کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ :
ہماری کمپنی پچھلے کئی سالوں سے ایوبی احرام کے نام سے کاٹن کے احرام بنا کر فروخت کررہی ہے جو سو فیصد کاٹن یارن سے بنے ہوئے ہیں ،سعودی عرب کے موجودہ موسمی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک نئی قسم کے یارن سے احرام بنانا شروع کئے ہیں،جس کی خاصیت یہ ہے کہ اس یارن سے بنے ہوئے احرام نہایت ملائم آرام دہ اور پسینہ جذب کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں ، اور فوری طور پر خشک کرنے کی بھی صلاحیت موجود ہے، جس کی وجہ سے یہ احرام زائرین کے لئے نہایت آرام دہ ہوگا ،لہذا آپ سے التجاء ہے کہ ہمیں شرعی طورپر رہنمائی فرمائی جائے کہ پولیسٹر مائیکرو فائیبر (سینتھیٹک یارن ) سے بنے ہوئے احرام حج و عمرہ پر جانے والے زائرین کے استعمال کے لئے جائز ہے یا نہیں؟ آپ کا تحریری فتویٰ رہنمائی کے لئے درکار ہوگا ۔
مرد کا احرام چونکہ دو چادروں پر مشتمل ہوتا ہے، خواہ وہ چادریں کاٹن کی ہوں یا اس کے علاہ کسی دوسرے کپڑے کی ،لہذا سوال میں مذکور کمپنی کا ایوبی احرام کے نام سے پولیسٹر مائیکرو فائیبر کے احرام بنا کر مارکیٹ میں فروخت کرنے اور حجاج کیلئے مذکور احرام کو استعمال کرنے میں شرعاً کوئی حرج نہیں ۔
کمافی الدرالمختار:(ولبس إزار) من السرة إلى الركبة (ورداء) على ظهره، ويسن أن يدخله تحت يمينه ويلقيه على كتفه الأيسر، فإن زرره أو خلله أو عقده أساء ولا دم عليه (جديدين أو غسيلين طاهرين) أبيضين ككفن الكفاية اھ (2 /481)