گناہ و ناجائز

منگنی ہونے کے بعد لڑکا لڑکی سے جنسی گفتگو کرنے پر اصرار کرتا ہو تو لڑکی کیا کرے؟

فتوی نمبر :
78789
| تاریخ :
2024-10-19
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / گناہ و ناجائز

منگنی ہونے کے بعد لڑکا لڑکی سے جنسی گفتگو کرنے پر اصرار کرتا ہو تو لڑکی کیا کرے؟

السلام علیکم!میری منگنی ہو چکی ہے لیکن نکاح نہیں ہوا لیکن میں پھر بھی اپنے منگیتر سے بات کرتی ہوں گھر والوں کی اجازت سےہی، کبھی کبھار وڈیو کال پربھی بات کر لیتی ہوں ، پہلے میں اس سے فون پر بھی بات نہیں کرتی تھی لیکن پھر لڑکے کے گھر والوں نے زور دیا اس بات پر اور میری امی کو بھی منا لیا تو میری امی اس لئے راضی ہو گئی کہ میرا پہلے بھی ایک بار رشتہ ٹوٹ چکا ہے اور یہ رشتہ کافی مشکل سے ملاہے۔میں لڑکے سے بات کرتی ہوں اور اسکو پسند بھی کرتی ہوں لیکن میرے ضمیر پر بہت بوجھ ہوتا ہے کیونکہ وہ مجھ سے کافی جنسی گفتگو کرتاہے ،جب میں منع کرتی ہوں تو بگھڑ جاتا ہے اور کہتا ہے کہ میرے دل میں کوئی اور ہے اس لیے مجھے اسکی باتیں بری لگتی ہے، تو مجھے مجبور اًاسکی باتیں سننی پڑتی ہیں لیکن اب اسکی ڈیمانڈز بڑھتی جا رہی ہیں ،وڈیو کال پر کبھی وہ کہتا ہے دوپٹہ اتار کر میرے سامنے بیٹھ جاؤ ،کبھی کہتا ہے اپنا پیٹ دکھاؤ اور کبھی کہتا ہے کپڑے اتار کر بیٹھ جاؤ ،لیکن میں یہ باتیں نہیں مانتی اور خوب لڑائی ہوتی ہے ہماری، وہ کہتا ہے میں اسکی بیوی ہو ں اگر وہ مجھ سے اپنی خواہشات پوری نہیں کریگا تو کس سے کریگا ؟اور یہ بھی کہتا ہے کہ جب میں اسکی بات نہیں مانوں گی تو جب تک وہ ناراض رہیگا میری کوئی دعا قبول نہیں ہوگی اور اللہ تعالیٰ بھی مجھ سے ناراض رہیگا، تو میں کہتی ہوں کہ ہمارا تو نکاح نہیں ہوا، تو وہ کہتا ہے منگنی ہونے کے بعد لڑکی بیوی بن جاتی ہے ،جبکہ مجھے پتہ ہے یہ بات غلط ہے، میں کیا کروں؟ پلیز رہنمائی فرمائیں۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ منگنی کی حیثیت شرعاً وعدۂ نکاح کی ہے ، یہ حقیقۃً نکاح نہیں ۔اس لئے منگنی کے بعد بھی لڑکا و لڑکی بدستور ایک دوسرے کیلئے اجنبی ہی رہتے ہیں ، ان دونوں کیلئے منگنی کے بعد بھی آپس میں ہنسی مزاح کرنا یا بے تکلفی اختیا ر کرنا شرعاً جائز نہیں ۔لہذا سائلہ اور اس کے منگیتر کا منگنی کی اس رسم میں اگر باقاعدہ نکاح نہ ہوا ہو تو یہ دونوں ایک دوسرے کیلئے نامحرم اور اجنبی ہیں ، اس لئے ان کے گھر والوں کا سائل سے اس کے منگیتر کے ساتھ بات چیت کرنے پر اصرار کرنا اور لڑکے کا مزید اسے اپنی جنسی خواہشات کی تکمیل کیلئے مجبور کرنا بلا شبہ ناجائز و حرام ہے ، جس کی وجہ سے وہ سخت گناہ گار ہو رہا ہے، جس پر اسے بصدقِ دل توبہ و استغفار کرتے ہوئے اپنے اس مطالبہ سے احتراز لازم ہے ۔ جبکہ سائلہ پر بھی اس کے ان ناجائز مطالبات میں ساتھ دینا جائز نہیں ،بلکہ گناہ کے ارتکاب کے ساتھ ساتھ بہت سارے مفاسد کا ذریعہ ہے ، اس لئے سائلہ کو اپنی والدہ سے مناسب طریقہ سے اس کا ذکر کرکے فوری طور پر اس غیر شرعی طرزِ گفتگو سے اجتناب لازم ہے ۔تاہم اگر سائلہ کو رابطہ ختم کرنے کی صورت میں رشتہ ٹوٹ جانے کا ا ندیشہ ہو اور لڑکا بھی اپنے مطالبہ سے باز نہ آرہا ہو تو ایسی صورت میں باقاعدہ نکاح کرکے اس رابطے کو جائز بنانے کی کوشش کرنی چاہیئے۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد عمر فاروق شیر عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 78789کی تصدیق کریں
0     17
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات