شرکت و مضاربت

مضارب کی طرف سے ہونے والی تعدی کا نقصان کون ادا کرے گا؟

فتوی نمبر :
98450
| تاریخ :
2026-08-15
معاملات / مالی معاوضات / شرکت و مضاربت

مضارب کی طرف سے ہونے والی تعدی کا نقصان کون ادا کرے گا؟

میرا ایک شرعی مسئلہ ہے۔ براہِ کرم فقہِ حنفی کی روشنی میں اس کا واضح حکم بیان فرمائیں۔
میں نے اپنے شوہر کے بھائی کو تقریباًدس ( 10) لاکھ روپے دیے تھے۔ یہ رقم میں نے اپنی سونے کی چیزیں فروخت کرکے حاصل کی تھی۔ میرا مقصد یہ تھا کہ اس رقم کو کاروبار میں لگا کر منافع جمع کرتی رہوں اور بعد میں اپنے گھر کے لیے زمین خرید سکوں۔
میرے سسرال والوں نے میری شادی کے وقت میرے گھر والوں سے یہ کہا تھا کہ ان کے پاس اپنی جگہ ہے اور وہ وہاں گھر بنائیں گے، لیکن شادی کے بعد معلوم ہوا کہ ایسی کوئی جگہ موجود نہیں تھی۔ اسی وجہ سے میں نے اپنے سونے کے پیسے فروخت کرکے یہ رقم جمع کی تاکہ مستقبل میں اپنے گھر کے لیے زمین خرید سکوں۔
میرے شوہر کے بھائی پہلے سے گاڑیوں کی خرید و فروخت (sale and purchase) کا کاروبار کرتے تھے، اس لیے میں نے انہیں یہ 10 لاکھ روپے اسی مقصد کے لیے دیے کہ وہ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے کاروبار میں میرے پیسے لگائیں۔
ہماری آپس میں یہ بات طے ہوئی تھی کہ جب میرے پیسوں سے گاڑی خرید کر فروخت کی جائے گی تو وہ اپنی طے شدہ کمیشن/حصہ رکھیں گے اور باقی حقیقی منافع مجھے دیں گے۔ میں اس منافع کو خرچ نہیں کرنا چاہتی تھی بلکہ جمع کرتی رہنا چاہتی تھی تاکہ میرے پاس مستقبل میں زمین خریدنے کے لیے رقم جمع ہو سکے۔
میں نے انہیں کبھی یہ اجازت نہیں دی تھی کہ وہ میرے 10 لاکھ روپے کسی دوسرے شخص کو دیں، کسی تیسرے شخص کے کاروبار میں لگائیں، یا گاڑیوں کی خرید و فروخت کے علاوہ کسی اور investment میں استعمال کریں۔
اس سلسلے میں کوئی باقاعدہ تحریری agreement نہیں ہوا تھا، لیکن ہماری زبانی طور پر یہی بات تھی کہ میرے پیسے گاڑیوں کی sale and purchase میں لگیں گے اور گاڑی فروخت ہونے کے بعد وہ اپنا commission رکھ کر باقی profit مجھے دیں گے۔
انہوں نے مجھے تقریباً تین مرتبہ منافع کی رقم دی۔ ایک مرتبہ 25,000 روپے، ایک مرتبہ 15,000 روپے اور ایک مرتبہ 25,000 روپے دیے گئے۔ ان میں سے تقریباً 23,000 روپے میں نے خود گاڑی کی setting وغیرہ کے لیے واپس دے دیے اور تقریباً 20,000 روپے بھی انہوں نے مجھ سے واپس لے لیے۔ اس لیے حقیقت میں مجھے اس investment سے کوئی منافع حاصل نہیں ہوا اور نہ ہی میرے اصل 10 لاکھ روپے واپس ملے۔
بعد میں مجھے معلوم ہوا کہ میرے شوہر کے بھائی نے میری اجازت یا رضامندی کے بغیر میرے 10 لاکھ روپے اپنے ایک دوست کو دے دیے تاکہ وہ انہیں کسی اور investment میں استعمال کرے۔ اس دوست کے بارے میں نہ مجھے پہلے بتایا گیا، نہ مجھ سے اجازت لی گئی، اور نہ ہی میرے علم میں یہ بات تھی کہ میرے پیسے گاڑیوں کے کاروبار کے علاوہ کہیں اور لگائے جا رہے ہیں۔
بعد میں جب وہ شخص میرے پیسے لے کر بھاگ گیا/رقم واپس نہیں کی، تب میرے شوہر کے بھائی نے مجھے بتایا کہ میرے پیسے اس شخص کے پاس تھے۔
اب میرے شوہر کے بھائی کا کہنا ہے:
“یہ business تھا، business میں profit اور loss ہوتا رہتا ہے، اس لیے میں تمہارے 10 لاکھ واپس کرنے کا ذمہ دار نہیں ہوں۔”
میں اس وقت ان سے کوئی منافع یا اضافی رقم نہیں مانگ رہی۔ میری صرف یہ درخواست ہے کہ میرے اصل 10 لاکھ روپے مجھے واپس کیے جائیں۔
براہِ کرم درج ذیل سوالات کے جوابات فقہِ حنفی کی روشنی میں واضح فرمائیں:
1. کیا میرے شوہر کے بھائی کا میری اجازت کے بغیر میرے 10 لاکھ روپے کسی دوسرے شخص کو دینا شرعاً درست تھا، جبکہ مجھے یہ رقم صرف گاڑیوں کی sale and purchase کے کاروبار کے لیے دی گئی تھی؟
2. کیا یہ معاملہ مضاربہ مقید (Restricted Mudarabah) کے حکم میں آئے گا، کیونکہ میں نے کاروبار کی نوعیت یعنی گاڑیوں کی خرید و فروخت طے کی تھی؟
3. اگر مضارب نے مالکِ مال کی اجازت کے بغیر سرمایہ کسی دوسرے شخص/دوسرے کاروبار میں لگا دیا اور اسی وجہ سے سرمایہ ضائع ہوگیا، تو کیا مضارب اس نقصان کا ذمہ دار ہوگا؟
4. کیا میرے شوہر کے بھائی کا صرف یہ کہنا کہ “business میں loss ہوتا ہے” اس صورت میں انہیں میرے اصل 10 لاکھ روپے واپس کرنے کی ذمہ داری سے بری کر دیتا ہے؟
5. اگر ان کا بغیر اجازت میرے پیسے کسی دوسرے شخص کو دینا شرعی طور پر غلط/تعدی یا negligence شمار ہوتا ہے، تو کیا ان پر میرے اصل 10 لاکھ روپے واپس کرنا لازم ہوگا؟
6. اگر پہلے کچھ حقیقی منافع حاصل ہوا تھا لیکن مجھے مکمل طور پر منافع نہیں دیا گیا، تو کیا اس کا بھی اس معاملے میں کوئی شرعی اثر ہوگا؟
7. براہِ کرم آخر میں واضح الفاظ میں یہ بھی بتا دیں کہ موجودہ صورت میں 10 لاکھ روپے کس کے ذمہ ہیں اور مجھے شرعاً کیا حق حاصل ہے۔
میں یہ مسئلہ خاندان میں جھگڑا پیدا کرنے کے لیے نہیں بلکہ شرعی طور پر اپنا حق معلوم کرنے اور معاملہ صحیح طریقے سے حل کرنے کے لیے پوچھ رہی ہوں۔
جزاکم اللہ خیراً۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

سوال میں ذکر کردہ صورت میں کمیشن کی نوعیت واضح نہیں کی گئی تاکہ اس کے مطابق متعین جواب دیا جاتا، تاہم اصولی طور پر اگر کمیشن متعین رقم کی صورت میں طے ہوا تھا تو فقہی اعتبار سے یہ معاملہ وکالت بالاستثمار (متعین اجرت کے عوض کسی شخص کے لیے سرمایہ کاری کرنا) کی صورت ہے اور اگر کمیشن قابل وصول نفع میں فیصد کی صورت میں طے کیا گیا تھا تو یہ عقدِ مضاربت ہے اور دونوں صورتوں میں یہ معاملہ بذات خود جائز ہے اور سائلہ کے دیور کی حیثیت وکیل یا مضارب کی ہے اور وکیل یا مضارب اگرچہ اصولی طور پر امین ہوتا ہے اور اس کے قبضے میں موجود سرمایہ اگر اس کی طرف سے تعدّی اور غفلت کے بغیر ضائع ہوجائے تو شرعاً وہ ضامن نہیں ہوتا، لیکن یہ اس وقت ہوتا ہے جب وہ ربّ المال (سرمایہ دار ) اور مؤکل کی ہدایات کی مخالفت نہ کرے، لیکن اگر سرمایہ دار نےمضارب یا وکیل کو کسی مخصوص کام میں سرمایہ کاری کرنے کا پابند بنایا ہو اور پھر وہ اس رقم کو سرمایہ دار کی اجازت کے بغیر کسی دوسرے کام میں لگادیں (یعنی سرمایہ دار کی ہدایات کی مخافت کرے) تو ایسی صورت میں وہ امین باقی نہیں رہتا، بلکہ غاصب اور ضامن ٹھہرتا ہے، لہذاسوال میں ذکر کردہ تفصیل اگر واقعتاً درست ہواس طور پر کہ سائلہ کے دیور نے بلا اجازت گاڑی کی خرید و فروخت کے بجائے رقم کسی اور شخص کو کاروبار کے لیے دی اور وہ رقم ضائع ہوگئی تو ایسی صورت میں شرعاً سائلہ کا دیور ضائع شدہ اصل رقم (دس لاکھ روپے) کا ضامن ہے، اب اس کے ذمہ سائلہ کو اس سے لی گئی رقم (دس لاکھ روپے) واپس کرنا لازم اور ضروری ہے، سائلہ کے دیور کا یہ کہہ کر یہ کاروبار ہے اور کاروبار میں نفع نقصان ہوتا ہے، اپنے آپ کو بری الذمہ قرار دینا درست نہیں، بلکہ اس کے ذمہ لازم ہے کہ وہ سائلہ کو اسکی رقم واپس کرکے مؤاخذہ دنیوی و اخروی سے سبکدوشی حاصل کرے، جبکہ منافع کی رقم کے بارے میں تفصیل یہ ہے کہ اگر اس کے اس عمل (یعنی پیسے کسی اور شخص کو دینے) سے قبل کاروبار میں منافع ہوا ہو اور پھر سائلہ کے دیور نے اصل رقم سمیت وہ منافع کی رقم بھی سائلہ کی اجازت کے بغیر کسی تیسرے شخص کو دی ہو تو ایسی صورت میں وہ اصل رقم سمیت اس قدر منافع کی رقم کا بھی ضامن ہوگا، بصورت دیگر وہ فقط اصل رقم کا ضامن ہوگا، سائلہ کیلئے اس سے منافع کی رقم کا مطالبہ کرنا درست نہ ہوگا۔

مأخَذُ الفَتوی

لما في الهندية: (وأما) (حكمها) فإنه أولا أمين وعند الشروع في العمل وكيل وإذا ربح فهو شريك وإذا فسدت فهو أجير وإذا خالف فهو غاصب وإن أذن بعده ولو شرط الربح لرب المال كان بضاعة ولو شرط كله للمضارب كان قرضا هكذا في الكافي. (288/4، ط: دار الفكر)
وفيه أيضا: الأصل أن ما يفعله المضارب ثلاثة أنواع نوع يملكه بمطلق المضاربة وهو ما يكون من باب المضاربة وتوابعها ومن جملته التوكيل بالبيع والشراء للحاجة والرهن والارتهان والإجارة والاستئجار والإيداع والإبضاع والمسافرة ونوع لا يملكه بمطلق العقد ويملكه إذا قيل له اعمل برأيك وهو ما يحتمل أن يلتحق به فيلحق به عند وجود الدلالة وذلك مثل دفع المال مضاربة أو شركة إلى غيره وخلط المضاربة بماله أو بمال غيره ونوع لا يملكه لا بمطلق العقد ولا بقوله اعمل برأيك إلا أن ينص عليه رب المال وهو الاستدانة وهو أن يشتري بالدراهم والدنانير بعد ما اشترى برأس المال السلعة وما أشبه ذلك وأخذ السفاتج وكذا إعطاؤها والعتق بمال وبغير مال والكتابة والإقراض والهبة والصدقة هكذا في الهداية. يجوز للمضارب أن يبيع بالنقد والنسيئة كذا في الكافي. (4/ 292، ط: دار الفكر)
وفي الدر المختار مع رد المحتار: ومتى عين الآمر شيئا تعين إلا في بعه بالنسيئة بألف فباع بالنقد بألف جاز بحر.
(قوله أو إلا بمحضر فلان إلخ)... وجملة الأمر أن كل ما قيد به الموكل إن مفيدا من كل وجه يلزم رعايته أكده بالنفي أو لا كبعه بخيار فباعه بدونه، نظيره الوديعة إن مفيدا ك " احفظ في هذه الدار " تتعين، وإن لم يقل لا تحفظ إلا في هذه الدار لتفاوت الحرز. (5/ 522، ط: دار الفكر)
وفي المعايير الشرعية:٢/١ الوكالة بالاستثمار هي إنابة الشخص غيره لتنمية ماله بأجرة أو بغير أجرة.
۱/۷يد الوكيل بالاستثمار يد أمانة؛ فلا يضمن إلا بالتعدي، أو التقصير، أو مخالفة شروط الوكالة وقيودها، ما لم تكن المخالفة إلى ما هو أفضل لمصلحة الموكل، مثل: البيع بأكثر من الثمن المحدد للبيع. وفي حالات الضمان المشار إليها يقتصر الضمان على أصل المبلغ المستثمر إذا حصلت خسارة، ولا يضمن الربح المتوقع، سواء استثمر المال فوراً، أم تأخر، أم لم يستثمر أصلاً. (ص: 889،891)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد الیاس آفریدی عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 98450کی تصدیق کریں
0     117
Related Fatawa متعلقه فتاوی
  • مشترکہ رقم سے ،کسی ایک شریک کا اپنے مہمان کو کھانا کھلانا

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 0
  • کاروبار میں شرکت کا صحیح طریقہ

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 7
  • مکان میں کسی کو شریک کرنے کا طریقہ کار

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 1
  • شریک کے لیے تنخواہ مقررکرنا

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 3
  • مضاربت کے مختلف مسائل

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 0
  • شریکین میں منافع کی تقسیم کا طریقہ

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 1
  • ایک شریک کا کمپنی سے قرض سے لیکر اس پر اسی کمپنی سے فلیٹ خریدکر شرکت ختم ہونے کے بعد باقی شرکاء کا اس فلیٹ کی موجودہ مارکیٹ ویلیو کے اعتبار سے قرض کی وصولی کا مطالبہ کرنا

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 0
  • معاضہ طے کئے بغیر کسی کے کاروبار میں محنت کرنے والے کا حصہ کا مطالبہ کرنا

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 0
  • میزان بینک ٹرم سرٹیفیکیٹ کا حکم

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 0
  • جس کی آمدنی کا معلوم نہ ہو کہ حلال یا حرام, اس کے ساتھ کاروباری معاملات کرنا

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 1
  • میزان ماہانہ مضاربہ منافع کا حکم

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 1
  • شرکاء کا مشترکہ چیز , کسی ایک شریکِ کو حوالے کیے بغیر گفٹ کر کے اس کے نام کردینے کا حکم

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 0
  • سرمایہ دار کا، کاروبار کے اختتام پر سامان فروخت کرکے سرمایہ وصول کرنے کی شرط لگانا

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 0
  • میزان بینک کے سیونگ اکاؤنٹ میں انویسٹمنٹ کرنا

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 0
  • کاروباری شرکت میں نقصان سے متعلق حکم

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 0
  • کاروباری بندے کو رقم دی لیکن کوئی معاہدہ , شراکت یا مضاربت کی تصریح و تعیین نہ ہوئی

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 0
  • میزان بینک میں انویسٹمنٹ کرنے کا حکم

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 0
  • کاروباری شرکت کے اصول

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 1
  • اسمارٹ نامی کمپنی میں انویسمنٹ کرنا

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 0
  • میزان بینک کے سیونگ اکاؤنٹ میں انویسمنٹ کرنے کا حکم

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 0
  • تکافل کمپنیوں کی پالیسی لینے کا حکم

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 0
  • تکافل لائف انشورنس کا حکم

    یونیکوڈ   انگلش   شرکت و مضاربت 0
  • وراثتی کاروبار سے کسی ایک وارث کی شرکت ختم کرنا

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 1
  • والد نے بیٹے کو زندگی میں کاروبار کے لیے جو رقم دی تھی وہ والد کے ترکے میں شامل ہوگی؟

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 0
  • عسکری لائف ونڈو تکافل کی شرعی حیثیت

    یونیکوڈ   شرکت و مضاربت 1
Related Topics متعلقه موضوعات