کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام صورت مسئولہ کےبارے میں
(1) عورت اگر میقات و تنعیم سے احرام باندھ کر اگر احرام کھول کر دوبارہ باندھے تو اس پر کیا دم واجب آئیگا یا نہیں ۔یا اس پر کفارہ ہے ۔
(2)اگر عورت وضو کرتے وقت احرام کھول کر مسح کرے تو اس کا کیا حل ہوگا ۔
(3)۔ اگر مرد نے میقات و تنعیم سے احرام باندھ عمرہ ادا کرنے سے پہلے ناپاکی کی وجہ سے احرام کھول کر دوباہ دوسرا احرام باندھا تو کیا حکم ہے۔
(4)ایک محرم یعنی احرام میں موجود معتمر دوسرے محرم کے سر کے بال قصر یا حلق کر سکتا ہے یا نہیں؟
(5) دم ادا کرنے کی بکرا ذبح کرنے کے علاوہ اور کون سی صورت ہے ۔
برائے مہربانی ان سوالوں کے جامع جواب ارسال کریں
سائل کا سوال پوری طرح واضح نہیں ہے ،تاہم خواتین حج و عمرہ کی ادائیگی سےقبل جو کیپ نُما مخصوص ٹوپی پہنتی ہیں، اگر وضو کرتے وقت یا عمرہ کے ارکان اداءکرنے سے قبل وہ اتار کر دوبارہ پہنے یا مرد احرام کی چادریں تبدیل کر دے تو ان تمام صورتوں میں احرام کھول کے دوبارہ باندھنے کی وجہ سے مرد و عورت پر شرعاً کچھ لازم نہ ہوگا ، اسی طرح حلق سے پہلے اگر تمام ارکان پورے ہو چکے ہوں فقط حلق کرنا باقی ہو، تو ایک محرم کے لیے دوسرےمحرم کا حلق یا قصر کرنا بھی شرعاً درست ہے، جبکہ دم کی ادائیگی میں بکرے کے علاوہ بکری، دنبہ یا گائے اور اونٹ کا ساتواں حصہ بھی قربان کیا جا سکتا ہے۔