گناہ و ناجائز

ملازم سے بات طے کرکے ا س کے پیسے کم کرنا

فتوی نمبر :
95951
| تاریخ :
2026-06-02
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / گناہ و ناجائز

ملازم سے بات طے کرکے ا س کے پیسے کم کرنا

السلام علیکم مفتی صاحب!
میرا سوال یہ ہے کہ میرے اور میرے باس کے درمیان یہ طے پایا تھا کہ مجھے تنخواہ کے علاوہ کاروبار کے منافع میں 20 فیصد حصہ دیا جائے گا۔
لیکن کچھ دن بعد میرے باس نے آکر کہا کہ انہوں نے اس بارے میں دوبارہ غور کیا ہے، اور اب وہ چاہتے ہیں کہ میرے 20 فیصد حصے میں سے 5 فیصد ایک دوسرے ملازم کو دے دیے جائیں، جو ان کا رشتہ دار بھی ہے۔ اس طرح مجھے 15 فیصد اور اسے 5 فیصد دیا جائے۔ باس نے اس کی وجہ یہ بتائی کہ اس ملازم کی تنخواہ کم ہے اور وہ اس کی تنخواہ میں اضافہ نہیں کر سکتے، اس لیے اسے منافع میں 5 فیصد حصہ دیا جا رہا ہے۔
میں نے اس بات پر رضامندی ظاہر کر دی۔
کچھ ماہ بعد باس نے اسی ملازم کی تنخواہ میں اضافہ بھی کر دیا۔ اب میرا سوال یہ ہے کہ کیا باس کا اپنے پہلے وعدے اور طے شدہ معاملے سے پیچھے ہٹ جانا درست ہے؟ میرا مؤقف یہ تھا کہ جب اس ملازم کی تنخواہ بڑھا دی گئی تو وہ وجہ ختم ہو گئی جس کی بنا پر میرے حصے میں سے 5 فیصد اسے دیا گیا تھا، لہٰذا سابقہ معاہدہ برقرار رہنا چاہیے تھا اور میرا حصہ دوبارہ 20 فیصد ہو جانا چاہیے تھا۔
اس پر باس کہتے ہیں کہ مجھے خود ان سے اس بارے میں پوچھنا چاہیے تھا، اور یہ کہ انہوں نے اپنے ذہن میں یہ سمجھا تھا کہ 15 فیصد اور 5 فیصد والا نیا معاہدہ مستقل طور پر طے ہو چکا ہے، خواہ بعد میں اس ملازم کی تنخواہ بڑھا دی جائے۔
براہِ کرم رہنمائی فرمائیں کہ اس معاملے میں میرا مؤقف درست ہے یا باس کا؟ شرعی اعتبار سے اس صورتِ حال کا کیا حکم ہے؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

صورتِ مسئولہ میں چونکہ معاہدہ میں ترمیم سائل کی رضامندی سے کی گئی تھی جس کے مطابق سائل کے لیےمنافع میں 15 فیصد اوردوسرے ملازم کے لیے 5 فیصد مقرر کیاگیا، تو سائل کی رضامندی کے بعداب یہی نیا معاہدہ معتبر شمار ہوگا۔البتہ اگر اس وقت صراحتاً یہ شرط لگائی گئی تھی کہ دوسرے ملازم کو 5 فیصد حصہ صرف اس وقت تک دیا جائے گا جب تک اس کی تنخواہ میں اضافہ نہیں ہوتا، تو تنخواہ بڑھ جانے کے بعد سابقہ 20 فیصد والا معاہدہ بحال ہوجائے گا۔لیکن اگر ایسی کوئی شرط یا مدت طے نہیں کی گئی تھی، بلکہ سائل نے مطلقاً 15 فیصد پر رضامندی ظاہر کردی تھی، تو بعد میں دوسرے ملازم کی تنخواہ بڑھ جانے سے خود بخود سائل کا حصہ دوبارہ 20 فیصد نہیں ہوگا، بلکہ نیا معاہدہ (15 فیصد) ہی برقرار رہے گا، الا یہ کہ باس دوبارہ اس میں تبدیلی پر رضامند ہوں۔
لہٰذا سوال میں مذکور تفصیل کے مطابق، اگر 5 فیصد کی منتقلی کو تنخواہ میں اضافے کے ساتھ مشروط نہیں کیا گیا تھا، تو شرعاً باس کا مؤقف درست ہے اور موجودہ معاہدہ 15 فیصد ہی شمار ہوگا۔

مأخَذُ الفَتوی

كمافي سنن الترمذي» :عن عمرو بن عوف المزني ، عن أبيه ، عن جده أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: «الصلح جائز بين المسلمين، إلا صلحا حرم حلالا أو أحل حراما،» والمسلمون ‌على ‌شروطهم، إلا شرطا حرم حلالا أو أحل حراما۔هذا حديث حسن صحيح.(3/ 27)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد سعد جاوید عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 95951کی تصدیق کریں
0     4
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات