم پر کوئی ناچاقی اور اختلاف جھگڑا وغیرہ نہ ہو،چنانچہ اپنی حیات ہی میں جائیداد ان کے درمیان اس طرح تقسیم کرنا چاہتا ہوں کہ ہر بیٹے اور بیٹی کواپنا اپنا حصہ میرے مرنے کے بعدملے ،اور جب تک زندہ رہوں ،تو یہ ساری جائیداد میرے پاس ہی رہے،یعنی یہ تقسیم فقط کاغذات کی حد تک ہوگی، وفات تک عمل دخل اور تصرف میرا ہی رہیگا۔
(2):میرے آٹھ بیٹوں میں سے دو بیٹے فیضان اور جنید میرا بہت ہی زیادہ ہاتھ بٹاتے ہیں ،میں چونکہ دکاندار ہوں ،دکان میں بیٹھنا پڑتا ہے،یہ دونوں دکان کو وقت دیتے ہیں، جنید کے مقابلے میں فیضان بھی بہت ہی زیادہ صبح کو آتا ہے،رات دس بجے دکان بند کرکے جاتا ہے،کیا دوسروں کے مقابلے میں ان دونوں کو زیادہ دے سکتا ہوں؟
(3):اور میں نے اپنی بیوی کے زیورات وغیرہ فروخت کرکےایک پلاٹ نوشہرہ میں اور ایک پلاٹ اکوڑہ خٹک میں خریدا ہے،اب پوچھنا یہ ہے کہ کیا ان دونوں میں میرے باقی بیٹوں کا بھی حصہ ہوگا یا نہیں ؟ یعنی یہ بھی اس جائیداد کا حصہ ہوگا، جو میں اپنی اولاد کے درمیان تقسیم کرنا چاہتا ہوں ؟ ازراہ کرام قرآن وحدیث کی روشنی میں جواب دیکر ممنون ومشکور فرمائیں ۔
واضح ہوکہ ہرشخص اپنی صحت والی زندگی میں مرض الوفات میں مبتلاہونے سے قبل اپنی تمام مال و جائیداد کا تنہامالک ہوتاہے، وہ جس طرح چاہے ،اس میں جائزتصرف کرسکتاہے، اس پر زندگی میں اپنا مال جائیداداپنی اولاد کے درمیان تقسیم کرنا شرعاً لازم اور ضروری نہیں، اور نہ ہی اولاد میں سے کسی کو یہ حق حاصل ہےکہ وہ اس کو اس تقسیم پر مجبورکرے، تاہم اگرکوئی شخص اپنی زندگی میں ہی اپنا مال وجائیداد اولاد میں تقسیم کرناچاہتاہوتو شرعاً ایسا کرنے کی بھی گنجائش ہے،مگر یہ تقسیمِ ترکہ نہیں، بلکہ ہبہ اور گفٹ کہلائیگا، اور ہبہ کے صحیح ہونے کے لیے صرف کاغذات میں نام کردینا کافی نہیں ہوتا ، بلکہ ہر ایک کو اس کے حصے کا حقیقی مالکانہ قبضہ دینا بھی ضروری ہوتاہے، لہٰذا صورت مسئولہ میں اگر سائل اپنی زندگی میں مال وجائیداداولادکے درمیان تقسیم کرناچاہتاہوتو محض کاغذات کی حدتک مذکورتقسیم شرعاً مؤثر نہ ہوگی،بلکہ تقسیم کے بعداولادکواس پرقبضہ و تصرف کامکمل اختیاردیناضروری ہوگا،بصورت دیگر یہ جائیدادبدستورسائل کی ملکیت رہے گی ،جسےسائل کے انتقال کے بعدموجودورثاءمیں حسب حصص شرعی تقسیم کرنالازم ہوگا،لہذاسائل کے لیے اولادکے درمیان جائیدادکی تقسیم کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ وہ ایک محتاط اندازے کے موافق اپنی بقیہ زندگی کے لیے جو کچھ رکھنا چاہے،وہ رکھ لے ،اسی طرح اپنی بیوی کوجوکچھ دیناچاہے،وہ دیکر بقیہ مال و جائیداد اپنی اولاد (بیٹے،بیٹیوں)کے درمیان برابر حصوں میں تقسیم کرکے ہر فرد کو اس کے حصے پر باضابطہ مالکانہ قبضہ بھی دیدے،تاکہ یہ ہبہ شرعاً بھی تام اور درست ہوسکے ، پھر بہتر یہ ہے کہ اس ہبہ اور اعطاءمیں سب کو برابر اور یکساں رکھے کہ سب ہی اس کی اولاد ہے،کسی کو کم کسی کو زیادہ نہ دے،تاہم اگر سائل بعض اولاد(فیضان ،جنید)کودیگرکی بنسبت ان کی خدمت گزاری اوردوکان پرکام میں ہاتھ بٹانے کی بنا ء پر کچھ زیادہ دینا چاہتا ہو تو اس کا بھی اسے اختیار ہے، مگر بلا وجہ شرعی کسی وارث کو اپنی جائیداد سے بالکل محروم کرنا شرعاً درست نہیں،کیونکہ یہ گناہ کی بات ہے۔
جبکہ سائل نے بیوی کے زیورات فروخت کرکےان سے حاصل شدہ رقم سے نوشہرہ اور اکوڑہ خٹک میں جو پلاٹ خریدےہیں، اگر وہ پلاٹ سائل کی بیوی کی ملکیت ہوں (جیسا کہ بظاہر معلوم ہورہا ہے)توسائل کی بیوی ہی ان پلاٹوں کافیصلہ کرنے کی مجازہوگی ،سائل کے لئے بیوی کی اجازت اور رضامندی کے بغیر اس میں کسی بھی قسم کا تصرف کرنا شرعاًجائز نہیں ،بہر حال سائل کی ذاتی جائیداد میں اولاد کوتقسیم کامطالبہ کرنے کاچونکہ شرعاًحق حاصل نہیں ،اس لیے انہیں تقسیم جائیدادکے مطالبہ سے احترازچاہیے۔
کما فی مشکاۃ المصابیح:وعن النعمان بن بشير أن أباه أتى به إلى رسول الله صلى الله عليه وسلم فقال: إني نحلت ابني هذا غلاماً، فقال: «أكل ولدك نحلت مثله؟» قال: لا قال: «فأرجعه» و في روايةقال:«فاتقوا الله واعدلوا بين أولادكم»اھ (باب العطایا،ط:قدیمی1/261)۔
وفی رد المحتار"أقول: حاصل ما ذكره في الرسالة المذكورة أنه ورد في الحديث أنه صلى الله عليه وسلم قال: «سووا بين أولادكم في العطية ولو كنت مؤثرًا أحدًا لآثرت النساء على الرجال»، رواه سعيد في سننه وفي صحيح مسلم من حديث النعمان بن بشير: «اتقوا الله واعدلوا في أولادكم»، فالعدل من حقوق الأولاد في العطايا والوقف عطية فيسوي بين الذكر والأنثى، لأنهم فسروا العدل في الأولاد بالتسوية في العطايا حال الحياة. وفي الخانية : و لو وهب شيئًا لأولاده في الصحة، وأراد تفضيل البعض على البعض روي عن أبي حنيفة لا بأس به إذا كان التفضيل لزيادة فضل في الدين وإن كانوا سواء يكره، و روى المعلى عن أبي يوسف أنه لا بأس به إذا لم يقصد الإضرار وإلا سوى بينهم، وعليه الفتوى، و قال محمد : ويعطي للذكر ضعف الأنثى، وفي التتارخانية معزيًا إلى تتمة الفتاوى قال: ذكر في الاستحسان في كتاب الوقف :وينبغي للرجل أن يعدل بين أولاده في العطايا والعدل في ذلك التسوية بينهم في قول أبي يوسف وقد أخذ أبو يوسف حكم وجوب التسوية من الحديث، وتبعه أعيان المجتهدين، وأوجبوا التسوية بينهم وقالوا يكون آثما في التخصيص وفي التفضيل".اھ (4/444 الناشر: دار الفكر-بيروت)۔
و فی الھندیہ:واما شرائطھا:منھا ان یکون الموھوب مقبوضاحتی لا یثبت الملک للموھوب لہ قبل القبض،واما حکمھا فثبوت الملک للموھوب لہ اھ(4/347 الناشر: دار الفكر)۔
باپ سے الگ رہنے اور گھر کے اخراجات میں شریک نہ ہونے والے بیٹے کا ترکہ میں سے مطالبہ کرنا
یونیکوڈ احکام وراثت 1ترکہ کی تقسیم(مرحومہ کے بالواسطہ و بلا واسطہ ورثاء =1 حقیقی بیٹا 1 سوتیلا بیٹا 2 حقیقی بیٹیاں 2 دو سوتیلی بیٹیاں)
یونیکوڈ احکام وراثت 0کسی نے حصۂ میراث اپنی زندگی میں طلب نہ کیا ہو تو اس کے ورثاء کا اس کے حصے کا مطالبہ کرنا
یونیکوڈ احکام وراثت 2