میری کمپنی میں پروویڈنٹ فنڈ جمع ہوا ہے اور وہ میری سیلری سے کٹوتی ہوئی ہے اور ایک حصہ کمپنی نے ملایا ہے۔مسئلہ یہ ہے کہ میں عمرہ پر جانے کے لیے یہ رقم نکلوانا چاہتا ہوں۔ تاہم، رقم نکلوانے کی اجازت صرف مخصوص مقاصد کے لیے ہے، جیسے کہ گھر کی مرمت یا زمین کا پلاٹ خریدنا۔ کیا میں ان منظور شدہ وجوہات میں سے کسی ایک کا حوالہ دے کر مثلاً یہ کہہ کر کہ میں گھر خرید رہا ہوں ، یہ رقم نکلوا سکتا ہوں، حالانکہ میرا اصل ارادہ عمرہ پر جانے کا ہے؟
صورتِ مسئولہ میں اگر کمپنی کے پروویڈنٹ فنڈ کی رقم نکلوانے کے لیے مخصوص مقاصد متعین ہوں تو محض عمرہ پر جانے کے لیے گھر خریدنے یا مرمت کروانے کا جھوٹا عذر پیش کرکے رقم نکلوانا جائز نہیں؛ کیونکہ اس میں خلافِ واقعہ بیان اور ادارے کی مقررہ شرائط کی خلاف ورزی پائی جاتی ہے،لہٰذا سائل کو چاہیے کہ اصل مقصد بیان کرکے رقم نکلوانے کی اجازت حاصل کرے، یا فنڈ کے قواعد کے مطابق کسی جائز طریقے سے رقم حاصل کرے۔
کما فی مَجمع الأنهُر في شرح ملتقَى الأبحُر : (والكذب حرام إلا في الحرب للخدعة وفي الصلح بين اثنين وفي إرضاء الأهل وفي دفع الظالم عن الظلم) الخ([فصل في المتفرقات] ج:، ص:552، مط: دار إحياء التراث العربي، بيروت)۔
وفی الاختيار لتعليل المختار : ولقوله عليه الصلاة والسلام: «المؤمنون عند شروطهم» الخ( [فصل في السبق والرمي] ج:4، ص:169، مط: دار الكتب العلمية – بيروت )۔