،کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ہمارے محلے کی مسجد میں قرآنی مکتب ہے ،جس میں بچے اور بچیاں پڑھتی ہیں ان میں بالغ بچے اور بچیاں بھی ہیں ۔مسجد دو منزلہ ہے، پہلی منزل میں لڑکے پڑھتے ہیں، اور دوسری منزل میں لڑکیاں پڑھتی ہیں، آنے جانے کا راستہ سب کا ایک ہی ہے، اور اوپر چڑھنے اور اترنے کا راستہ سب ایک ہے، اور اوپر چڑھنے اور اترنے کی سیڑھی بھی ایک ہی ہے کیونکہ مسجد چھوٹی ہے اور پڑھائی کی ٹائمنگ ایک ہی ہے۔ نیز لڑکے اور لڑکیاں سب مسجد کی بیت الخلاؤں کو استعمال کرتی ہیں جو کہ ایک ہی جگہ پر ہیں ، یاد رہے کہ لڑکیوں کو باجیاں پڑھاتی ہیں اور لڑکوں کو قاری صاحب پڑھاتے ہیں ۔ اب پوچھنا یہ ہے کہ مذکورہ کیفیت کے ساتھ بچیوں کی تعلیم کو مسجد میں جاری رکھنا ہمارے لئے شرعاً درست ہے یا نہیں؟
سوال میں ذکر کردہ تفصیل کے مطابق جب اس مسجد میں پڑھنے والے بچوں اور بچیوں میں بالغ بھی ہیں، اور ان کی پڑھائی کے اوقات اور آمد و رفت کا راستہ بھی ایک ہے ۔تو ایسی صورت میں بچیوں کے پردے سے متعلق احکام شرعیہ کی پاسداری ممکن نہیں،اس لئے بالغ یا قریب البلوغ بچیوں کی پڑھائی کے لئے مسجد سے الگ کسی متبادل جگہ کا انتظام لازم ہے، تاکہ کسی بھی قسم کی بے پردگی اور فتنہ میں مبتلا ہونے سے حفاظت ہوسکے ۔
کمافی صحیح البخاری : حدثنا آدم قال: حدثنا شعبۃ، قال: حدثنی ابن الاصبھانی قال: سمعت ابا صالح ذکوان، یحدث عن ابی سعید الخدری قالت النساء للنبی، ﷺ ، غلبنا علیک الرجال ، فاجعل لنا یوماً من نفسک فوعدھن یوماً لقیھن فیہ، فوعظھن و أمرھن فکان فیما قال لھن : (( ما منکم امرأۃ تقدم ثلاثۃ من ولدھا إلا کان لھا حجابا من النار )) فقالت امرأہ و اثنتین ؟ فقال: (( واثنتین )) ( باب ھل یجعل للنساء یوم علی حدۃ فی العلم ؟ ، ج 1، ص 186، ط بشریٰ )۔
و فی حاشیۃ صحیح البخاری : ( غلبنا علیک الرجال ) استفادوا منا لملازمتھم لک و ضعفنا عن مزاحمتھم ( یوماً ) تعلمنا فیہ و تخصصنا بہ ( من نفسک ) من اختیارک أو من أوقات فراغک ( ج 1، ص 186، ط بشریٰ )۔
و فی البزازیۃ علی ھامش الھندیۃ : ولا یأذن بالخروج إلی مجلس الذی یجتمع فیہ الرجال والنساء و فیہ من المنکرات إلخ (الفصل الثامن عشر فی الحضر والإباحۃ، ج 4، ص 157، ط ماجدیۃ )