میں اپنے بقائم ہوش و حواس خمسہ بلااکراہ و اجبار غیر، بلا ترغیب دیگر، حلفاً خود اقرار کرتا ہوں اور تحریر کر دیتا ہوں کہ میری بیوی نے عدالت کے ذریعے خلع لے لی ہے اور ہمارا نکاح قانوناً اور شرعاً ختم ہو چکا ہے، اب ہمارے درمیان کسی بھی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے، خلع کے بعد اب ہمارے درمیان کسی بھی قسم کا کوئی لین دین نہیں ہے ۔شوہر کے اس تحریراً خلع کے اقرار کا کیا حکم ہے ؟
صورتِ مسئولہ میں اگر عورت نےواقعۃً عدالت سے خلع کی ڈگری حاصل کی ہو،خواہ شوہر یا اس کے وکیل نے اس پر رضامندی ظاہر کی ہو یا نہ کی ہو، بہر دوصورت شوہر کا مذکور اقرارمعتبر ہےاور عورت پر ایک طلاق بائن واقع ہو چکی ہے، چنانچہ عدت کے بعد عورت دوسری جگہ نکاح کرنے میں آزاد ہے۔
کما فی أحکام القرآن للجصاصؒ: فقال أصحابنا : ليس للحكمين أن يفرقا إلا أن يرضى الزوج(الی قولہ)فقال أصحابنا : ليس للحكمين أن يفرقا إلا برضى الزوجين ; لأن الحاكم لا يملك ذلك فكيف یملکہ الحکمان،الخ (باب الحکمین کیف یعملان، ج: 2، ص: 191، مط:سہیل اکیڈیمی لاھور باکستان)
وفی الفتاوی التاتارخانیۃ : فی المخلص والایضاح:الخلع عقد یفتقر الی الایجاب والقبول یثبت الفرقۃ ویستحق علیھا العوض،الخ ( الفصل السادس عشر فی الخلع ، ج: 5، ص: 5، مط: رشیدیۃ )
وفی الھدایۃ: "وإذا تشاق الزوجان وخافا أن لا يقيما حدود الله فلا بأس بأن تفتدي نفسها منه بمال يخلعها به " لقوله تعالى: {فَلا جُنَاحَ عَلَيْهِمَا فِيمَا افْتَدَتْ بِهِ} [البقرة: 229] " فإذا فعلا ذلك وقع بالخلع تطليقة بائنة ولزمها المال " لقوله عليه الصلاة والسلام: " الخلع تطليقة بائنة "، الخ (باب الخلع، ج: 2، ص: 261، مط: دار احياء التراث العربي، بيروت - لبنان)