گناہ و ناجائز

سسرال والوں سے ہمیشہ کے لیے تعلق ترک کرنا جائز ہے؟

فتوی نمبر :
93511
| تاریخ :
2026-03-26
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / گناہ و ناجائز

سسرال والوں سے ہمیشہ کے لیے تعلق ترک کرنا جائز ہے؟

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ !میری شادی کو 6 سال گزر چکے ہیں اور الحمدللہ دو بچے ہیں، شادی کے شروع میں بیگم نےمیرے بات نہ کرنے پر بلیڈ سے کلائی کاٹ دی، آٹھ ٹانکے آئے، میں نے اور میری امی نے کچھ بھی نہیں کہا، اس کے کچھ عرصہ بعد میرے بات نہ کرنے پر بیگم نے کچن میں بہت سے برتن گرائے اور توڑ دیئے، میں نے اس کے ماں باپ کو بتا دیا، سب کچھ سن کر اس کے باپ نے جواب دیا کہ اگر تم رکھ سکتے ہو تو رکھ لو، اگر نہیں رکھ سکتے تو واپس بھیج دو، میں نے انہیں کوئی جواب نہیں دیا، میں اپنے بھائیوں سے علیحدہ ہو کر والدہ کو ساتھ لیکر رہنے لگا، میری کچھ ناراضگی پر بیگم نے بے ہوش ہونا شروع کر دیا، میں نے اسے کچھ بھی نہیں کہا اور نہ ہی اسے اٹھا کر دیکھا، وہ خود ہی بے ہوش ہوتی اور خود ہی ہوش میں آتی، میری بیوی نے مجھ پر شک کرنا شروع کردیا، میں نے اسے بہت سمجھایا، مگر وہ ہر طرح مجھے پریشان کرتی تھی، میں نے اسے سمجھانے کی غرض سے اپنے سسر کو فون کر کے کہا کہ آپ کی بیٹی میرے کردار پر شک کرتی ہے، لہٰذا آپ اسے کچھ دنوں کے لیے اپنے گھر لے جائیں، جب اسکا دماغ ٹھکانے آجائے تو واپس بھیج دیجئے گا، میرا سسر الٹا مجھے سمجھانے لگ گیا، یہ مجھے بہت ہی برا لگا، میں نے انہیں کہا کہ آپ مجھے کیوں سمجھا رہے ہیں؟ اپنی بیٹی کو سمجھائیں، اس پر میری ان سے تلخ کلامی ہو گئی، انہوں نے میری امی سے بات کی اور ان کو کہا کہ میں اپنی بیٹی کو اس کے ساتھ بسنے نہیں دونگا، اگر بسنے دیا تو میں فلاں کا بیٹا نہیں ہونگا، اور یہ کہ تم مجھے جانتی نہیں، میں فلاں کا بیٹا ہوں اور تم لوگ اپنے بچوں کو اپنے پاس رکھنا، میری بیٹی کے ساتھ نہ بھیجنا، اس کو تو اس کے ماموں نے رشتہ نہیں دیا، میں نے دیا، لڑکیاں شک کرتی ہیں شوہر پر، اور نہ جانے کیا کچھ شوہر کو کہتی ہیں، بہرحال انکا میری امی کو دھمکیاں دینا مجھے بہت برا لگا، میری امی کو نہ تو ان سے نہ ہی میری بیوی سے کبھی کوئی شکایت ہوئی، میری بیوی نے مجھ سے معافی مانگی کہ مجھے گھر سے نہ نکالیں، آئندہ میں محتاط رہوں گی، میں نے اس کی معافی قبول کرلی، لیکن میں نے اپنے سالے سے کہا کہ اپنے والد کو کہو کہ اس نے میری امی سے جس طرح بات کی ہے، وہ مجھے بالکل بھی قبول نہیں ، لہٰذا اس سے کہو اپنی بات پوری کرے اور اپنی بیٹی کو 24 گھنٹے کے اندر اندر لے جائے ، ورنہ میں اسے گھر سے نکال دونگا، یا ان باتوں پر ہم سے معافی مانگیں جو میری امی سے انہوں نے کی ہیں۔ میرے سسر نے میرے بڑے بھائی کو فون کیا، وہ آئے اور مجھ سے فون پر بات کی اور اپنے اس رویے پر معافی مانگ لی، جو میں نے قبول کر لی، میں اپنی بیگم کو نہ تو ان سے بات کرنے سے منع کرتا ہوں اور نہ ہی ان کے گھر جانے سے، مگر میرا دل بالکل بھی نہیں چاہتا کہ میں زندگی میں کبھی ان کے گھر جاؤں، میں اپنے بچوں کو بھی ننھیال جانے سے مانع نہیں، خود وہ بڑے ہو کر ان کے رویے دیکھ کر جو کرنا ہے کریں، اگر وہ اپنی بیٹی سے ملنے آئیں یا مجھے بیوی ان کی دہلیز تک لے جانا پڑے تو اس پر مجھے کوئی اعتراض نہیں، مگر میں کبھی بھی اپنے سسرال والوں سے کوئی تعلق نہیں رکھنا چاہتا، نہ ان کی غمی خوشی میں شریک ہونا چاہتا ہوں، کیا میرا یہ عمل درست ہو گا؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

صورتِ مسئولہ میں اگر سائل کے سسر نے اس کی والدہ کے ساتھ نامناسب طرزِ عمل پر معذرت کرلی ہو اور سائل نےبھی اس کی معافی قبول کرلی ہو، تو اس کے بعد دل میں کینہ باقی رکھنا اور ہمیشہ کے لیے تمام تعلقات ختم کرلینا شریعت کے مزاج کے مطابق نہیں، اسلام نے عفو و درگزر، صلہ رحمی اور باہمی اصلاح کی ترغیب دی ہے، خصوصاً جب فریقِ مقابل اپنی غلطی تسلیم کرکے معذرت کرچکا ہو،توایسی صورت میں بلاوجہ دائمی قطع تعلقی اختیار کرنا شرعاًدرست نہیں، تاہم سائل پرسسرال کے ساتھ معمول سے بڑھ کر میل جول رکھنا یا ہر خوشی و غمی میں ضرور شریک ہونابھی لازم وضروری نہیں ، بلکہ اگروہ ضرورت یا مصلحت کے مواقع تک محدود تعلق رکھناچاہے ،توشرعاًاس کی گنجائش ہے اورایساکرنا قطع تعلقی شمارنہ ہوگا۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد حمزہ منان عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 93511کی تصدیق کریں
0     18
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات