مفتی صاحب! السلام علیکم ! میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں پہلے بہت مستی خور تھا اور دنیا کی زندگی میں مست رہتا تھا، اس کے بعد اللہ تعالی کے فضل سے میرا چلہ پشاور کی طرف لگا، وہ چالیس دن میں میری کیفیت بہت عجیب ہوگئی تھی، میں بہت بدل گیا تھا، مجھے میری زندگی میں بہت سکون، اطمینان مل رہا تھا، فجر میں بھی میری آنکھ کھل جاتی تھی اور ایک بھی نماز نہیں چھوٹتی تھی۔
میرا مسئلہ یہ ہےکہ وہ ایمانی زندگی کے بعد میں نے داڑھی کی نیت بھی کرلی تھی ۔ سچ تو یہ ہے کہ مجھے اس کے بعد ایک لڑکی سے محبت ہوگئی ، وہ میری بلڈنگ میں ہی رہتی تھی، اس کی محبت کے لیے میں بہت تبدیل ہو گیا تھا ،پھر میں نے داڑھی بھی کٹوائی ، اب میری زندگی زندہ لاش کی طرح ہوگئی ہے ، مجھے زندگی میں بالکل بھی مزہ نہیں آتا ، ہر وقت تھکن، دماغ بالکل کام نہیں کرتا ۔ بہت پریشان رہتا ہوں ۔ اب آپ مجھے اس مسئلہ کا حل بتائیں کہ اب میں کیا کروں؟ میری زندگی سے سکون بالکل ختم ہو گیا ہے ۔
آپ کی پریشانی کا بہترین حل اس گندی دوستی اور غیر محرم عورتوں اور دیگر غیر شرعی امور سے اپنے روابط ختم کرنے پر موقوف ہے ، اور جو ابھی تک اس قسم کے کے گناہ سرزد ہوئے ہیں، ان پر ندامت کے ساتھ بصدق دل تو بہ و استغفار کریں اور آئندہ کے لئے ایسے ناجائز تمام امور سے مکمل احتراز بھی کریں تو ان شاء اللہ پھر سے تمام امور خیر کی توفیق بھی مل جائے گی ، اور دنیاوی امور میں دل بھی لگے گا۔