گناہ و ناجائز

مدارس کے تقریری مقابلہ میں انٹری فیس لینے کا حکم

فتوی نمبر :
101341
| تاریخ :
2026-11-01
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / گناہ و ناجائز

مدارس کے تقریری مقابلہ میں انٹری فیس لینے کا حکم

باسمه تعالی، کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ : آج کل مدارس میں طلباء کے درمیان قراءت و دیگر دینی علوم پر مشتمل مقابلے ہوتے ہیں ، اس میں شرکت کا طریقہ یہ ہوتا ہے کہ جو شریک اس میں شرکت کرنا چاہتا ہے اولاً ہزار یاد و ہزار روپے شمولیت کے لئے دینے پڑتے ہیں جو رجسٹریشن فارم کے عوض لیے جاتے ہیں، پھر مقابلہ ہوتا ہے اور چند طلباء کو پوزیشن کا حق دار قرار دیا جاتا ہے، اور پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو جمع شدہ رقم، یعنی ہزار دو ہزار سے زیادہ رقم مثلاً بیس یا تیس ہزار وغیرہ دیا جاتا ہے۔ اسی طرح منصفین حضرات کو اس رقم سے دو ہزار سے لے کر دس ہزار تک روپے دیے جاتے ہیں، جبکہ ان کے آنے جانے کے پٹرول کا خرچہ ایک ہزار سے کم ہوتا ہے۔ باقی اس پروگرام میں جو باہر کے لوگ شریک ہوتے ہیں، ان پر بھی کافی خرچہ ہوتا ہے۔ یہ خرچہ مدارس والے مدرسہ کے فنڈ سے ادا کرتے ہیں۔ تو پوچھنا یہ ہے کہ : اول: مدارس کے فنڈ سے باہر کے لوگوں پر خرچ کرنا جائز ہے ؟ دوم : کیا سو روپے کا فارم دو ہزار روپے پر بیچنا جائز ہے ؟ کیا شریعت ہمیں یہی سکھاتی ہے ؟ اور ہم منبر و محراب سے لوگوں کو یہی بیان کرتے ہیں، بلکہ تعلیم دیتے ہیں کہ نفع کماؤ، لیکن نفع میں ظلم اور تعدی نہ کرو، بلکہ مناسب نفع کماؤ۔ تو کیا سوروپے کا فارم ہزار روپے پر بیچنا تعدی فی النفع نہیں ؟ سوم : کیا معاملات میں اعتبار مقاصد اور معانی کا نہیں ہوتا؟ جیسا کہ فقہائے کرام نے لکھا ہے۔ " العبرة في العقود للمقاصد والمعاني لا للالفاظ والمبانى" ومنها : ان الهبة اذا كانت بشرط العوض وكان احد العوضين عقارًا وتقابضا وجبت الشفعة في العقار للشفيع لان الهبة باعتبار شرط العوض بيع انتهاء . (شرح المجلة، ج : ۱۷، س: ۱۶، مکتبہ : حقانیہ ) پس اس قاعدہ کے تناظر میں عرض ہے کہ ہزار روپے اگر چہ بظاہر اس فارم کے لیے لیے جارہے ہیں مگر در حقیقت انہی طلبہ پر جو اس مسابقہ میں پوزیشن حاصل کرے، ان پر خرچ کیے جاتے ہیں ، یعنی ان جمع شدہ فارم کے پیسوں سے ان کو انعامات دیے جاتے ہیں جس پر جوئے کی تعریف صادق آتی ہے۔ فتاوی شامی میں ہے : ان القمار من القمر الذي يزداد تارة وينقص اخرى ويسمى القمار تمارًا : لان كل واحد من المقامرين ممن يجوز ان يذهب ماله الى صاحبه و يجوز ان يستفيد مأل صاحبه وهو حرام بالنص كتاب الحظر والاباحة ، باب الاستبراء، فصل في البيع ، ج ۹، ص: ۵۷) آپ حضرات سے درخواست ہے کہ اس مسئلے کے ہر پہلو کو نظر عمیق سے دیکھتے ہوئے دلائل کی روشنی میں حل فرمائیں، ایسا نہ ہو که مدارس جو کہ اللہ تعالی کی رحمتوں کی نزول کے مراکز ہیں، عذاب الہی کے نزول کا ذریعہ بن جائے !
 

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

صورتِ مسئولہ میں مذکورہ مسابقات میں طلباء سے انٹری فیس کے نام پر وصول کی جانے والی رقم اگر انتظامی امور اور مسابقے کے ضروری اخراجات کے عوض لی جاتی ہو، تو اس کی گنجائش ہے، خواہ فارم کی طباعت کی اصل قیمت اس سے کم ہو؛ کیونکہ وصول کی جانے والی رقم کوکاغذی فارم کی قیمت کے بجائےمجموعی انتظامی اخراجات کے عوض شمارکیاجاسکتاہے ،البتہ اگرمذکورانٹری فیس کی وصولی میں اسی رقم سےمسابقہ کے شرکاءکو انعام دینا مشروط یا معروف ہو (یعنی مقابلہ جیتنے والوں کو انعام نہ دینے کی صورت میں اعتراض کا حق حاصل ہو)،تو ایسی صورت میں داخلہ فارم کے نام پروصول کی جانے والی مذکوررقم شرعاً جوا(قمار) کے زمرے میں داخل ہوجائے گی،لہٰذااس صورت میں شرکاءِمسابقہ سے انٹری فیس کے نام پررقم وصول کرنا ناجائزاورحرام ہوگا، جس سےبہرصورت اجتناب لازم ہے۔اس لیے مقابلے منعقد کرنے والے اداروں پر لازم ہے کہ مسابقات میں کامیاب شرکاء کوانعام دینےکےلیےفیس وصول کرنےکےبجائے اپنی طرف سے یا تیسرے فریق/مخیر حضرات کی طرف سے انعامات کا انتظام کریں۔
جبکہ باہر سے آنے والے منصفین اور مہمانوں کےلئے مدرسہ کی طرف سے طعام ودیگر انتظامات پر اخراجات ادارے کے جائز تعلیمی و انتظامی مصالح کے تحت نفلی صدقات وعام عطیات سے بقدرضرورت ادا کیے جاسکتے ہیں؛ البتہ زکوٰۃ یا کسی خاص مصرف کے لیے دی گئی رقم کو اس کے مقررہ مصرف کے علاوہ خرچ کرنا جائز نہیں،جس سے اجتناب لازم ہے۔

مأخَذُ الفَتوی

لما في حاشية ابن عابدين :
«قوله لأنه يصير قمارا) لأن القمار من القمر الذي يزداد تارة وينقص أخرى، وسمي القمار قمارا لأن كل واحد من المقامرين ممن يجوز أن يذهب ماله إلى صاحبه، ويجوز أن يستفيد مال صاحبه وهو حرام بالنص،(كتاب الحظر والإباحة،فصل في البيع، ج:6،ص:403،ط:ايچ ايم سعيد)
ولما في تبيين الحقائق شرح كنز الدقائق:
«ولو قال واحد من الناس لجماعة من الفرسان أو للاثنين فمن سبق فله كذا من مال نفسه أو قال للرماة من أصاب الهدف فله كذا جاز لأنه من باب التنفيل.»(ج:6، ص: 228 ، ط: دار الكتاب الإسلامي)
ولما في بدائع الصنائع :
«وعلى هذا يخرج صرف الزكاة إلى وجوه البر من بناء المساجد، والرباطات والسقايات، وإصلاح القناطر، وتكفين الموتى ودفنهم أنه لا يجوز؛ لأنه لم يوجد التمليك أصلا.
وكذلك إذا اشترى بالزكاة طعاما فأطعم الفقراء غداء وعشاء ولم يدفع عين الطعام إليهم لا يجوز لعدم التمليك.»(فصل ركن الزكاة، كتاب الزكاة ، ج:2، ص: 39 ، ط: دار الكتب العلمية)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
عرفان اللہ حبیب عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 101341کی تصدیق کریں
0     3
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات