کاروباری معاملے کی مکمل وضاحت برائے شرعی رہنمائی
ایک شخص کا نام زید ہے جس کے پاس سرمایہ (رقم) موجود ہے، جبکہ دوسرے شخص کا نام بکر ہے جو کشتیوں کا کاروبار کرتا ہے اور اسے کشتیوں کے لیے ڈیزل کی ضرورت ہوتی رہتی ہے۔
بکر کا طریقہ کار یہ ہے کہ وہ سمندر میں چلنے والی کشتیوں کے لیے ڈیزل خریدتا ہے۔ ڈیزل کے ریٹ روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔ نقد خریداری کا ریٹ الگ ہوتا ہے اور ادھار خریداری کا ریٹ الگ ہوتا ہے۔
مثلاً ایک دن ڈیزل کا نقد ریٹ 32,000 روپے فی ڈرم ہے، جبکہ ادھار ریٹ 33,500 روپے فی ڈرم ہے۔
بکر کے پاس اس وقت نقد رقم موجود نہیں ہوتی، اس لیے وہ زید سے رابطہ کرتا ہے اور کہتا ہے کہ:
"آپ مجھے 30 لاکھ روپے دیں، میں آپ کی طرف سے ڈیزل خرید کر آپ کا مال آپ کو قبضے میں دلا دوں گا۔"
زید 30 لاکھ روپے فراہم کرتا ہے۔ بکر زید کی طرف سے تقریباً 93 ڈرم ڈیزل نقد ریٹ (32,000 روپے فی ڈرم) کے حساب سے خریدتا ہے۔
اس خریداری کے وقت کشتی میں موجود ایک شخص کو زید کی طرف سے وکیل بالقبضہ مقرر کیا جاتا ہے، تاکہ وہ زید کی طرف سے ڈیزل کا قبضہ حاصل کرے۔
اس کے بعد بکر زید سے خریدے ہوئے ڈیزل کو اپنے کاروباری استعمال کے لیے زید سے خرید لیتا ہے، یعنی زید کا مال اپنے لیے 45 سے 50 دن کی ادھار مدت پر خریدتا ہے۔
اس ادھار فروخت کی قیمت 33,500 روپے فی ڈرم مقرر ہوتی ہے۔
بکر زید کو 45 سے 50 دن بعد ادائیگی کے لیے چیک دے دیتا ہے۔
اس طرح زید کو اصل رقم (30 لاکھ روپے) کے علاوہ تقریباً 14 لاکھ روپے منافع حاصل ہوتا ہے۔
مزید وضاحت یہ ہے کہ بکر کا پورا کاروبار اس کے والد صاحب کے زیر انتظام ہے۔ بکر کو صرف کاروبار چلانے اور فیصلے کرنے کے اختیارات دیے گئے ہیں۔ بکر زید سے ڈیزل خرید کر اپنے والد صاحب کے کاروبار میں آگے استعمال کرتا ہے، یعنی ایک طرف وہ زید کی طرف سے خریداری کرتا ہے اور دوسری طرف اپنے کاروباری نظام میں اس مال کو استعمال کرتا ہے۔
سوال یہ ہے کہ کیا مذکورہ طریقہ کار شرعی اصولوں کے مطابق درست ہے یا نہیں؟
سوال ميں درج كرده تفصیل كے مطابق بکر كا زيد كے وكيل كي حيثىت سے ڈيزل كے ڈرم خريدنے كے بعد اگر زيد نے كشتي ميں موجود كسي شخص كو موبائل فون وغیرہ کے ذریعے ڈیزل کے ڈرموں پر قبضہ کرنے کا وکیل (بالقبض) مقرر کیا ہو اور وکیل نے خریدے ہوئے ڈرموں پر قبضہ بھی کرلیا ہو اور اس کے بعد زید نے نئے عقد کے ذریعے بکر کو ڈیزل کے ڈرم زیادہ قیمت پر ادھار فروخت کر کے منافع حاصل کیا ہو ، جبکہ ادھار معاملہ میں زید اور بکر کے درمیان قیمت کی ادائیگی کیلئے وقت بھی مقرر ہوا ہو تو ایسی صورت میں زید اور بکر کے درمیان ہونے والا یہ معاملہ شرعاً جائز ہوگا اور زید کیلئے اس معاملے سے حاصل شدہ نفع کا استعمال جائز اور درست ہوگا، تاہم اگر معاملے کی نوعیت مختلف ہو تو اس کی مکمل تفصیل لکھ کر دوبارہ ای میل کردیں، اس پر غور و فکر کے بعد ان شاء اللہ حکم شرعی سے آگاہ کردیا جائے گا۔
وفي الفتاوى الهندية: إذا تجانس القبضان بأن كانا قبض أمانة أو ضمان تناوبا وإن اختلفا ناب المضمون عن غيره لا غير كذا في الوجيز للكردري. ولو كان في يده عارية أو وديعة أو رهن لم يصر قابضا بمجرد العقد إلا أن يكون بحضرته أو يرجع إليه فيتمكن من القبض كذا في الحاوي. (3/ 23، ط: دار الفكر)
وفي الموسوعة الفقهية الكويتية: وقد نص الحنفية على أن من شروط صحة البيع معلومية الأجل في البيع المؤجل ثمنه، فإن كان مجهولا فهو فاسد.(15/ 39، ط: دارالسلاسل)
ایک شریک کا کمپنی سے قرض سے لیکر اس پر اسی کمپنی سے فلیٹ خریدکر شرکت ختم ہونے کے بعد باقی شرکاء کا اس فلیٹ کی موجودہ مارکیٹ ویلیو کے اعتبار سے قرض کی وصولی کا مطالبہ کرنا
یونیکوڈ شرکت و مضاربت 0جس کی آمدنی کا معلوم نہ ہو کہ حلال یا حرام, اس کے ساتھ کاروباری معاملات کرنا
یونیکوڈ شرکت و مضاربت 1شرکاء کا مشترکہ چیز , کسی ایک شریکِ کو حوالے کیے بغیر گفٹ کر کے اس کے نام کردینے کا حکم
یونیکوڈ شرکت و مضاربت 0سرمایہ دار کا، کاروبار کے اختتام پر سامان فروخت کرکے سرمایہ وصول کرنے کی شرط لگانا
یونیکوڈ شرکت و مضاربت 0کاروباری بندے کو رقم دی لیکن کوئی معاہدہ , شراکت یا مضاربت کی تصریح و تعیین نہ ہوئی
یونیکوڈ شرکت و مضاربت 0والد نے بیٹے کو زندگی میں کاروبار کے لیے جو رقم دی تھی وہ والد کے ترکے میں شامل ہوگی؟
یونیکوڈ شرکت و مضاربت 0