گناہ و ناجائز

جانور کا بچہ خرید کر کسی کو پالنے کے لیے دینا اور پھر اس سے حاصل ہونے والا نفع آپس میں تقسیم کرنا جائز ہے؟

فتوی نمبر :
93417
| تاریخ :
2026-03-22
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / گناہ و ناجائز

جانور کا بچہ خرید کر کسی کو پالنے کے لیے دینا اور پھر اس سے حاصل ہونے والا نفع آپس میں تقسیم کرنا جائز ہے؟

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس صورت مروّجہ کی بابت کہ یہ جائز ہے یا نہیں؟ اور اس سے حاصل ہونے والا منافع حلال ہے یا نہیں؟ اور ناجائز ہونے کی صورت میں جائز طریقہ کیا ہوگا اس مسئلے میں؟ صورت: ہمارے ہاں کوئی شخص ایک جانور کا بچہ(مثلاً بکرا، دنبہ یا بچھیا وغیرہ) خرید کر کسی بھی چرواہے کو اُس کی پرورش اور دیکھ بھال کے لیے دے دیتا ہے، جب تک کہ وہ جوان نہ ہو جائے، اس کے جوان ہونے تک کی تمام تر ذمہ داریاں مثلاً چارہ اور بیماری کی صورت میں دوا وغیرہ، غرض ہر قسم کی ضروریات رکھوالی کرنے والے چرواہے کے ذمے ہوتی ہیں، پھر جب وہ جوان ہو جاتا ہے تو وہ مالک کو وہ جانور واپس کرتا ہے، اور مالک اسکو بیچ کر، جو اس بچے کی بچپن میں قیمت خرید تھی، اسکو نکال کر بقیہ پیسوں کو طے شدہ تناسب کے مطابق چرواہے کے ساتھ بانٹ لیتا ہے، مثلاً: زید نے ایک بکری کہ بچہ دس ہزار روپے میں خریدا، اور اُس کو پال کر جوان کرنے کی غرض سے عمرو کے حوالے کر دیا، اور منافع کا تناسب دونوں کے درمیان نصف طے پایا، اب ڈیڑھ سال بعد جب وہ بالکل جوان ہو گیا تو عمرو نے اُس بکرے کو واپس زید کو دے دیا، اس ڈیڑھ سال کے درمیان میں تمام تر ہر قسم کا خرچ عمرو نے برداشت کیا۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

صورت مسئولہ میں زید کا عمر و کو جانور اس شرط پر دینا کہ وہ اس کی پرورش کرے ، اور فروخت کے بعد حاصل ہونے والے نفع میں دونوں کے درمیان برابر ہوگا شرعاً درست نہیں، کیونکہ جانور پالنے کے لیے دینا شرعا یہ اجرت کا معاملہ ہے اور اجرت کے صحیح ہونے کے لیے اس کا معلوم اور متعین ہونا ضروری ہے، جبکہ اس صورت میں جانور کی آئندہ قیمت اور حاصل ہونے والا نفع معلوم نہیں ہوتا، لہذا زید کے لیے اس کو ماہانہ یا سالانہ کوئی متعین اجرت پر دینا چاہیے تھا، بلکہ اس کا درست طریقہ بھی یہ ہے کہ جانور پالنے والے کے لیے ماہانہ، سالانہ یا کسی اور صورت میں متعین اجرت مقرر کی جائے، اگرچہ اس کی ادائیگی بعد میں کی جائے، البتہ اگر یہ معاملہ بغیر اجرت طے ہوچکا ہو تو پالنے والے(عمرو) کو اس کی خدمت کی اجرتِ مثل (مارکیٹ ریٹ کے مطابق مناسب اجرت) دی جائے گی، جبکہ جانور کی فروخت سے حاصل ہونے والا نفع مالکِ جانور کا حق ہوگا۔
واضح رہے کہ حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے ابتلاءِ شدید کی صورت میں سوال میں ذکر کردہ معاملہ میں جواز کی گنجائش کا قول اختیار کیا ہے، یعنی اگر کسی علاقے میں یہ طریقہ عام ہے تو عمومِ بلویٰ کی وجہ سے فقہِ حنبلی کے مطابق گنجائش ہوگی،لہذا اگر کسی علاقے میں ابتلاءِ عام کی صورت میں کسی نے یہ معاملہ کرلیا ہو تو اس کو ناجائز نہیں کہا جائے گا، البتہ ابتداءً ایسا معاملہ نہیں کیا جائے۔ (امداد الفتاوی۔3/342)۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد حمزہ منان عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 93417کی تصدیق کریں
0     56
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات