جناب میں نے سنا ہے کہ کرپٹو کرنسی میں فیوچر ٹریڈنگ حرام ہے، اسپاٹ ٹریڈنگ حرام نہیں ہے، اسپاٹ میں ہمارا سکوں پر قبضہ ہوتا ہے، اگر اسپاٹ ٹریڈنگ بھی حرام ہے تو میں نے اسپاٹ میں کچھ کوائن خریدے ہوئے ہیں، تو ابھی میں کیا کروں، مجھے طریقہ بتائیں کہ میں کیا کروں ان پیسوں کا؟ نکال لوں یا رہنے دوں؟
واضح ہو کہ (کرپٹو) کرنسی کا کوئی حسی وجود نہیں، بلکہ محض ڈیوائس میں موجودگی اور ضمان کی حد تک اس کو کرنسی خیال کیا جاتا ہے، جبکہ ملکی قانون میں اس کو مبادلہ اور خرید و فروخت کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، نیز بٹ کوائن اور کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کے نام پر دھوکہ دہی عام ہے، لہٰذا مذکور کرنسیوں میں سرمایہ کاری کرنے سے احتراز لازم ہے، تاہم اگر سائل نے اس میں سرمایہ کاری کرلی ہے تو سائل کو چاہئے کہ جو سرمایہ لگایا ہے، اس کو نکال لے اور جو رقم سرمائے پر بطورِ نفع اوپر ملے اس کو بغیر ثواب کی نیت کے صدقہ کردے۔ واللہ اعلم بالصواب